مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کواٹی—‏ایک نٹ‌کھٹ سا جانور

کواٹی—‏ایک نٹ‌کھٹ سا جانور

کواٹی‏—‏ایک نٹ‌کھٹ سا جانور

برازیل سے جاگو!‏ کا نامہ‌نگار

اگر آپ برازیل میں ہیں اور اتفاقاً آ پ کا گزر کسی گھنے جنگل سے ہوتا ہے تو شاید آپ کو وہاں کواٹیوں کا ایک غول اپنی طرف آتا دکھائی دے۔‏ اچانک اُنہیں اپنے سامنے دیکھ کر آپ کے رونگٹے کھڑے ہو سکتے ہیں۔‏ آپ شاید سوچیں کہ اب تو بچنا مشکل ہے۔‏ مگر گھبرائیں مت!‏ اگرچہ کواٹیوں کے بارے میں یہ مشہور ہے کہ وہ انسانوں کو کاٹتے ہیں لیکن سچ تو یہ ہے کہ اِن کی نظر آپ کے بیگ پر ہوتی ہے۔‏ دراصل کواٹی ہمیشہ کھانے کی تلاش میں رہتے ہیں۔‏ اُنہیں جو کچھ بھی ملتا ہے سب چٹ کر جاتے ہیں خواہ یہ پھل ہوں یا کیڑے مکوڑے،‏ چھپکلیاں،‏ مکڑیاں،‏ چوہے یا پھر پرندوں کے انڈے۔‏

کواٹی کا تعلق راکون کے خاندان سے ہے۔‏ لیکن راکون کے برعکس اِس کا جسم اور دُم زیادہ لمبی ہوتی ہے جبکہ اِس کی تھوتھنی پتلی اور لچکدار ہوتی ہے۔‏ کواٹی کا جسم ۲۶ انچ لمبا ہوتا ہے اور اِس کی دُم بھی لگ‌بھگ اتنی ہی لمبی ہوتی ہے۔‏ گرم مرطوب علاقے کا یہ ممالیا یعنی دُودھ پلانے والا جانور امریکہ کے جنوب مغرب سے لیکر شمالی ارجنٹینا تک پایا جاتا ہے۔‏

مادہ کواٹی ۲۰ یا زیادہ کے غول بنا کر سفر کرتی ہیں جبکہ نر کواٹی تنہا رہنا پسند کرتے ہیں۔‏ ہر سال جب افزائشِ نسل کا موسم آتا ہے تو نر کواٹی مادہ کواٹیوں کے غول میں شامل ہو جاتا ہے۔‏ اِس کے ۷ یا ۸ ہفتوں بعد گابھن کواٹیاں غول کو چھوڑ کر درختوں کی کھوہ میں اپنے گھر بنانے کے لئے چلی جاتی ہیں۔‏ ہر مادہ تین یا چار بچے دیتی ہے۔‏ اِس کے تقریباً چھے ہفتے بعد مادہ کواٹیاں اپنے ننھےمنے بچوں سمیت دوبارہ غول میں شامل ہو جاتی ہیں۔‏ اِن کے بچے اُون کی طرح نرم و ملائم ہوتے ہیں۔‏

جب کواٹی جنگل میں اِدھر اُدھر گھوم رہے ہوتے ہیں تو وہ متواتر ہوا میں سونگھتے اور اپنے پنجوں سے زمین کو کھودتے رہتے ہیں۔‏ کسان اِنہیں بالکل پسند نہیں کرتے کیونکہ وہ اُن کے مکئی کے کھیتوں کو خراب کرتے اور پولٹری فارمز کو نقصان پہنچاتے ہیں۔‏ جب کواٹی کا شکار کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو یہ جانور بڑی ہوشیاری سے اپنی جان بچا لیتے ہیں۔‏ جونہی اِنہیں خطرہ محسوس ہوتا ہے تو یہ چالاک جانور درختوں کی کھوہ میں واقع اپنے گھروں میں چھپ جاتے ہیں۔‏ اُن کے پاس اپنی جان بچانے کا ایک اَور طریقہ بھی ہے۔‏ جیسے ہی گولی چلنے یا تالی بجنے کی آواز اُن کے کانوں میں پڑتی ہے تو وہ دَم سادھ کر زمین پر لیٹ جاتے ہیں!‏ لیکن جب تک شکاری اُنہیں پکڑنے کے لئے قریب پہنچتا ہے وہ وہاں سے غائب ہو چکے ہوتے ہیں!‏

جب کبھی آپ برازیل جائیں اور اچانک آپ کو بھی کواٹیوں کا ایک غول نظر آئے تو اُنہیں دیکھ کر گھبرائیں مت۔‏ وہ آپ کو کچھ نہیں کہیں گے۔‏ ہاں اگر آپ کھانے کے لئے اُن کی طرف کچھ پھینکیں گے تو وہ یقیناً خوش ہوں گے!‏