مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

مطالعے کا مضمون نمبر 2

گیت نمبر 132‏:‏ اب ہم ایک ہو گئے ہیں

شوہرو!‏ اپنی بیوی کی عزت کریں

شوہرو!‏ اپنی بیوی کی عزت کریں

‏”‏شوہرو،‏ ‏.‏ ‏.‏ ‏.‏ اپنی بیوی کی عزت کریں۔“‏‏—‏1-‏پطر 3:‏7‏۔‏

غور کریں کہ ‏.‏ ‏.‏ ‏.‏

ایک شوہر اپنی باتوں اور اپنے کاموں سے اپنی بیوی کے لیے عزت کیسے دِکھا سکتا ہے۔‏

1.‏ جب یہوواہ نے اِنسانوں کو شادی کی نعمت دی تو اِس نعمت کو دینے کی ایک وجہ کیا تھی؟‏

 یہوواہ ”‏خوش‌دل خدا“‏ ہے اور وہ چاہتا ہے کہ ہم بھی خوش رہیں۔ (‏1-‏تیم 1:‏11‏)‏ اُس نے ہمیں خوش رہنے کے لیے بہت سی نعمتیں دی ہیں۔ (‏یعقو 1:‏17‏)‏ اِن میں سے ایک نعمت شادی کا بندھن ہے۔ جب ایک لڑکا اور لڑکی شادی کرتے ہیں تو وہ یہ عہدوپیمان کرتے ہیں کہ وہ ایک دوسرے سے محبت کریں گے، ایک دوسرے کا خیال رکھیں گے اور ایک دوسرے کے لیے عزت دِکھائیں گے۔ جب میاں بیوی ایک دوسرے کے لیے اپنی محبت کو بڑھاتے ہیں تو اُن کی زندگی خوشیوں سے بھر جاتی ہے۔—‏اَمثا 5:‏18‏۔‏

2.‏ آج بہت سے شادی‌شُدہ لوگوں کی زندگی کیسی ہے؟‏

2 افسوس کی بات ہے کہ بہت سے شادی‌شُدہ لوگ اُس وعدے کو بھول جاتے ہیں جو اُنہوں نے اپنے جیون ساتھی سے شادی کے دن کِیا تھا۔ اِس وجہ سے اُن کی شادی‌شُدہ زندگی سے خوشیاں ختم ہو جاتی ہیں۔ حال ہی میں عالمی اِدارۂ‌صحت کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ بہت سے شوہر اپنی بیوی کو مارتے پیٹے ہیں، اُس کی بے‌عزتی کرتے ہیں اور اُس کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ ایسے شوہر دوسروں کے سامنے تو اپنی بیوی کے ساتھ بہت عزت سے پیش آئیں لیکن اکیلے میں اُس کے ساتھ بہت بُرا سلوک کریں۔ بہت سے شوہر گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے سے بھی اپنی بیوی کو شدید تکلیف پہنچاتے ہیں۔ اِس وجہ سے ایک بیوی کے دل میں یہ احساس پیدا ہو سکتا ہے کہ اُس کا شوہر اُس سے محبت نہیں کرتا اور اُس کی قدر نہیں کرتا۔‏

3.‏ کچھ شوہر اپنی بیوی کے ساتھ بُرا سلوک کیوں کرتے ہیں؟‏

3 کچھ شوہر اپنی بیوی کے ساتھ اِتنا بُرا سلوک کیوں کرتے ہیں؟ اِس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ شاید کچھ نے بچپن سے یہ دیکھا ہے کہ اُن کا باپ اُن کی ماں کے ساتھ بُرا سلوک کرتا تھا۔ اِس لیے اُنہیں لگتا ہے کہ اگر وہ بھی اپنی بیوی کے ساتھ ایسا کریں گے تو اِس میں کوئی حرج نہیں۔ کچھ آدمیوں پر اپنی ثقافت کا بہت اثر ہوتا ہے جس میں اِس خیال کو بڑھاوا دیا جاتا ہے کہ ”‏اصل مرد“‏ وہی ہوتا ہے جو اپنی بیوی کو قابو میں رکھتا ہے۔ اور کچھ آدمیوں نے تو اپنے جذبات کو قابو میں رکھنا سیکھا ہی نہیں ہوتا جس میں غصہ بھی شامل ہے۔ کچھ آدمی گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی وجہ سے عورتوں کو بس سیکس کرنے کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ اِس کے علاوہ کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا کی وبا کے دوران بہت سے شوہروں نے اپنی بیوی کے ساتھ بُرا سلوک کرنا شروع کر دیا۔ وجہ چاہے کچھ بھی ہو، ایک شوہر کا اپنی بیوی کے ساتھ بُری طرح سے پیش آنا کسی بھی لحاظ سے جائز نہیں۔‏

