ایوب 21:1-34
21 اِس پر ایوب نے کہا:
2 ”میری باتوں کو دھیان سے سنواِس طرح تُم مجھے تسلی دو گے۔
3 پہلے صبر سے میری بات سُن لواور جب مَیں اپنی بات ختم کر لوں تو میرا مذاق اُڑا لینا۔
4 کیا مَیں کسی اِنسان کے سامنے اپنا دُکھڑا رو رہا ہوں؟
اگر ایسا ہوتا تو مَیں* اپنا صبر کھو چُکا ہوتا۔
5 مجھے دیکھو اور حیرت سے تکتے جاؤ؛اپنا ہاتھ اپنے مُنہ پر رکھ لو۔
6 جب مَیں اِن باتوں کے بارے میں سوچتا ہوں تو پریشان ہو جاتا ہوںاور میرا پورا جسم کانپ اُٹھتا ہے۔
7 بُرے لوگ کیوں زندہ رہتے ہیں؟وہ کیوں بوڑھے ہوتے اور امیر* ہو جاتے ہیں؟
8 اُن کے بچے ہمیشہ اُن کی آنکھوں کے سامنے رہتے ہیںاور وہ اپنی کئی نسلیں دیکھ پاتے ہیں۔
9 اُن کے گھر محفوظ ہوتے ہیں اور وہ خوف سے آزاد رہتے ہیںاور خدا اُنہیں اپنی چھڑی سے سزا نہیں دیتا۔
10 اُن کے بیل گائیوں کو حاملہ کرنے میں ناکام نہیں ہوتے؛اُن کی گائیں بچے دیتی ہیں اور اُن کے بچے ضائع نہیں ہوتے۔
11 اُن کے لڑکے بھیڑوں کے گلّے کی طرح باہر بھاگتے دوڑتے ہیںاور اُن کے بچے کُودتے پھاندتے ہیں۔
12 وہ دف اور بربط* کی دُھن پر گاتے ہیںاور بانسری* کی آواز سُن کر خوش ہوتے ہیں۔
13 اُن کی زندگی کے دن بڑے سکون سے گزرتے ہیںاور وہ بڑے آرام سے* قبر* میں چلے جاتے ہیں۔
14 لیکن وہ سچے خدا سے کہتے ہیں: ”ہمیں اکیلا چھوڑ دے!
ہمیں تیری راہوں کے بارے میں جاننے کا کوئی شوق نہیں۔
15 کون ہے لامحدود قدرت کا مالک کہ ہم اُس کی خدمت کریں؟
ہمیں اُس کے بارے میں جان کر کیا ملے گا؟“
16 مگر مجھے معلوم ہے کہ اُن کی خوشحالی اُن کے اِختیار میں نہیں ہے؛
بُرے شخص کی سوچ* کا مجھ سے دُور دُور تک کوئی تعلق نہیں ہے۔
17 کیا کبھی بُرے لوگوں کے چراغ بجھتے ہیں؟
کیا کبھی اُن پر آفت آتی ہے؟
کیا کبھی خدا غصے میں آ کر اُنہیں تباہ کرتا ہے؟
18 کیا کبھی ہوا نے اُنہیں گھاسپھوس کی طرح اُڑایا ہےاور کیا کبھی آندھی اُنہیں بھوسے کی طرح ساتھ لے گئی ہے؟
19 خدا بُرے شخص کی غلطی کی سزا اُس کے بیٹوں کو دیتا ہے۔
لیکن کاش کہ وہ اُسے بھی سزا دے تاکہ اُسے اپنی غلطی کا احساس ہو!
20 کاش کہ وہ اپنی آنکھوں سے اپنی بربادی دیکھےاور کاش کہ وہ لامحدود قدرت کے مالک کے غضب کے پیالے میں سے پیے!
21 اگر اُس کی زندگی کے مہینے کم کر دیے جائیںتو اُسے اِس بات کی فکر نہیں ہوگی کہ اُس کے بعد اُس کے گھر والوں کا کیا ہوگا۔
22 کیا کوئی خدا کو علم* سکھا سکتا ہےجبکہ وہ تو اُن کا بھی اِنصاف کرتا ہے جو اعلیٰ مرتبہ رکھتے ہیں؟
23 ایک شخص تو مرتے وقت خوب توانا ہوتا ہے؛وہ بےفکری اور آرام کی زندگی گزار رہا ہوتا ہے؛
24 اُس کی رانیں چربی سے بھری ہوتی ہیںاور اُس کی ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں*
25 جبکہ دوسرا شخص شدید پریشانی کی حالت میں* مرتا ہےاور اُس نے کبھی کسی اچھی چیز کا مزہ نہیں لیا ہوتا۔
26 وہ دونوں خاک میں مل جاتے ہیںاور اُن دونوں کو کیڑے کھا جاتے ہیں۔
27 دیکھو مَیں اچھی طرح جانتا ہوں کہ تُم کیا سوچ رہے ہواور مجھے نقصان پہنچانے* کے لیے کون سی سازشیں گھڑ رہے ہو۔
28 کیونکہ تُم کہتے ہو: ”بڑے آدمی کا گھر کہاں ہےاور وہ خیمہ کہاں ہے جس میں بُرا شخص رہتا تھا؟“
29 کیا تُم نے مسافروں سے نہیں پوچھا؟
کیا تُم نے اُن کی باتوں* پر غور نہیں کِیا
30 کہ مصیبت کے دن بُرے شخص کو نقصان نہیں پہنچتااور غضب کے دن اُسے بچا لیا جاتا ہے؟
31 کون اُس کے مُنہ پر کہے گا کہ وہ غلط راہ پر چل رہا ہےاور کون اُسے اُس کے کیے کا بدلہ دے گا؟
32 جب اُسے قبرستان لے جایا جاتا ہےتو اُس کی قبر پر پہرا بٹھایا جاتا ہے۔
33 وہ وادی کی مٹی میں سکون سے پڑا رہتا ہے*اور اُس کے بعد سب اِنسان وہاں جاتے ہیں*جیسے اُس سے پہلے بےشمار اِنسان گئے تھے۔
34 پھر تُم کیوں مجھے فضول قسم کی تسلی دے رہے ہو؟
تمہاری باتوں میں فریب کے سوا کچھ نہیں!“
فٹ نوٹس
^ لفظی ترجمہ: ”میری روح“
^ یا ”طاقتور“
^ ایک قسم کا تاردار ساز
^ یا ”باجے“
^ یا ”پَل بھر میں۔“ یعنی جلدی اور بغیر تکلیف اُٹھائے
^ عبرانی لفظ: ”شیول۔“ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ یا ”اِرادے؛ چال“
^ یا ”کچھ“
^ لفظی ترجمہ: ”اُس کی ہڈیوں کا گودا تر ہوتا ہے“
^ لفظی ترجمہ: ”تلخجان کے ساتھ“
^ یا شاید ”مجھ پر تشدد کرنے“
^ لفظی ترجمہ: ”نشانیوں“
^ لفظی ترجمہ: ”اُسے وادی کی مٹی کے ڈھیلے میٹھے لگتے ہیں“
^ لفظی ترجمہ: ”اور وہ سب اِنسانوں کو گھسیٹ کر اپنے پیچھے لے جاتا ہے“