مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

گھریلو زندگی کو خوش‌گوار بنائیں | ازدواجی زندگی

اپنے جیون ساتھی کا احترام کریں

اپنے جیون ساتھی کا احترام کریں

مسئلہ

ایک شوہر نے کہا:‏ ‏”‏جب ہماری نئی نئی شادی ہوئی تو ایک دوسرے کے لیے عزت ظاہر کرنے کے حوالے سے میری اور میری بیوی کی رائے بالکل فرق تھی۔‏ ایسا نہیں تھا کہ ایک کی رائے غلط تھی اور دوسرے کی صحیح،‏ بس ہماری رائے فرق فرق تھی۔‏ اکثر مجھے یہ محسوس ہوتا تھا کہ مجھ سے بات کرتے ہوئے میری بیوی کو میرے لیے اَور زیادہ عزت ظاہر کرنی چاہیے۔‏“‏

اُس کی بیوی نے کہا:‏ ‏”‏مَیں جس طرح کے ماحول میں پلی بڑھی تھی وہاں اُونچا بولنے،‏ عجیب‌وغریب شکلیں بنانے اور کسی کی بات کاٹنے کو بدتمیزی خیال نہیں کِیا جاتا تھا۔‏ لیکن میرے شوہر کی پرورش بالکل فرق ماحول میں ہوئی تھی۔‏“‏

شادی‌شُدہ زندگی میں ایک دوسرے کے لیے کبھی کبھار عزت ظاہر کرنا کافی نہیں ہے۔‏ میاں بیوی کو چاہیے کہ وہ ہمیشہ اپنے جیون ساتھی کے لیے عزت اور احترام دِکھائیں۔‏ آپ کیسے ظاہر کر سکتے ہیں کہ آپ اپنے جیون ساتھی کا احترام کرتے ہیں؟‏

اِن باتوں کو ذہن میں رکھیں

مردوں میں اِس بات کی زیادہ خواہش ہوتی ہے کہ اُن کے لیے عزت ظاہر کی جائے۔‏ پاک کلام میں شوہروں کو ہدایت کی گئی ہے:‏ ”‏آپ میں سے ہر ایک اپنی بیوی سے ویسے ہی محبت کرے جیسے وہ خود سے کرتا ہے۔‏“‏ لیکن اِس میں یہ بھی بتایا گیا ہے:‏ ”‏بیوی اپنے شوہر کا دل سے احترام کرے۔‏“‏ (‏اِفسیوں 5:‏33‏)‏ یوں تو شوہر اور بیوی دونوں کو یہ محسوس ہونا چاہیے کہ اُن کا جیون ساتھی اُن سے محبت کرتا ہے اور اُن کی عزت کرتا ہے لیکن شوہروں میں خاص طور پر یہ خواہش ہوتی ہے کہ اُن کی بیوی اُن کا احترام کرے۔‏ ایک شوہر نے جس کا نام کاشف * ہے،‏ کہا:‏ ”‏مرد چاہتے ہیں کہ اُنہیں محسوس کرایا جائے کہ وہ ہر طرح کی صورتحال سے نمٹ سکتے ہیں،‏ مشکلوں کو حل کر سکتے ہیں اور اپنے گھرانے کی دیکھ‌بھال کر سکتے ہیں۔‏“‏ جب ایک بیوی ایسی صلاحیتوں کے لیے اپنے شوہر کا احترام کرتی ہے تو اِس سے نہ صرف اُس کے شوہر کو بلکہ اُسے بھی فائدہ ہوتا ہے۔‏ ایک بیوی نے جس کا نام کنول ہے،‏ کہا:‏ ”‏جب مَیں اپنے شوہر کا احترام کرتی ہوں تو وہ میرے ساتھ اَور زیادہ محبت سے پیش آتے ہیں۔‏“‏

بےشک بیویاں بھی یہ چاہتی ہیں کہ اُن کے ساتھ عزت سے پیش آیا جائے۔‏ یہ بالکل سچ ہے کیونکہ اگر ایک شوہر اپنی بیوی کی عزت نہیں کرتا تو وہ اُس سے سچی محبت نہیں کر سکتا۔‏ ڈینئل کہتے ہیں:‏ ”‏مجھے اپنی بیوی کی رائے کا احترام کرنا چاہیے اور اُس کے مشوروں کو سننا چاہیے۔‏ مجھے اُس کے احساسات کا بھی احترام کرنا چاہیے۔‏ اگر مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ وہ جیسا محسوس کر رہی ہے،‏ کیوں کر رہی ہے تو اِس کا یہ مطلب نہیں کہ مَیں اُس کے احساسات کی بالکل پرواہ نہ کروں۔‏“‏