4.‏ مسیحی شوہروں کو کس بات سے خبردار رہنا چاہیے اور کیوں؟‏

4 مسیحی شوہروں کو عورتوں کے بارے میں اِس دُنیا کی غلط سوچ نہیں اپنانی چاہیے۔‏ a کیوں؟ اِس لیے کیونکہ ایک شخص کی سوچ کا اکثر اُس کے کاموں پر بھی اثر پڑتا ہے۔ پولُس رسول نے روم میں رہنے والے مسح‌شُدہ مسیحیوں کو خبردار کِیا کہ وہ ”‏اِس زمانے کے طورطریقوں کی نقل کرنا چھوڑ دیں۔“‏ (‏روم 12:‏1، 2‏)‏ جب اِن مسیحیوں کو یہ خط لکھا گیا تھا تو اُس وقت تک اُنہیں مسیحی بنے کئی سال ہو چُکے تھے۔ لیکن پولُس کے الفاظ سے پتہ چلتا ہے کہ اُس کلیسیا میں کچھ لوگوں پر ابھی بھی دُنیا کی سوچ اور اِس کے طورطریقوں کا بہت اثر تھا۔ اِسی لیے پولُس نے اُنہیں نصیحت کی کہ وہ اپنی سوچ اور رویے کو بدلیں۔ بے‌شک اِس نصیحت پر آج مسیحی شوہروں کو بھی عمل کرنا چاہیے۔ افسوس کی بات ہے کہ کچھ مسیحی شوہروں پر بھی اِس دُنیا کی سوچ کا اثر ہے اور وہ اپنی بیوی کے ساتھ بہت بُرا سلوک کرتے ہیں۔ ایک شوہر کو جس طرح سے اپنی بیوی کے ساتھ پیش آنا چاہیے، اُس حوالے سے یہوواہ اُس سے کیا توقع کرتا ہے؟ اِس کا جواب ہمیں اِس مضمون کی مرکزی آیت میں ملتا ہے۔‏

5.‏ پہلا پطرس 3:‏7 کے مطابق ایک شوہر کو اپنی بیوی کے ساتھ کیسے پیش آنا چاہیے؟‏

5 پہلا پطرس 3:‏7 کو پڑھیں۔‏ یہوواہ نے شوہروں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی بیوی کی عزت کریں۔ جو شوہر اپنی بیوی کی عزت کرتا ہے، وہ اُس کے ساتھ پیار اور نرمی سے پیش آتا ہے۔ اِس مضمون میں ہم دیکھیں گے کہ ایک شوہر اپنی بیوی کی عزت کیسے کر سکتا ہے۔ لیکن آئیے سب سے پہلے کچھ ایسی باتوں پر غور کرتے ہیں جنہیں کرنے سے ایک شوہر اپنی بیوی کے لیے عزت اور محبت نہیں دِکھا رہا ہوتا۔‏

ایسے کام جن سے ایک بیوی کو تکلیف پہنچتی ہے

6.‏ یہوواہ اُن آدمیوں کو کیسا خیال کرتا ہے جو اپنی بیوی کو مارتے پیٹتے ہیں؟ (‏کُلسّیوں 3:‏19‏)‏

6 ایک شوہر کو اپنی بیوی کو مارنا پیٹنا نہیں چاہیے۔‏ یہوواہ ہر اُس شخص سے نفرت کرتا ہے جو تشدد کو پسند کرتا ہے۔ (‏زبور 11:‏5‏)‏ یہوواہ کو خاص طور پر اِس بات سے سخت نفرت ہے کہ ایک شوہر اپنی بیوی کو تکلیف پہنچائے۔ (‏ملا 2:‏16؛‏ کُلسّیوں 3:‏19 کو پڑھیں۔)‏ ہماری مرکزی آیت میں بتایا گیا ہے کہ اگر ایک شوہر اپنی بیوی کے ساتھ بُرا سلوک کرے گا تو یہوواہ کے ساتھ اُس کی دوستی کو خطرہ ہوگا، یہاں تک کہ یہوواہ اُس کی دُعاؤں کو بھی نہیں سنے گا۔‏

7.‏ اِفِسیوں 4:‏31، 32 کے مطابق شوہروں کو کس طرح کی بات‌چیت سے خبردار رہنا چاہیے؟ (‏”‏اِصطلا‌ح کی وضاحت“‏ کو بھی دیکھیں۔)‏

7 ایک شوہر کو اپنی بیوی پر چیخنا چلاّنا نہیں چاہیے۔‏ کچھ شوہر اپنی بیوی کے ساتھ بہت غصے سے بات کرتے ہیں اور اُسے تکلیف پہنچانے والی باتیں کرتے ہیں۔ لیکن یہوواہ کو ’‏غصے، غضب، چیخنے چلّانے اور گالی‌گلوچ‘‏ b سے نفرت ہے۔ ‏(‏اِفِسیوں 4:‏31، 32 کو پڑھیں۔)‏ یہوواہ اِنسانوں کی کہی ہر بات سنتا ہے۔ ایک شوہر اکیلے میں بھی اپنی بیوی سے جس طرح سے بات کرتا ہے، یہوواہ کی نظر میں یہ بہت اہمیت رکھتا ہے۔ جو شوہر اپنی بیوی کے ساتھ سختی سے بات کرتا ہے، وہ نہ صرف اپنی شادی کے بندھن کو بلکہ یہوواہ کے ساتھ اپنی دوستی کو بھی خراب کرتا ہے۔—‏یعقو 1:‏26‏۔‏

8.‏ یہوواہ گندی تصویروں اور فلموں کو کیسا خیال کرتا ہے اور کیوں؟‏

8 ایک شوہر کو گندی تصویریں اور فلمیں نہیں دیکھنی چاہئیں۔‏ یہوواہ ایسی تصویروں اور فلموں کو کیسا خیال کرتا ہے؟ اُسے اِن سے سخت نفرت ہے۔ اگر ایک شوہر گندی تصویریں دیکھتا ہے تو وہ یہوواہ کے ساتھ اپنے رشتے کو خراب کرتا ہے اور اپنی بیوی کے لیے عزت نہیں دِکھا رہا ہوتا۔‏ c یہوواہ چاہتا ہے کہ شوہر اپنی بیوی کے وفادار ہوں۔ ایک وفادار شوہر کسی غیرعورت کے ساتھ حرام‌کاری کرنا تو دُور کی بات، ایسا کرنے کا سوچتا تک نہیں۔ یسوع مسیح نے بتایا تھا کہ جو شخص ایک عورت کو گندی نظر سے دیکھتا ہے، ”‏وہ اپنے دل میں اُس کے ساتھ زِنا کر چُکا ہے۔“‏ d‏—‏متی 5:‏28، 29‏۔‏

9.‏ یہوواہ اِس بات سے نفرت کیوں کرتا ہے کہ ایک شوہر اپنی بیوی کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرتے وقت اُسے ایسے کام کرنے پر مجبور کرے جسے وہ نہیں کرنا چاہتی؟‏

9 ایک شوہر کو اپنی بیوی سے جنسی تعلق قائم کرتے وقت اُسے ایسے کام کرنے پر مجبور نہیں کرنا چاہیے جنہیں کرنے کو بیوی کا ضمیر نہیں مانتا۔‏ کچھ شوہر اپنی بیوی کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرتے وقت اُس پر ایسے کام کرنے کا دباؤ ڈالتے ہیں جنہیں کرنے سے بیوی کو گِھن آتی ہے اور اُسے احساس ہوتا ہے کہ اُس کا شوہر اُس سے محبت نہیں کرتا۔ یہوواہ کو ایسے خودغرض اور بے‌رحم رویے سے نفرت ہے۔ وہ شوہروں سے یہ توقع کرتا ہے کہ وہ اپنی بیوی سے محبت کریں، اُس کا خیال رکھیں اور اُس کے احساسات کی قدر کریں۔ (‏اِفِس 5:‏28، 29‏)‏ لیکن اگر ایک مسیحی شوہر پہلے سے ہی اپنی بیوی کے ساتھ اِس حوالے سے بُری طرح سے پیش آ رہا ہے یا وہ گندی تصویریں اور فلمیں دیکھتا ہے تو کیا کِیا جا سکتا ہے؟ وہ اپنی سوچ اور کاموں کو کیسے بدل سکتا ہے؟‏

ایک شوہر اپنے بُرے رویے کو کیسے بدل سکتا ہے؟‏

10.‏ شوہروں کو یسوع مسیح کی مثال پر غور کرنے سے کیسے فائدہ ہو سکتا ہے؟‏

10 کیا چیز ایک شوہر کی مدد کر سکتی ہے تاکہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ بُری طرح سے پیش آنا چھوڑ دے؟ وہ یسوع مسیح کی مثال پر عمل کر سکتا ہے۔ حالانکہ یسوع شادی‌شُدہ نہیں تھے لیکن وہ جس طرح سے اپنے شاگردوں کے ساتھ پیش آئے، اُس سے شوہر سیکھ سکتے ہیں کہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ کیسے پیش آ سکتے ہیں۔ (‏اِفِس 5:‏25‏)‏ مثال کے طور پر شوہرو!‏ اِس بات پر غور کریں کہ یسوع کا اپنے رسولوں کے ساتھ کیسا سلوک تھا اور وہ اُن سے کیسے بات کرتے تھے۔‏

11.‏ یسوع مسیح اپنے رسولوں کے ساتھ کیسے پیش آئے؟‏

11 یسوع اپنے رسولوں کے ساتھ اِس طرح سے پیش آتے تھے جس سے اُن کے لیے عزت ظاہر ہو۔ وہ کبھی اُن کے ساتھ سختی سے پیش نہیں آئے۔ حالانکہ وہ اُن کے مالک تھے لیکن اُنہوں نے کبھی بھی اُن پر اپنا اِختیار جتانے کی کوشش نہیں کی اور نہ ہی کبھی اپنی طاقت کا دِکھاوا کر کے اُنہیں ڈرانے کی کوشش کی۔ اِس کی بجائے یسوع خاکساری سے اُن کی خدمت کرتے تھے۔ (‏یوح 13:‏12-‏17‏)‏ اُنہوں نے اپنے شاگردوں سے کہا:‏ ”‏مجھ سے سیکھیں کیونکہ مَیں نرم‌مزاج اور دل سے خاکسار ہوں۔ پھر آپ تازہ‌دم ہو جائیں گے۔“‏ (‏متی 11:‏28-‏30‏)‏ غور کریں کہ یسوع نرم‌مزاج تھے۔ نرم‌مزاجی کمزوری کا نام نہیں بلکہ اِس خوبی سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایک شخص اندر سے کتنا مضبوط ہے۔ ایک نرم‌مزاج شخص ایسی صورتحال میں بھی پُر سکون رہتا اور خود پر قابو رکھتا ہے جو غصے کی وجہ بن سکتی ہیں۔‏

12.‏ یسوع مسیح دوسروں سے کس طرح سے بات کرتے تھے؟‏

12 یسوع لوگوں سے ہمیشہ ایسے بات کرتے تھے جس سے اُنہیں تسلی ملے اور وہ تازہ‌دم ہو جائیں۔ وہ اپنے پیروکاروں کے ساتھ سختی سے بات نہیں کرتے تھے۔ (‏لُو 8:‏47، 48‏)‏ یہاں تک کہ جب اُن کے مخالفوں نے اُن کی بے‌عزتی کی اور اُنہیں غصہ دِلانے کی کوشش کی تو یسوع نے ”‏بدلے میں[‏اُن کی]‏بے‌عزتی نہیں کی۔“‏ (‏1-‏پطر 2:‏21-‏23‏)‏ کبھی کبھار تو یسوع کسی کو سخت جواب دینے کی بجائے خاموش رہے۔ (‏متی 27:‏12-‏14‏)‏ یسوع نے واقعی مسیحی شوہروں کے لیے بڑی زبردست مثال قائم کی ہے!‏

13.‏ متی 19:‏4-‏6 کے مطابق ایک شوہر”‏اپنی بیوی کے ساتھ جُڑا“‏ کیسے رہ سکتا ہے؟ (‏تصویر کو بھی دیکھیں۔)‏

13 یسوع مسیح نے شوہروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی بیوی کے وفادار رہیں۔ اُنہوں نے اپنے آسمانی باپ کی بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک شوہر کو اپنی بیوی سے ’‏جُڑے رہنا‘‏ چاہیے۔ ‏(‏متی 19:‏4-‏6 کو پڑھیں۔)‏ اِس آیت میں اِصطلا‌ح ’‏جُڑے رہنے‘‏ کے لیے جو یونانی فعل اِستعمال ہوا ہے، اُس کا لفظی مطلب ہے:‏ ”‏گوند سے جوڑنا۔“‏ تو میاں بیوی کے بیچ شادی کا بندھن اِتنا مضبوط ہونا چاہیے جیسے وہ ایک دوسرے کے ساتھ گوند سے جُڑ گئے ہوں۔ اگر اِس بندھن میں رہتے ہوئے کوئی ایک بھی کسی دوسرے کو تکلیف پہنچائے گا تو نقصان دونوں کا ہی ہوگا۔ جو شخص اپنی بیوی کے ساتھ اپنے بندھن کو مضبوط رکھتا ہے، وہ ہر طرح کی فحاشی کو رد کرے گا۔ وہ فوراً ’‏اپنی آنکھوں کو بے‌کار چیزوں سے پھیر‘‏ لے گا۔ (‏زبور 119:‏37‏)‏ دراصل وہ تو اپنی آنکھوں سے عہد کرے گا کہ وہ کسی عورت کو غلط نظر سے نہیں دیکھے گا۔—‏ایو 31:‏1‏۔‏

جو شوہر اپنی بیوی کا وفادار ہوتا ہے، وہ گندی تصویریں اور فلمیں نہیں دیکھتا۔ (‏پیراگراف نمبر 13 کو دیکھیں۔)‏ f


14.‏ اگر ایک شوہر اپنی بیوی کے ساتھ بُرا سلوک کرتا ہے تو وہ یہوواہ اور اپنی بیوی کے ساتھ اپنا رشتہ ٹھیک کرنے کے لیے کون سے قدم اُٹھا سکتا ہے؟‏

14 اگر ایک شوہر اپنی بیوی کو مارتا پیٹتا یا اُس سے گالی گلوچ کرتا اور اُس کی بے‌عزتی کرتا ہے تو اُسے یہوواہ اور اپنی بیوی کے ساتھ اپنے رشتے کو ٹھیک کرنے کے لیے اَور بھی قدم اُٹھانے چاہئیں۔ یہ کون سے قدم ہیں؟ سب سے پہلے تو اُسے یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ جو کچھ وہ کر رہا ہے، وہ بہت سنگین مسئلہ ہے اور یہوواہ کی نظر سے چھپا نہیں۔ (‏زبور 44:‏21؛‏ واعظ 12:‏14؛‏ عبر 4:‏13‏)‏ دوسرا،‏ اُسے اپنی بیوی کے ساتھ بُری طرح سے پیش آنا چھوڑنا ہوگا اور اپنے رویے کو بدلنا ہوگا۔ (‏اَمثا 28:‏13‏)‏ تیسرا،‏ اُسے اپنی بیوی اور یہوواہ سے معافی مانگنی ہوگی۔ (‏اعما 3:‏19‏)‏ اُسے یہوواہ سے یہ اِلتجا بھی کرنی ہوگی کہ وہ اُس میں یہ خواہش ڈالے کہ وہ خود کو بدلے اور اپنی سوچ اور باتوں کو قابو میں رکھے اور وہ کام کرے جو یہوواہ کو پسند ہیں۔ (‏زبور 51:‏10-‏12؛‏ 2-‏کُر 10:‏5؛‏ فِل 2:‏13‏)‏ چوتھا،‏ اُسے اپنی دُعاؤں کے مطابق ہر طرح کے تشدد اور گالی گلوچ سے نفرت کرنی ہوگی۔ (‏زبور 97:‏10‏)‏ پانچواں،‏ اُسے کلیسیا کے شفیق چرواہوں سے فوراً مدد لینی ہوگی۔ (‏یعقو 5:‏14-‏16‏)‏ چھٹا،‏ اُسے منصوبہ بنانا ہوگا کہ وہ آگے چل کر بھی اپنے بُرے رویے اور کاموں سے دُور رہنے کے لیے کیا کرے گا۔ اگر ایک شوہر گندی تصویریں اور فلمیں دیکھتا ہے تو اُسے بھی یہی قدم اُٹھانے چاہئیں۔ جو شوہر خود کو بدلنے کی کوشش کرے گا، یہوواہ اُس کی کوششوں کو ضرور برکت دے گا۔ (‏زبور 37:‏5‏)‏ لیکن ایک شوہر کو صرف اُنہی کاموں سے باز نہیں آنا چاہیے جن سے اُس کی بیوی کو تکلیف پہنچتی ہے بلکہ اُسے یہ بھی سیکھنا چاہیے کہ وہ اپنی بیوی کے لیے عزت کیسے دِکھا سکتا ہے۔ آئیے دیکھیں کہ وہ یہ کیسے کر سکتا ہے۔‏

