مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

روحوں سے رابطہ کرنا خطرناک کیوں ہے؟‏

روحوں سے رابطہ کرنا خطرناک کیوں ہے؟‏

پاک صحائف کی روشنی میں

روحوں سے رابطہ کرنا خطرناک کیوں ہے؟‏

جنوب‌مشرقی ایشیا کے ایک ملک میں ایک بِھیڑ جمع ہے۔‏ یہ لوگ روحوں کی پرستش کرنے کیلئے جشن منا رہے ہیں۔‏ ایک دم سے دو عورتوں پر سکتہ طاری ہو جاتا ہے اور اُنہیں جھٹکے آنے لگتے ہیں۔‏ وہ مدہوشی کی حالت میں جھومنے لگتی ہیں۔‏

پورٹو ریکو میں کئی لوگ ایک نجومی کے ساتھ ایک کمرے میں جمع ہیں۔‏ نجومی چانگو نامی ایک روح سے رابطہ کرتا ہے اور اُسے روح سے کچھ پیغامات حاصل ہوتے ہیں۔‏ اچانک کمرے میں موجود لوگ روح کے قبضے میں آ کر تھرتھرانے لگتے ہیں۔‏

بہت سے ممالک میں روحوں اور جنّات سے رابطہ کرنے کا رواج عام ہو گیا ہے۔‏ لوگ تجسّس میں پڑ کر جادوٹونے میں بھی زیادہ دلچسپی لینے لگے ہیں۔‏ روحوں،‏ جنّات اور جادوٹونے کے بارے میں بہت سی کتابیں شائع ہوتی ہیں اور اس موضوع پر بہت سے ٹی‌وی پروگرامز،‏ ویڈیو گیمز اور فلمیں بھی بنائی جاتی ہیں۔‏

لوگ تجسّس کی تسکین کے لئے یا پوشیدہ باتوں کے بارے میں جاننے کی خاطر جادوٹونے میں دلچسپی لینے لگتے ہیں۔‏ لیکن خدا کے کلام کے مطابق جادوٹونا اور جنّات سے رابطہ کرنا بہت خطرناک ہے۔‏ جنّات دراصل شیطان کی حمایت کرنے والے بُرے فرشتے ہیں جنہوں نے خدا کے خلاف بغاوت کی تھی۔‏ اس لئے انہیں بدروحیں اور شیاطین بھی کہا جاتا ہے۔‏—‏مکاشفہ ۱۲:‏۹،‏ ۱۲‏۔‏

جس طرح ایک ماہی‌گیر مچھلی پکڑنے کے لئے چارہ استعمال کرتا ہے اسی طرح جنّات لوگوں کو اپنے جال میں پھنسانے کے لئے جادوگری،‏ فال‌گیری،‏ علمِ‌نجوم وغیرہ استعمال کرتے ہیں۔‏ بدروحوں کے سردار یعنی شیطان کو خدا کے کلام میں ’‏اِس جہان کا خدا‘‏ کہا گیا ہے۔‏ اُس نے لوگوں کی عقلوں کو اندھا کر دیا ہے تاکہ وہ پاک صحائف میں درج سچائیوں کو نہ پہچان سکیں۔‏—‏۲-‏کرنتھیوں ۴:‏۴‏۔‏

ایک خطرناک کھیل

بدروحیں ہمیں خدا سے دُور کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔‏ وہ چاہتی ہیں کہ لوگ اُن کے دھوکے میں آ کر خدا کے حکموں کی خلاف‌ورزی کریں۔‏ اس لئے ایسے لوگ جو جادوگری میں حصہ لیتے ہیں وہ خدا کی خوشنودی سے محروم رہتے ہیں۔‏ یہ لوگ مایوسی کا شکار ہوتے ہیں اور مستقبل میں اُنہیں تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔‏—‏مکاشفہ ۲۱:‏۸‏۔‏

