سموئیل کی دوسری کتاب 4‏:1‏-‏12

  • اِشبوسَت کا قتل ‏(‏1-‏8‏)‏

  • داؤد قاتلوں کو مروا دیتے ہیں ‏(‏9-‏12‏)‏

4  جب ساؤل کے بیٹے اِشبوسَت*‏ نے سنا کہ ابنیر حِبرون میں مارے گئے ہیں تو اُن کی ہمت جواب دے گئی*‏ اور سارے اِسرائیلی گھبرا گئے۔ 2  ساؤل کے بیٹے کے لُٹیروں کے گروہوں کے دو سربراہ تھے۔ ایک کا نام بعناہ تھا اور دوسرے کا نام ریکاب۔ وہ رِمّون بِیروتی کے بیٹے تھے جو بِنیامین کے قبیلے سے تھے۔ (‏بِیروت کو بھی بِنیامین کے علاقے کا حصہ سمجھا جاتا تھا۔ 3  بِیروتی بھاگ کر جِتّیم چلے گئے تھے اور وہ آج تک وہاں پردیسی ہیں۔)‏ 4  ساؤل کے بیٹے یونتن کا ایک بیٹا تھا جو لنگڑا تھا۔ جب یزرعیل سے ساؤل اور یونتن کی موت کی خبر آئی تو وہ پانچ سال کا تھا۔ اُس کی آیا اُسے اُٹھا کر بھاگی لیکن جب وہ گھبراہٹ میں بھاگ رہی تھی تو وہ گِر گیا اور لنگڑا ہو گیا۔ اُس لڑکے کا نام مفیبوسَت تھا۔‏ 5  رِمّون بِیروتی کے بیٹے ریکاب اور بعناہ دوپہر کے اُس وقت اِشبوسَت کے گھر گئے جب بہت گرمی ہوتی ہے۔ اِشبوسَت اُس وقت آرام کر رہے تھے۔ 6  وہ گندم لینے کے بہانے گھر کے اندر گئے اور اُنہوں نے اِشبوسَت کے پیٹ میں تلوار گھونپ دی۔ اِس کے بعد ریکاب اور اُس کا بھائی بعناہ بھاگ گئے۔ 7  جب وہ گھر کے اندر گئے تھے تو اِشبوسَت اپنے کمرے میں اپنے بستر پر لیٹے ہوئے تھے۔ اُنہوں نے اُن پر وار کر کے اُنہیں مار ڈالا اور اِس کے بعد اُن کا سر کاٹ لیا۔ پھر وہ اُن کا سر ساتھ لے گئے اور ساری رات اراباہ جانے والے راستے پر چلتے رہے۔ 8  وہ اِشبوسَت کا سر حِبرون میں بادشاہ داؤد کے پاس لائے اور اُن سے کہا:‏ ”‏یہ رہا آپ کے دُشمن ساؤل کے بیٹے اِشبوسَت کا سر!‏ ساؤل آپ کی جان لینا چاہتا تھا لیکن آج یہوواہ نے ساؤل اور اُس کی اولاد سے ہمارے مالک اور بادشاہ کا بدلہ لیا ہے۔“‏ 9  لیکن داؤد نے رِمّون بِیروتی کے بیٹوں ریکاب اور اُس کے بھائی بعناہ سے کہا:‏ ”‏زندہ خدا یہوواہ کی قسم جس نے مجھے*‏ میری ساری مصیبتوں سے چھڑایا ہے، 10  جب صِقلاج میں کسی نے مجھے خبر دی کہ ساؤل فوت ہو گئے ہیں اور یہ سوچا کہ وہ مجھے خوش‌خبری سنا رہا ہے تو مَیں نے اُسے پکڑ کر موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ اُس قاصد کے لیے میری طرف سے یہی اِنعام تھا۔ 11  تو پھر مَیں اُن بُرے آدمیوں کا کیا حال کروں گا جنہوں نے ایک نیک شخص کو اُسی کے گھر میں اُس کے بستر پر مار ڈالا؟ کیا مجھے تُم سے اُس کے خون کا حساب نہیں لینا چاہیے اور تمہیں زمین سے مٹا نہیں دینا چاہیے؟“‏ 12  اِس کے بعد داؤد نے اپنے جوانوں کو حکم دیا کہ وہ اُنہیں مار ڈالیں۔ اُنہوں نے اُن دونوں کو قتل کِیا، اُن کے ہاتھ پیر کاٹ دیے اور اُن کی لاشوں کو حِبرون میں تالاب کے پاس لٹکا دیا۔ لیکن اُنہوں نے اِشبوسَت کا سر لے کر اِسے حِبرون میں ابنیر کی قبر میں دفنا دیا۔‏

فٹ‌ نوٹس

لفظی ترجمہ:‏ ”‏جب ساؤل کے بیٹے“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏کے ہاتھ کمزور پڑ گئے“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏میری جان کو“‏