اندھیرے میں جگمگ کرتی ”چھوٹی ریلگاڑی“
اندھیرے میں جگمگ کرتی ”چھوٹی ریلگاڑی“
▪ برازیل کے ایک دیہات میں ایک شام جھاڑی کے نیچے سے بھونرے کا چھوٹا بچہ نکل آیا۔ یہ کوئی معمولی کیڑا نہیں بلکہ ۷ سینٹیمیٹر [دو اِنچ] لمبا لاروا تھا۔ اس کے سر پر دو سُرخ ”بتیاں“ تھیں جو اس کے سامنے کے راستہ کو روشن کرتی تھیں۔ اس کے دونوں طرف سبز مائل زرد بتیوں کے گیارہ جوڑے چمکتے تھے۔ یہ کیڑا شمالی اور جنوبی امریکہ میں پایا جاتا ہے۔ اِس بھونرے کی مادہ لاروے کی شکل میں ہی رہتی ہے۔ اپنی اِس بناوٹ کی وجہ سے یہ ریلگاڑی کی طرح لگتی ہے، اس لئے برازیلی باشندے عام طور پر اسے چھوٹی ریلگاڑی کہتے ہیں۔
ہلکے بھورے رنگ کا یہ کیڑا دن کی روشنی میں بمشکل دکھائی دیتا ہے۔ لیکن رات کے وقت اسے اپنی تیز روشنی کی وجہ سے آسانی سے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کیڑے کی بتیاں ایک کیمیائی عمل کی وجہ سے روشنی پیدا کرتی ہیں۔ یہ کیڑا سُرخ، نارنجی، سبز اور پیلے رنگ کی روشنی خارج کرتا ہے۔
اس کیڑے کی سُرخ بتیاں ہمیشہ جلتی رہتی ہیں جبکہ سبز مائل زرد بتیاں جلتی بجھتی رہتی ہیں۔ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ سُرخ بتیاں کیڑے کو اپنا منپسند شکار کنکھجورا ڈھونڈنے میں مدد دیتی ہیں۔ اس کی سبز مائل زرد بتیاں اس کیڑے کو چیونٹیوں، مینڈکوں اور مکڑوں کا شکار ہونے سے بچاتی ہیں۔ یوں لگتا ہے جیسے کیڑا اپنے شکارخوروں سے کہہ رہا ہو کہ ”یہاں سے چلے جاؤ، مَیں بہت بدمزہ ہوں!“ یہ کیڑا کنکھجورے پر حملہ کرتے وقت بھی روشنی خارج کرتا ہے اور اُس وقت بھی جب مادہ اپنے انڈوں کی حفاظت کے لئے اُن کے گرد گھومتی ہے۔ لیکن عام حالات میں پیلی بتیوں کی روشنی کبھی بہت تیز اور کبھی مدھم ہو جاتی ہے۔
واقعی، جنگل میں اِن غیرمعمولی کیڑوں کی خوبصورتی کو دیکھ کر زبورنویس کے اپنے خالق کی تمجید میں کہے گئے یہ الفاظ یاد آتے ہیں: ”زمین تیری مخلوقات سے معمور ہے۔“—زبور ۱۰۴:۲۴۔
[صفحہ ۳۲ پر تصویر کا حوالہ]
Robert F. Sisson/ National Geographic Image Collection