مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

عالمی اُفق | اِنسانی رشتے

اِنسانی رشتوں پر ایک نظر

اِنسانی رشتوں پر ایک نظر

آپ اِنسانی رشتوں کے سلسلے میں مفید صلا‌ح حاصل کرنے کے لیے کیا کرتے ہیں؟‏ کیا آپ خدا کے کلام بائبل سے رہنمائی لیتے ہیں یا کہیں اَور سے؟‏ آئیں،‏ دیکھیں کہ اِس قدیم کتاب میں درج اصول جدید تحقیق سے کیسے میل کھاتے ہیں۔‏

بھارت:‏

2014ء کے ایک سروے سے پتہ چلا کہ 18 سے 25 سال کے 61 فیصد جوان یہ مانتے ہیں کہ شادی سے پہلے جنسی تعلقات کرنا ”‏کوئی بڑی بات نہیں۔‏“‏ ممبئی کے ایک ڈاکٹر نے اخبار ہندوستان ٹائمز کو بتایا:‏ ”‏جوان لڑکے لڑکیاں جب جنسی رشتہ قائم کرتے ہیں تو اُن کا شادی کا کوئی اِرادہ نہیں ہوتا۔‏ وہ بس ایک رات یا پھر کچھ عرصہ تو اِکٹھے گزارنا چاہتے ہیں مگر ایک دوسرے کا ساتھ نبھانے کی ذمےداری اُٹھانا نہیں چاہتے۔‏“‏

ذرا سوچیں:‏ جنسی عمل سے لگنے والی بیماریوں اور افسردگی کا شکا‌ر زیادہ‌تر کون ہوتے ہیں،‏ شادی سے پہلے جنسی تعلق کرنے والے یا شادی کے بعد جنسی تعلق کرنے والے؟‏—‏1-‏کُرنتھیوں 6:‏18‏۔‏

ڈنمارک:‏

جو لوگ اپنے گھر والوں سے اکثر لڑتے جھگڑتے رہتے ہیں،‏ اُن میں 35 سے 50 سال کی عمر میں مرنے کا خطرہ دوسروں کی نسبت دُگنا ہوتا ہے۔‏ کوپن ہیگن یونیورسٹی کے تحقیق‌دانوں نے 11 سال کے عرصے میں تقریباً 10 ہزار لوگوں کا سروے کِیا۔‏ اِن لوگوں کی عمریں 35 سے 50 سال کے درمیان تھیں۔‏ تحقیق‌دانوں نے دیکھا کہ جو لوگ اپنے رشتےداروں سے لڑتے جھگڑتے تھے،‏ وہ اُن لوگوں کی نسبت جلدی مرتے ہیں جو ایسا نہیں کرتے۔‏ اِس سروے کی سربراہ نے کہا کہ ”‏اَدھیڑ عمر میں مرنے والوں کی تعداد کم کرنے کا اِنحصار“‏ اِس بات پر ہے کہ ہم پریشانیوں،‏ اِختلا‌فات اور جھگڑوں سے کتنی اچھی طرح نمٹتے ہیں۔‏

پاک کلام میں بتایا گیا ہے:‏ ‏”‏جو اپنی زبان کو قابو میں رکھے وہ علم و عرفان کا مالک ہے،‏ جو ٹھنڈے دل سے بات کرے وہ سمجھ‌دار ہے۔‏“‏—‏امثال 17:‏27‏،‏ اُردو جیو ورشن۔‏

ریاستہائے متحدہ امریکہ:‏

ریاست لوزیانا میں 564 نئے نویلے جوڑوں کے ایک سروے سے پتہ چلا کہ ایسے جوڑے جو شادی سے پہلے اپنے رشتے کو کبھی توڑتے اور کبھی جوڑتے ہیں،‏ وہ شادی کے پہلے پانچ سالوں میں علیٰحدگی لینے کی طرف مائل ہوتے ہیں۔‏ اُن میں جھگڑے ہوتے ہیں اور وہ اپنی شادی سے خوش بھی نہیں ہوتے۔‏

پاک کلام میں بتایا گیا ہے:‏ ‏”‏جسے خدا نے [‏شادی کے بندھن میں]‏ جوڑا ہے،‏ اُسے کوئی اِنسان جُدا نہ کرے۔‏“‏—‏متی 19:‏6‏۔‏