تواریخ کی پہلی کتاب 10‏:1‏-‏14

  • ساؤل اور اُن کے بیٹوں کی موت ‏(‏1-‏14‏)‏

10  فِلسطینی اِسرائیلیوں سے جنگ لڑ رہے تھے۔ اِسرائیل کے آدمی فِلسطینیوں کے سامنے سے بھاگ گئے اور اُن میں سے بہت سے کوہِ‌جِلبوعہ پر مارے گئے۔ 2  فِلسطینی ساؤل اور اُن کے بیٹوں کا پیچھا کرتے کرتے اُن کے بہت قریب پہنچ گئے۔ اُنہوں نے ساؤل کے بیٹوں یونتن، ابی‌نداب اور مَلکی‌شُوع کو مار ڈالا۔ 3  فِلسطینی ساؤل کے خلاف اَور زیادہ شدت سے لڑنے لگے۔ تیراندازوں نے ساؤل کو دیکھ لیا اور اُنہیں زخمی کر دیا۔ 4  ساؤل نے اپنے ہتھیار اُٹھانے والے خادم سے کہا:‏ ”‏اپنی تلوار نکالو اور اِسے میرے آر پار کر دو ورنہ یہ غیرمختون آدمی آ کر مجھ سے بے‌رحمی سے پیش آئیں گے۔“‏*‏ لیکن اُن کا خادم اِس پر راضی نہیں ہوا کیونکہ وہ بہت ڈرا ہوا تھا۔ اِس لیے ساؤل نے تلوار نکالی اور اِس پر گِر گئے۔ 5  جب ساؤل کے ہتھیار اُٹھانے والے خادم نے دیکھا کہ ساؤل مر گئے ہیں تو وہ بھی اپنی تلوار پر گِرا اور مر گیا۔ 6  اِس طرح ساؤل، اُن کے تین بیٹے اور اُن کے گھرانے کے سب لوگ اُس دن مر گئے۔ 7  جب اِسرائیل کے اُن سب لوگوں نے جو وادی میں تھے، دیکھا کہ سب لوگ بھاگ گئے ہیں اور ساؤل اور اُن کے بیٹے مارے گئے ہیں تو وہ اپنے شہروں کو چھوڑ کر بھاگنے لگے۔ پھر فِلسطینیوں نے آ کر اُن شہروں پر قبضہ کر لیا۔‏ 8  اگلے دن جب فِلسطینی لاشوں کا سامان لُوٹنے آئے تو اُنہوں نے دیکھا کہ ساؤل اور اُن کے بیٹوں کی لاشیں کوہِ‌جِلبوعہ پر پڑی ہیں۔ 9  اُنہوں نے ساؤل کا سامان لُوٹ لیا اور اُن کا سر اور جنگی لباس لے گئے۔ پھر اُنہوں نے فِلسطینیوں کے سارے علاقے میں پیغام بھیجا کہ یہ خبر اُن کے بُتوں کے مندروں اور سب لوگوں تک پہنچائی جائے۔ 10  اِس کے بعد اُنہوں نے ساؤل کے جنگی لباس کو اپنے خدا کے مندر*‏ میں رکھ دیا اور اُن کے سر کو دجون کے مندر میں لٹکا دیا۔‏ 11  جب جِلعاد کے علاقے یبیس کے سب لوگوں نے اُس سب کے بارے میں سنا جو فِلسطینیوں نے ساؤل کے ساتھ کِیا تھا 12  تو اُن کے سارے جنگجو اُٹھے اور ساؤل اور اُن کے بیٹوں کی لاشیں لے کر آئے۔ وہ اُنہیں یبیس لائے اور اُن کی ہڈیوں کو یبیس کے بڑے درخت کے نیچے دفنا دیا اور سات دن تک روزہ رکھا۔‏ 13  اِس طرح ساؤل یہوواہ سے بے‌وفائی کرنے کی وجہ سے مر گئے کیونکہ اُنہوں نے یہوواہ کی بات نہیں مانی تھی اور کیونکہ اُنہوں نے مُردوں سے رابطہ کرنے کا دعویٰ کرنے والی عورت سے رُجوع کِیا تھا 14  بجائے اِس کے کہ وہ یہوواہ سے رہنمائی مانگتے۔ اِس لیے خدا نے اُنہیں مار ڈالا اور یسی کے بیٹے داؤد کو حکمرانی سونپ دی۔‏

فٹ‌ نوٹس

یا ”‏مجھے بے‌عزت کریں گے۔“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏گھر“‏