تاریخ کے ورقوں سے
ڈیزیڈیریس ایراسمس
ڈیزیڈیریس ایراسمس تقریباً 1469ء-1536ء کے عرصے میں رہتے تھے۔ شروع شروع میں تو اُنہیں یورپ کا بہترین عالم مانا جاتا تھا لیکن بعد میں اُنہیں بزدل اور مخالفِدین کہا جانے لگا۔ ایک مذہبی بحثوتکرار کے دوران اُنہوں نے کیتھولک چرچ کی غلط تعلیمات اور کاموں کے ساتھ ساتھ اُن لوگوں کا اصل چہرہ بھی بےنقاب کِیا جو چرچ میں اِصلاحی تحریک چلانا چاہتے تھے۔ آج اُن کا شمار اُن لوگوں میں ہوتا ہے جو یورپ میں مذہبی اِنقلاب لائے۔ اِس کی کیا وجہ ہے؟
ایراسمس کی تحقیق اور نظریات
ایراسمس یونانی اور لاطینی زبان پر عبور رکھتے تھے۔ اِس لیے اُنہوں نے بائبل کے لاطینی ترجموں جیسے کہ لاطینی ”ولگاتا“ (لیٹن ”ولگیٹ“) کا موازنہ یونانی صحیفوں کے (جنہیں نیا عہدنامہ کہا جاتا ہے) اِبتدائی یونانی نسخوں سے کِیا۔ اِس پر وہ سمجھ گئے کہ سب کے لیے بائبل کا علم حاصل کرنا لازمی ہے۔ اِسی وجہ سے اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ پاک کلام کا ترجمہ ایسی زبانوں میں ہونا چاہیے جو اُن کے زمانے کے لوگ بولتے تھے۔
ایراسمس نے اِس بات کو فروغ دیا کہ کیتھولک چرچ کے طورطریقوں کو درست کِیا جانا چاہیے۔ دراصل اُن کا ماننا تھا کہ مسیحی ہونے کا مطلب مسیح کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنا ہے نہ کہ محض فضول رسموں کی پیروی کرنا۔ اِس کا نتیجہ یہ نکلا کہ جب اِصلاحی تحریک چلانے والوں نے چرچ آف روم کے خلاف احتجاج کِیا اور تبدیلی کا مطالبہ کِیا تو کیتھولک رہنماؤں کا سارا شک ایراسمس پر گیا۔
ایراسمس نے کیتھولک چرچ کی غلط تعلیمات اور کاموں کے ساتھ ساتھ اُن لوگوں کا اصل چہرہ بھی بےنقاب کِیا جو چرچ میں اِصلاحی تحریک چلانا چاہتے تھے۔
اپنی تحریروں میں ایراسمس نے طنزیہ انداز میں پادریوں کے ظلموزیادتی، اُن کے شاہانہ طرزِزندگی اور اُن تمام پوپوں کے اِرادوں کا پردہ فاش کِیا جو جنگوں کی حمایت کرتے تھے۔ اُنہوں نے اُن بددیانت پادریوں سے سخت اِختلاف کِیا جو چرچ کی مختلف رسموں کے ذریعے لوگوں کا فائدہ اُٹھاتے تھے جیسے کہ گُناہوں کا اِعتراف کرنے، مُقدسوں کی عبادت کرنے، روزے رکھنے اور زیارتوں کے لیے جانے جیسی رسموں کے ذریعے۔ اُنہوں نے پیسے لے کر گُناہ معاف کرنے اور کنوارے رہنے پر مجبور کرنے جیسی روایتوں پر بھی اِعتراض اُٹھایا۔
نئے عہدنامے کا یونانی متن
سن 1516ء میں ایراسمس نے یونانی زبان میں نئے عہدنامے کا پہلا ایڈیشن شائع کِیا۔ یہ پہلی بار تھا کہ بائبل کے یونانی صحیفوں کی کوئی کاپی چھاپی گئی۔ اُس ایڈیشن میں ایراسمس نے یونانی متن کا لاطینی زبان میں ترجمہ کِیا جو کہ ”ولگاتا“ سے فرق تھا اور ساتھ ساتھ اِضافی معلومات بھی دیں۔ کچھ عرصے تک وہ اپنے ترجمے پر نظرثانی کرتے رہے اور آخرکار ایک ایسا ایڈیشن تیار کِیا جو لاطینی ”ولگاتا“ سے اَور بھی زیادہ فرق تھا۔
ایک فرق 1-یوحنا 5:7 کے ترجمے میں تھا۔ ”ولگاتا“ میں تثلیث کے عقیدے کو صحیح ثابت کرنے کے لیے اِس آیت میں کچھ اِضافی الفاظ شامل کیے گئے تھے جن کی کوئی ٹھوس بنیاد نہیں تھی۔ اُن الفاظ کا ترجمہ یہ ہے: ”آسمان پر باپ، کلام اور روحُالقدس۔ اور یہ تینوں ایک ہی ہیں۔“ لیکن ایراسمس نے اپنے ترجمے کے پہلے دو ایڈیشنوں میں یہ الفاظ شامل نہیں کیے کیونکہ اُنہوں نے ترجمہ کرنے کے لیے جن یونانی نسخوں کو اِستعمال کِیا، اُن میں سے کسی میں بھی یہ الفاظ نہیں تھے۔ مگر بعد میں چرچ کے پیشواؤں کے دباؤ کی وجہ سے اُنہیں اپنے تیسرے ایڈیشن میں یہ الفاظ شامل کرنے پڑے۔
ایراسمس نے اپنے ترجمے میں بہتری لا کر جو نئے ایڈیشن شائع کیے، اُن کی بنیاد پر یورپی زبانوں میں یونانی صحیفوں کا بہتر ترجمہ ممکن ہوا۔ ایراسمس کے ایڈیشنوں کو اِستعمال کر کے مارٹن لوتھر نے جرمن میں، وِلیم ٹینڈیل نے انگریزی میں، انتونیو بروچیولی نے اِطالوی میں اور فرانسسکو دی انتنیاس نے ہسپانوی میں یونانی صحیفوں کا ترجمہ کِیا۔
ایراسمس اُس دَور میں رہتے تھے جب مذہبی اِنتشار عروج پر تھا۔ پروٹسٹنٹ تحریک چلانے والوں نے اُن کے ترجمے کو بڑی اہمیت دی۔ جب تک اِس اِصلاحی تحریک نے حقیقت کا رُوپ نہیں دھارا تب تک کچھ لوگ ایراسمس کو بھی اِس کا حصہ سمجھتے تھے۔ مگر اِس تحریک کے شروع ہونے کے بعد اُنہوں نے مذہبی بحثمباحثوں میں کسی کی بھی حمایت نہیں کی۔ دلچسپی کی بات ہے کہ 100 سال سے زیادہ عرصہ پہلے عالم ڈیوڈ شیف نے لکھا کہ ایراسمس ”اپنی موت کے وقت تنہا تھے اور باضابطہ طور پر کسی مذہبی گروہ کا حصہ نہیں تھے۔ کیتھولک اُنہیں قبول کرنا نہیں چاہتے تھے اور پروٹسٹنٹ اُنہیں قبول کر نہیں کر سکتے تھے۔“