آپ کے جیون ساتھی کو یہ محسوس ہونا چاہیے کہ اُس کی عزت کی جا رہی ہے۔‏ شاید آپ کو لگے کہ آپ اپنے جیون ساتھی کے لیے عزت ظاہر کر رہے ہیں لیکن اہم بات یہ ہے کہ کیا آپ کے جیون ساتھی کو ایسا محسوس ہو رہا ہے۔‏ جس بیوی کا اِس مضمون کے شروع میں ذیلی عنوان ”‏مسئلہ“‏ کے تحت ذکر کِیا گیا ہے،‏ اُس نے اپنے شوہر کے احساسات کو سمجھنا سیکھ لیا۔‏ وہ کہتی ہے:‏ ”‏اگر مجھے لگتا تھا کہ مَیں اپنے شوہر کے ساتھ بدتمیزی نہیں کر رہی لیکن میرے شوہر کو محسوس ہوتا تھا کہ مَیں ایسا کر رہی ہوں تو اصل میں مجھے خود کو بدلنے کی ضرورت ہوتی تھی۔‏“‏

آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏

  • اپنے جیون ساتھی کی تین ایسی خوبیاں لکھیں جن کی آپ قدر کرتے ہیں۔‏ اِن خوبیوں کی وجہ سے آپ کے دل میں اپنے جیون ساتھی کے لیے عزت بڑھے گی۔‏

  • ایک ہفتے کے لیے اپنی باتوں اور کاموں (‏نہ کہ اپنے جیون ساتھی کی باتوں اور کاموں)‏ کا جائزہ لیں۔‏

آپ کی باتیں۔‏ شادی‌شُدہ جوڑوں پر کی گئی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ ”‏جن جوڑوں کی ازدواجی زندگی خوش‌گوار گزر رہی تھی،‏ اُنہوں نے اپنے کسی اِختلاف پر بات کرتے ہوئے ایک منفی بات کے بدلے میں پانچ مثبت باتیں کہیں۔‏ لیکن جن جوڑوں کے بیچ طلاق ہونے والی تھی،‏ اُنہوں نے ایک منفی بات کے بدلے میں تقریباً ایک مثبت بات کہی۔‏“‏ *‏—‏پاک کلام کا اصول:‏ امثال 12:‏18‏۔‏

خود سے پوچھیں:‏ ‏”‏کیا مَیں اپنے جیون ساتھی سے بات کرتے ہوئے اُس کے لیے عزت ظاہر کرتا ہوں؟‏ مَیں کتنی بار اُس پر تنقید کرتا ہوں اور کتنی بار اُس کی تعریف کرتا ہوں؟‏ جب مجھے اپنے جیون ساتھی سے کوئی شکایت ہوتی ہے تو میرا لہجہ کیسا ہوتا ہے؟‏“‏ کیا آپ کا جیون ساتھی آپ کے جوابوں سے متفق ہے؟‏‏—‏پاک کلام کا اصول:‏ کُلسّیوں 3:‏13‏۔‏

یہ کریں:‏ یہ منصوبہ بنائیں کہ آپ ہر روز کم سے کم ایک بار اپنے جیون ساتھی کی تعریف کریں گے۔‏ مشورہ:‏ اُن خوبیوں پر غور کریں جن کی وجہ سے آپ نے اپنے جیون ساتھی سے شادی کی تھی۔‏ اپنے جیون ساتھی کو یہ بتانے کی عادت اپنائیں کہ آپ کو اُس کی کون سی بات اچھی لگتی ہے۔‏‏—‏پاک کلام کا اصول:‏ 1-‏کُرنتھیوں 8:‏1‏۔‏

آپ کے کام۔‏ ایک بیوی نے جس کا نام الیسیا ہے،‏ کہا:‏ ”‏گھر کے کام‌کاج میں میرا بہت سا وقت چلا جاتا ہے لیکن جب میرے شوہر میرا ہاتھ بٹاتے ہیں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ وہ میری کوششوں کی قدر کرتے ہیں اور مجھے اہم خیال کرتے ہیں۔‏“‏

خود سے پوچھیں:‏”‏مَیں اپنے جیون ساتھی سے جس طرح پیش آتا ہوں،‏ کیا اُس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مَیں اُس کی عزت کرتا ہوں؟‏ کیا مَیں اپنے جیون ساتھی کو وہ وقت اور توجہ دیتا ہوں جس کی اُسے ضرورت ہے؟‏“‏ کیا آپ کا جیون ساتھی آپ کے جوابوں سے متفق ہے؟‏

یہ کریں:‏ تین ایسے طریقے لکھیں جن سے آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا جیون ساتھی آپ کے لیے احترام ظاہر کرے۔‏ اپنے جیون ساتھی کو بھی ایسا کرنے کو کہیں۔‏ پھر یہ فہرستیں ایک دوسرے کو دیں اور اُن طریقوں پر کام کریں جو آپ کے جیون ساتھی نے لکھے ہیں۔‏ اپنے جیون ساتھی کے لیے عزت ظاہر کرنے میں پہل کریں کیونکہ جب ایک جیون ساتھی ایسا کرنے میں پہل کرتا ہے تو دوسرے کے لیے ایسا کرنا آسان ہو جاتا ہے۔‏

^ پیراگراف 8 اِس مضمون میں کچھ فرضی نام اِستعمال کیے گئے ہیں۔‏

^ پیراگراف 14 کتاب ‏”‏شادی‌شُدہ زندگی میں بہتری لانے کے لیے دس سبق“‏ ‏(‏انگریزی میں دستیاب)‏۔‏