یسعیاہ 27:1-13
27 اُس دن یہوواہ اپنی خطرناک، بڑی اور مضبوط تلوار سے
تیزی سے کھسکتے سانپ یعنی لِویاتان،*
ہاں، بل کھاتے سانپ لِویاتان پر وار کرے گا۔
وہ بڑے سمندری جاندار کو مار ڈالے گا۔
2 اُس دن تُم اُس عورت* کے لیے یہ گیت گانا:
”تُم انگور کا ایک باغ ہو جس میں جھاگ والی مے بن رہی ہے!
3 مَیں یہوواہ اُس کی حفاظت کر رہا ہوں۔
مَیں ہر لمحہ اُسے پانی دیتا ہوں۔
مَیں دن رات اُس کی حفاظت کرتا ہوں
تاکہ کوئی اُسے نقصان نہ پہنچا سکے۔
4 اب مَیں غصے میں نہیں ہوں۔
کون جنگ میں کانٹےدار جھاڑیوں اور جنگلی پودوں سے میرا مقابلہ کرے گا؟
مَیں اُنہیں روند دوں گا اور اُنہیں ایک ساتھ آگ لگا دوں گا۔
5 اِس لیے وہ میرے قلعے میں پناہ لے
اور میرے ساتھ صلح کرے،
ہاں، میرے ساتھ صلح کرے۔“
6 آنے والے دنوں میں یعقوب جڑ پکڑے گا؛
اِسرائیل کِھلے گا اور اُس میں کونپلیں نکلیں گی
اور وہ لوگ زمین کو پیداوار سے بھر دیں گے۔
7 کیا اُسے ویسے مارا جانا چاہیے جیسے اُسے مارنے والا اُسے مار رہا ہے؟
یا کیا اُسے ویسے قتل کِیا جانا چاہیے جیسے اُس کے لوگوں کو قتل کِیا جا رہا ہے؟
8 اُسے دُور بھیجتے وقت تُو چونکا دینے والی آواز سے چلّا کر اُس کا مقابلہ کرے گا۔
مشرقی ہوا کے دن وہ اُسے اپنے تیز جھونکے سے اُڑا دے گا۔
9 اِس طرح یعقوب کے گُناہ کا کفارہ ادا ہوگا۔
جب اُس کا گُناہ دُور کِیا جائے گا تو اُس کا سارا پھل یہ ہوگا:
وہ قربانگاہ کے سارے پتھروں کو اُن چُوناپتھروں کی طرح بنا دے گا
جنہیں چُور چُور کِیا گیا ہو
اور کوئی مُقدس بَلّی* یا بخور کی کوئی قربانگاہ نہیں بچے گی
10 کیونکہ اُس کے فصیلدار شہروں کو خالی کر دیا جائے گا؛
اُس کی چراگاہوں کو ترک کر دیا جائے گا اور ویرانے کی طرح چھوڑ دیا جائے گا۔
بچھڑے وہاں چریں گے اور لیٹیں گے
اور اُس کی شاخیں کھائیں گے۔
11 جب اُس کی ٹہنیاں سُوکھ جائیں گی
تو عورتیں آ کر اُنہیں توڑیں گی
اور اُن سے آگ جلائیں گی
کیونکہ اُن لوگوں میں کوئی سمجھ نہیں ہے۔
اِس لیے اُن کا خالق اُن پر ترس نہیں کھائے گا
اور اُنہیں بنانے والا اُن پر رحم نہیں کرے گا۔
12 اَے اِسرائیل کے لوگو! اُس دن یہوواہ بڑے دریا* کی بہتی ندیوں سے لے کر مصر کی وادی* تک پھل جھاڑے گا اور تمہیں ایک ایک کر کے جمع کِیا جائے گا۔
13 اُس دن ایک بڑا نرسنگا* بجایا جائے گا اور جو لوگ ملک اسور میں مر مٹ رہے ہیں اور جو لوگ ملک مصر میں تتربتر ہیں، آئیں گے اور یروشلم میں مُقدس پہاڑ پر یہوواہ کے حضور جھکیں گے۔
فٹ نوٹس
^ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ ایسا لگتا ہے کہ یہاں اِسرائیل کی بات ہو رہی ہے جسے انگور کے باغ سے تشبیہ دی گئی ہے۔
^ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ یعنی دریائےفرات
^ ”الفاظ کی وضاحت“ کو دیکھیں۔
^ لفظی ترجمہ: ”سینگ“