آپ اپنی بیوی کی عزت کیسے کر سکتے ہیں؟‏

15.‏ ایک شوہر اپنی بیوی کے لیے محبت کیسے دِکھا سکتا ہے؟‏

15 اپنی بیوی سے محبت کا اِظہار کریں۔‏ کچھ بھائی جن کی شادی‌شُدہ زندگی خوشیوں سے بھری ہے، وہ ہر دن اپنی بیوی کو اپنی محبت کا احساس دِلانے کے لیے کچھ نہ کچھ کرتے ہیں۔ (‏1-‏یوح 3:‏18‏)‏ ایک شوہر چھوٹے موٹے طریقوں سے اپنی بیوی کے لیے محبت ظاہر کر سکتا ہے جیسے کہ وہ اُس کا ہاتھ تھام سکتا ہے یا اُسے گلے لگا سکتا ہے۔ وہ دن کے دوران اُسے فون پر میسج بھیج کر پوچھ سکتا ہے کہ کیا اُس نے کھانا کھایا ہے یا اُس کا دن کیسا چل رہا ہے۔ وہ اُسے کارڈ میں ایسی باتیں لکھ کر دے سکتا ہے جن سے اُس کی بیوی کو محسوس ہو کہ وہ اُس سے کتنا پیار کرتا ہے۔ وہ اُسے پھول وغیرہ بھی دے سکتا ہے۔ جب ایک شوہر اِن طریقوں سے اپنی بیوی سے محبت کا اِظہار کرتا ہے تو وہ اُس کے لیے عزت دِکھاتا ہے اور اُن کا رشتہ مضبوط ہوتا ہے۔‏

16.‏ ایک شوہر کو اپنی بیوی کی تعریف کیوں کرنی چاہیے؟‏

16 اپنی بیوی کو بتائیں کہ آپ اُس کی بہت قدر کرتے ہیں۔‏ جو شوہر اپنی بیوی کی عزت کرتا ہے، وہ اچھی باتیں کہنے سے اُس کا حوصلہ بڑھاتا ہے۔ مثال کے طور پر وہ ہر اُس کام کے لیے اُس کا شکریہ ادا کرتا ہے جو وہ اُس کا ساتھ دینے کے لیے کرتی ہے۔ (‏کُل 3:‏15‏)‏ جب ایک شوہر دل سے اپنی بیوی کی تعریف کرتا ہے تو اُس کی بیوی کا دل خوشی سے بھر جاتا ہے۔ اُسے محبت اور تحفظ کا احساس ہوتا ہے اور وہ دیکھ پاتی ہے کہ اُس کا شوہر اُس کی کتنی عزت کرتا ہے۔—‏اَمثا 31:‏28‏۔‏

17.‏ ایک شوہر اپنی بیوی کے لیے عزت کیسے دِکھا سکتا ہے؟‏

17 اپنی بیوی کے ساتھ نرمی اور عزت سے پیش آئیں۔‏ جو شوہر اپنی بیوی سے محبت کرتا ہے، وہ اُس کی قدر کرتا اور اُس کا خیال رکھتا ہے۔ وہ اُسے یہوواہ کی طرف سے ایک بیش‌قیمت تحفہ سمجھتا ہے۔ (‏اَمثا 18:‏22؛‏ 31:‏10‏)‏ اِس طرح وہ اکیلے میں بھی یا اُس کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرتے وقت بھی اُس کے ساتھ پیار سے پیش آتا ہے اور اُس کے لیے عزت دِکھاتا ہے۔ وہ اپنی بیوی کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرتے وقت اُسے کوئی بھی ایسا کام کرنے کو نہیں کہتا جسے کرنا اُسے بُرا لگے یا جسے کرنے کو اُس کا ضمیر نہ مانے۔‏ e وہ خود بھی یہوواہ کے سامنے اپنا ضمیر صاف رکھتا ہے۔—‏اعما 24:‏16‏۔‏