پورٹو ریکو کا رہنے والا لُوئیس کہتا ہے:‏ ”‏میرے بچپن سے ہی میرا خاندان فال نکالا کرتا تھا۔‏ ہمارے لئے فال‌گیری مذہب کے برابر تھی۔‏ میرا خیال تھا کہ مستقبل کے بارے میں پیشگوئی کرنے اور فال نکالنے کی لیاقت مجھ میں قدرتی طور پر موجود تھی۔‏ اِس لیاقت کی وجہ سے مَیں اکثر لاٹری کے نمبروں کو پہلے ہی سے جان لیتا تھا اور اِس طرح مَیں دوسروں کو لاٹری میں جیتنے میں مدد دیتا۔‏ لیکن جس بات کو مَیں قدرتی لیاقت سمجھتا تھا یہ دراصل مجھے پاک صحائف کی تعلیم اور خدا کی قُربت حاصل کرنے سے روک رہی تھی۔‏“‏—‏یوحنا ۱۷:‏۳‏۔‏

کئی لوگوں کا خیال ہے کہ روحوں سے تعلق قائم کرنے سے اُنہیں نقصان نہیں بلکہ فائدہ ہوگا۔‏ وہ کہتے ہیں کہ یہ روحیں اُن کے علم کو بڑھا سکتی ہیں،‏ اور اُنہیں دولت اور خوشی حاصل کرنے میں مدد دے سکتی ہیں۔‏ لیکن ایسے لوگ دھوکے کا شکار ہیں۔‏ لُوئیس کہتا ہے کہ ”‏اِن فائدوں کو حاصل کرنے کے لئے ایک شخص کو بھاری قیمت چکانی پڑتی ہے۔‏“‏

چیڈ نامی ایک جوان آدمی روحوں سے تعلق رکھنے کے نتیجے میں خوف‌ناک خواب دیکھنے لگا۔‏ رات کو جونہی اُس کی آنکھ لگ جاتی روحیں اُسے جھنجھوڑ کر جگا دیتیں۔‏ وہ بتاتا ہے:‏ ”‏ہر رات بدروحیں مجھے اذیت پہنچاتیں۔‏“‏ ایسی اذیت سے حفاظت حاصل کرنے کے لئے ہم کیا کر سکتے ہیں؟‏

ہم بدروحوں کا مقابلہ کیسے کر سکتے ہیں؟‏

بدروحوں کا مقابلہ کرنے کے لئے یہ بہت ضروری ہے کہ ہم تمام ایسی چیزوں سے کنارہ کریں جن کا تعلق بدروحوں اور جادوٹونے سے ہو۔‏ (‏گلتیوں ۵:‏۱۹-‏۲۱‏)‏ یہوواہ خدا اپنے خادموں کو یہ ہدایت دیتا ہے:‏ ”‏تُم میں کوئی شخص ایسا نہ پایا جائے جو .‏ .‏ .‏ غیب‌دانی اور جادوگری اور فالگیری یا سحرطرازی کرتا ہو یا منتر پڑھنے والا ہو یا بدروحوں سے واسطہ رکھتا ہو یا مُردوں سے مشورہ کرتا ہو۔‏ جو شخص ایسے کام کرتا ہے وہ [‏یہوواہ]‏ کے نزدیک قابلِ‌نفرت ہے۔‏“‏—‏استثنا ۱۸:‏۱۰-‏۱۲‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

ان الفاظ پر عمل کرتے ہوئے بہتیرے لوگوں نے ایسی کتابیں اور چیزیں پھینک دی ہیں جو جادوگری سے تعلق رکھتی ہیں۔‏ کین نامی ایک شخص جو بدروحوں کا مقابلہ کرنے میں کامیاب رہا ہے،‏ وہ کہتا ہے:‏ ”‏مَیں نے اپنے گھر کی تمام چیزوں کا جائزہ لیا اور اُن چیزوں کو پھینک دیا جو بدروحوں سے تعلق رکھتی ہیں۔‏“‏—‏اعمال ۱۹:‏۱۹،‏ ۲۰‏۔‏

بدروحوں کے واروں کا مقابلہ کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ سچے خدا یہوواہ کے نزدیک جائیں۔‏ خدا کے کلام میں یعقوب ۴:‏۷،‏ ۸ میں ہمیں یہ نصیحت دی گئی ہے:‏ ”‏خدا کے تابع ہو جاؤ اور ابلیس کا مقابلہ کرو تو وہ تُم سے بھاگ جائے گا۔‏ خدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئے گا۔‏ اَے گنہگارو!‏ اپنے ہاتھوں کو صاف کرو اور اَے دو دِلو!‏ اپنے دلوں کو پاک کرو۔‏“‏

یہوواہ خدا ایسے لوگوں کو جو اُس کی قُربت میں ہیں،‏ شیطان کی ”‏چال‌بازی“‏ سے آگاہ کرتا ہے اور اُنکی حفاظت بھی کرتا ہے۔‏ اس طرح یہ لوگ شیطان کے دھوکے میں پڑنے سے بچ سکتے ہیں۔‏ (‏۲-‏کرنتھیوں ۲:‏۱۱؛‏ ۱۱:‏۱۴‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن‏)‏ یہوواہ خدا قادرِمطلق ہے۔‏ جب ہم ایمان کے ساتھ اُس سے تحفظ کے لئے دُعا کرتے ہیں تو وہ ہمیں بدروحوں کے واروں سے بچائے رکھے گا۔‏ چیڈ جس کا ذکر پہلے ہوا ہے،‏ وہ بتاتا ہے:‏ ”‏مَیں اِس بات سے واقف تھا کہ مَیں بدروحوں کی گِرفت میں ہوں۔‏ اِس لئے مَیں اُونچی آواز میں یہوواہ خدا سے حفاظت کے لئے دُعا کرتا۔‏ اس طرح بدروحوں نے مجھے تنگ کرنا چھوڑ دیا۔‏“‏—‏زبور ۹۱:‏۱،‏ ۲‏۔‏

خلوص‌دل لوگ اِس بات کے لئے شکرگزار ہیں کہ اُنہیں خدا کی حفاظت حاصل ہے۔‏ بہت جلد بدروحوں کو اور اُن کی پیروی کرنے والوں کو تباہ کر دیا جائے گا۔‏ ذرا سوچیں کہ جب انسان بدروحوں کے اثر سے نجات پائیں گے تو زمین پر امن اور چین کا کیا ہی خوشگوار دَور شروع ہو جائے گا!‏—‏یسعیاہ ۱۱:‏۹؛‏ مکاشفہ ۲۲:‏۱۵‏۔‏

کیا آپ نے غور کِیا ہے کہ .‏ .‏ .‏

▪ مسیحیوں کو کن کاموں سے کنارہ کرنا چاہئے؟‏—‏استثنا ۱۸:‏۱۰-‏۱۲؛‏ مکاشفہ ۲۱:‏۸‏۔‏

▪ جادوٹونے کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے؟‏—‏۲-‏کرنتھیوں ۲:‏۱۱؛‏ ۱۱:‏۱۴؛‏ مکاشفہ ۱۲:‏۹،‏ ۱۲‏۔‏

▪ ہم بدروحوں کا مقابلہ کیسے کر سکتے ہیں؟‏—‏یعقوب ۴:‏۷،‏ ۸‏۔‏

‏[‏صفحہ ۱۰ پر تصویر]‏

جس طرح ایک ماہی‌گیر مچھلی پکڑنے کے لئے چارہ استعمال کرتا ہے اسی طرح جنّات لوگوں کو اپنے جال میں پھنسانے کے لئے جادوگری،‏ فال‌گیری،‏ علمِ‌نجوم وغیرہ استعمال کرتے ہیں