سموئیل کی دوسری کتاب 7‏:1‏-‏29

  • داؤد کو ہیکل بنانے کی اِجازت نہیں ملتی ‏(‏1-‏7‏)‏

  • داؤد کے ساتھ بادشاہت کا عہد ‏(‏8-‏17‏)‏

  • داؤد کی شکرگزاری کی دُعا ‏(‏18-‏29‏)‏

7  جب بادشاہ داؤد اپنے محل میں رہنے لگے اور یہوواہ نے اُنہیں اُن کے آس‌پاس کے سب دُشمنوں سے راحت دِلائی 2  تو اُنہوں نے ناتن نبی سے کہا:‏ ”‏دیکھیں مَیں تو دیودار سے بنے گھر میں رہ رہا ہوں جبکہ سچے خدا کا صندوق کپڑے سے بنے خیمے میں پڑا ہے۔“‏ 3  ناتن نے بادشاہ سے کہا:‏ ”‏جائیں اور جو آپ کے دل میں ہے، وہ کریں کیونکہ یہوواہ آپ کے ساتھ ہے۔“‏ 4  اُسی رات ناتن پر یہوواہ کا یہ کلام نازل ہوا:‏ 5  ‏”‏جاؤ اور میرے بندے داؤد سے کہو:‏ ”‏یہوواہ یہ فرماتا ہے:‏ ”‏کیا تُم میرے رہنے کے لیے ایک گھر بناؤ گے؟ 6  جب سے مَیں اِسرائیل کے لوگوں کو مصر سے نکال کر لایا ہوں تب سے آج تک مَیں کسی گھر میں نہیں رہا بلکہ خیمے اور مُقدس خیمے میں ایک جگہ سے دوسری جگہ جاتا*‏ رہا ہوں۔ 7  مَیں سب اِسرائیلیوں کے ساتھ چلتا رہا اور مَیں نے اِسرائیل کے قبیلوں پر سردار مقرر کیے تاکہ وہ میری قوم اِسرائیل کی گلّہ‌بانی کریں۔ لیکن کیا اُس سارے عرصے کے دوران مَیں نے اُن میں سے کسی سردار سے کہا کہ ”‏تُم نے میرے لیے دیودار کا گھر کیوں نہیں بنایا؟“‏“‏“‏ 8  اب میرے بندے داؤد سے یہ کہو:‏ ”‏فوجوں کا خدا یہوواہ یوں فرماتا ہے:‏ ”‏مَیں تمہیں چراگاہوں سے لے کر آیا جہاں تُم گلّوں کی دیکھ‌بھال کرتے تھے تاکہ تُم میری قوم اِسرائیل کے رہنما بنو۔ 9  تُم جہاں بھی جاؤ گے، مَیں تمہارے ساتھ رہوں گا اور تمہارے سب دُشمنوں کو تمہارے سامنے سے مٹا دوں گا۔‏*‏ مَیں تمہارا نام زمین کے مشہور آدمیوں کی طرح اُونچا کروں گا۔ 10  مَیں اپنی قوم اِسرائیل کے لیے ایک جگہ چُنوں گا اور اُسے وہاں بساؤں گا۔ وہ لوگ وہاں رہیں گے اور کوئی اُنہیں پھر سے تنگ نہیں کرے گا اور بُرے لوگ پہلے کی طرح اُن پر ظلم نہیں ڈھائیں گے جیسے وہ ماضی سے ڈھاتے آ رہے ہیں، 11  ہاں، تب سے جب سے مَیں نے اُن پر قاضی مقرر کیے تھے۔ اور مَیں تمہیں تمہارے سب دُشمنوں سے راحت بخشوں گا۔‏ یہوواہ یہ بھی کہتا ہے کہ یہوواہ تمہارے لیے ایک گھر*‏ بنائے گا۔ 12  جب تمہاری زندگی ختم ہو جائے گی اور تُم اپنے باپ‌دادا کی طرح فوت ہو جاؤ گے*‏ تو مَیں تمہارے بعد تمہاری نسل*‏ کو، ہاں، تمہارے اپنے بیٹے کو*‏ کھڑا کروں گا اور مَیں اُس کی بادشاہت کو مضبوطی سے قائم کروں گا۔ 13  وہ میرے نام کی بڑائی کے لیے ایک گھر بنائے گا اور مَیں اُس کی بادشاہت کا تخت ہمیشہ کے لیے مضبوطی سے قائم کروں گا۔ 14  مَیں اُس کا باپ بنوں گا اور وہ میرا بیٹا بنے گا۔ جب وہ کچھ غلط کرے گا تو مَیں اِنسانوں کی چھڑی سے، ہاں، اِنسانوں*‏ کے بیٹوں کی چھڑی کی مار سے اُس کی اِصلاح کروں گا۔ 15  مَیں اُس سے اٹوٹ محبت کرنا نہیں چھوڑوں گا جیسے مَیں نے ساؤل سے کرنی چھوڑ دی تھی جسے مَیں نے تمہارے راستے سے ہٹا دیا۔ 16  تمہارا گھرانہ اور تمہاری بادشاہت سدا تمہارے سامنے محفوظ رہے گی اور تمہارا تخت ہمیشہ مضبوطی سے قائم رہے گا۔“‏“‏“‏ 17  ناتن نے یہ ساری باتیں داؤد کو بتائیں جو اُنہیں رُویا میں بتائی گئی تھیں۔‏ 18  تب بادشاہ داؤد اندر آئے اور یہوواہ کے سامنے بیٹھ کر کہنے لگے:‏ ”‏اَے حاکمِ‌اعلیٰ یہوواہ!‏ میری کیا حیثیت ہے اور میرے گھرانے کا کیا مقام ہے جو تُو مجھے یہاں تک لایا ہے؟ 19  اَے حاکمِ‌اعلیٰ یہوواہ!‏ صرف اِتنا ہی نہیں بلکہ تُو نے یہ بھی کہا ہے کہ تیرے بندے کا گھرانہ مُدتوں تک قائم رہے گا۔ اور اَے حاکمِ‌اعلیٰ یہوواہ!‏ یہ قانون*‏ سب اِنسانوں کے لیے ہے۔ 20  اَے حاکمِ‌اعلیٰ یہوواہ!‏ تیرا بندہ داؤد تجھ سے اَور کیا کہہ سکتا ہے کیونکہ تُو مجھے اِتنی اچھی طرح جانتا ہے؟ 21  تُو نے یہ سب عظیم کام اِس لیے کیے اور اِنہیں اپنے بندے پر اِس لیے ظاہر کِیا کیونکہ یہ تیری دلی خواہش*‏ تھی اور تُو نے ایسا کرنے کا وعدہ کِیا تھا۔ 22  اِسی لیے اَے حاکمِ‌اعلیٰ یہوواہ!‏ تُو نہایت عظیم ہے۔ تجھ جیسا کوئی نہیں اور تیرے سوا کوئی خدا نہیں۔ اِس سب کی تصدیق اُن باتوں سے ہوتی ہے جو ہم نے اپنے کانوں سے سنی ہیں۔ 23  زمین پر تیری قوم اِسرائیل جیسی کوئی اَور قوم نہیں ہے۔ اَے خدا!‏ تُو نے جا کر اُن لوگوں کو چھڑایا تاکہ وہ تیری قوم بنیں۔ تُو نے اُن کی خاطر عظیم اور حیرت‌انگیز کام کر کے اپنا نام مشہور کِیا۔ تُو نے اپنی قوم کی خاطر جسے تُو مصر سے چھڑا کر لایا تھا، دوسری قوموں اور اُن کے خداؤں کو بھگا دیا۔ 24  اَے یہوواہ!‏ تُو نے اِسرائیل کو ہمیشہ کے لیے اپنی قوم بنایا ہے اور تُو اُن کا خدا بنا ہے۔‏ 25  اب اَے یہوواہ خدا!‏ اپنے اُس وعدے کو ہمیشہ نبھانا جو تُو نے اپنے بندے اور اُس کے گھرانے کے حوالے سے کِیا ہے اور ویسا ہی کرنا جیسا تُو نے وعدہ کِیا ہے۔ 26  تیرے نام کی تعظیم ہمیشہ ہو تاکہ لوگ کہیں کہ ”‏فوجوں کا خدا یہوواہ اِسرائیل کا خدا ہے۔“‏ اور تیرے بندے داؤد کا گھرانہ تیرے سامنے مضبوطی سے قائم رہے۔ 27  اَے فوجوں کے خدا یہوواہ!‏ اَے اِسرائیل کے خدا!‏ تُو نے اپنے بندے پر یہ ظاہر کِیا ہے کہ تُو اُس کے لیے ایک گھر*‏ بنائے گا۔ اِسی لیے تیرا یہ بندہ تجھ سے یہ دُعا کرنے کی ہمت کر پایا ہے۔ 28  اَے حاکمِ‌اعلیٰ یہوواہ!‏ تُو سچا خدا ہے اور تیری باتیں سچی ہیں اور تُو نے اپنے بندے سے اِن اچھی چیزوں کا وعدہ کِیا ہے۔ 29  اِس لیے اپنے بندے کے گھرانے کو خوشی سے برکت دے اور یہ گھرانہ ہمیشہ تیرے حضور قائم رہے کیونکہ اَے حاکمِ‌اعلیٰ یہوواہ!‏ یہ وعدہ تُو نے ہی کِیا ہے اور تیرے بندے کے گھرانے پر ہمیشہ تیری برکت رہے۔“‏

فٹ‌ نوٹس

لفظی ترجمہ:‏ ”‏چلتا“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏کاٹ ڈالوں گا۔“‏
یا ”‏شاہی گھرانہ“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏کے ساتھ لیٹ جاؤ گے“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏بیج“‏
لفظی ترجمہ:‏ ”‏اُسے جو تمہارے اندرونی اعضا سے نکلے گا،“‏
یا شاید ”‏آدم“‏
یا ”‏ہدایت“‏
یا ”‏مرضی“‏
یا ”‏شاہی گھرانہ“‏