18.‏ شوہروں کو کیا عزم کرنا چاہیے؟ (‏بکس ”‏ بیوی کے لیے عزت دِکھانے کے چار طریقے‏“‏ کو بھی دیکھیں۔)‏

18 شوہرو!‏ آپ اپنی باتوں اور کاموں سے اپنی بیوی کے لیے جو عزت دِکھا رہے ہیں، یہوواہ اُسے دیکھ رہا ہے اور وہ اِس کی بہت قدر کرتا ہے۔ یہ عزم کریں کہ آپ کوئی بھی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے آپ کی بیوی کو تکلیف پہنچے۔ اِس کی بجائے آپ اُس کے ساتھ نرمی اور عزت سے پیش آئیں گے اور اُس سے محبت کا اِظہار کریں گے۔ اِس طرح آپ اُسے دِکھا پائیں گے کہ آپ اُس کی کتنی قدر کرتے ہیں۔ سب سے بڑھ کر اپنی بیوی کی عزت کرنے سے آپ اپنے سب سے اہم رشتے کی حفاظت کر رہے ہوں گے یعنی یہوواہ کے ساتھ اپنی دوستی کی۔—‏زبور 25:‏14‏۔‏

گیت نمبر 131‏:‏ شادی کا مُقدس بندھن

a شوہروں کو جنوری 2024ء کے ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ میں مضمون ”‏کیا آپ عورتوں کے ساتھ ویسے ہی پیش آتے ہیں جیسے یہوواہ پیش آتا ہے؟‏‏“‏ کو پڑھنے سے بھی بہت فائدہ ہوگا۔‏

b اِصطلاح کی وضاحت:‏ جس یونانی لفظ کا ترجمہ ‏”‏گالی گلوچ“‏ کِیا گیا ہے، اُس میں کسی کو اُلٹے سیدھے نام سے بُلانا، بے‌رحمی سے کسی کی تنقید کرنا، کسی کی بے‌عزتی کرنے یا اُسے نیچا دِکھانے کے لیے باتیں سنانا شامل ہیں۔ تو کوئی بھی ایسی بات جو ایک شوہر اپنی بیوی کا دل دُکھانے یا اُس کی بے‌عزتی کرنے کے لیے کرتا ہے، وہ گالی گلوچ میں آتی ہے۔‏

c ویب‌سائٹ jw.org اور ‏”‏جے‌ڈبلیو لائبریری“‏ پر مضمون ”‏گندی تصویریں اور فلمیں دیکھنے کی عادت آپ کی شادی کو تباہ کر سکتی ہے‏“‏ کو دیکھیں۔‏

d اگر ایک عورت کا شوہر گندی تصویریں اور فلمیں دیکھتا ہے تو اُسے اگست 2023ء کے ‏”‏مینارِنگہبانی“‏ میں مضمون ”‏اگر آپ کا جیون ساتھی گندی تصویریں اور فلمیں دیکھتا ہے تو آپ کیا کر سکتے ہیں؟‏‏“‏ کو پڑھنے سے فائدہ ہوگا۔‏

e بائبل میں تفصیل سے نہیں بتایا گیا کہ جب ایک شوہر اور بیوی سیکس کرتے ہیں تو اِس دوران کون سے کام جائز ہیں اور کون سے ناجائز۔ ہر میاں بیوی کو خود طے کرنا چاہیے کہ محبت کا اِظہار کرتے وقت وہ کون سے کام کریں گے جن سے یہوواہ کی بڑائی ہو، وہ ایک دوسرے سے خوش ہوں اور اپنے ضمیر کو صاف رکھ سکیں۔ میاں بیوی اپنے بیچ ہونے والے جنسی معاملات کے بارے میں کسی دوسرے کو نہیں بتائیں گے۔‏

f تصویر کی وضاحت‏:‏ ایک بھائی کے ساتھ کام کرنے والے کچھ آدمی اُسے گندی تصویروں والا رسالہ دیکھنے کو کہہ رہے ہیں۔‏