مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا وہ واقعی کامیاب ہیں؟‏

کیا وہ واقعی کامیاب ہیں؟‏

کیا وہ واقعی کامیاب ہیں؟‏

بیس سال کی عمر میں ہی وہ ایک مشہور گلوکارہ بن گئی۔‏ اتنی کم‌عمر میں چند ہی لوگ اتنے مشہور اور امیر ہوتے ہیں جتنا کہ وہ تھی۔‏ لیکن پھر اُس کی دو شادیاں ناکام ہو گئیں۔‏ اُسے شراب اور منشیات کی عادت پڑ گئی اور اُسے اپنا علاج کروانا پڑا۔‏ وہ مسائل کے سمندر میں ڈوبنے لگی۔‏

افسوس کی بات ہے کہ اِس جوان عورت کی داستان انوکھی نہیں ہے۔‏ خبروں میں مشہور ہستیوں کی افسوسناک کہانیاں اکثر سننے میں آتی ہیں۔‏ یہاں تک کہ کاروباری دُنیا میں کامیاب نظر آنے والے بہت سے لوگ بھی حقیقی خوشی سے محروم ہیں۔‏ ایک اخبار میں نیو یارک کے سب سے کامیاب کاروباری لوگوں کے بارے میں یوں کہا گیا ہے:‏ ”‏زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کی دُھن میں یہ لوگ اپنے کاروبار اور اپنی خاندانی زندگی کو داؤ پر لگا دیتے ہیں اور اس وجہ سے اُن میں سے بہتیرے منشیات کی لت میں پڑ جاتے ہیں۔‏ .‏ .‏ .‏ جب انہیں بڑی بڑی رقمیں بونس کے طور پر ملتی ہیں تو وال سٹریٹ کے کئی سرمایہ‌کار خود کو سب سے افضل خیال کرنے لگتے ہیں جبکہ دوسرے دباؤ کا شکار بن کر نفسیاتی مریض بن جاتے ہیں۔‏“‏

کیا کاروبار میں کامیاب ہونے سے ہی حقیقی خوشی حاصل ہو سکتی ہے؟‏ یہ سچ ہے کہ خوشگوار زندگی گزارنے کے لئے کسی حد تک پیسے کی ضرورت ہوتی ہے۔‏ لیکن کیا زندگی میں کامیاب ہونے کے لئے دولت‌مند ہونا ضروری ہے؟‏ جی‌نہیں۔‏ چین میں ہونے والے ایک جائزے سے ظاہر ہوا کہ جب لوگوں کی اوسطاً آمدنی میں ۲۵۰ فیصد اضافہ ہوا تو بھی لوگ اپنی زندگی سے مطمئن نہیں تھے۔‏

لہٰذا،‏ حقیقی کامیابی کا اندازہ اِس بات سے نہیں لگایا جا سکتا کہ کسی کے پاس کتنا شاندار گھر یا کتنی قیمتی گاڑی ہے۔‏ اس کی بجائے کامیابی کا اندازہ اِس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک شخص کیسی شخصیت کا مالک ہے،‏ وہ کونسے اصولوں کے مطابق زندگی گزارتا ہے اور وہ اپنی زندگی میں کن باتوں کو اہمیت دیتا ہے۔‏ مثال کے طور پر اگر کوئی شخص ذہین اور بااختیار ہے لیکن اُس کی زندگی محبت سے خالی ہے اور وہ سچے دوست نہیں رکھتا تو کیا وہ واقعی کامیاب کہلائے گا؟‏ اکثر ایسے لوگ جنہوں نے شہرت حاصل کی ہے اور دولت کمائی ہے،‏ وہ خود سے پوچھتے ہیں کہ ”‏اِن سب چیزوں کا کیا فائدہ ہے؟‏ میری زندگی تو بےمعنی ہے۔‏“‏

اِس سے نتیجہ اخذ کِیا جا سکتا ہے کہ زندگی میں کامیاب ہونے کے لئے ایسی باتیں ضروری ہیں جو مال‌ودولت،‏ اختیار یا شہرت سے بھی زیادہ اہم ہیں۔‏ مثال کے طور پر اچھے اصولوں کے مطابق زندگی گزارنے سے ایک شخص کا اعتماد بڑھ جاتا ہے،‏ وہ دلی سکون حاصل کرتا ہے اور لوگ اُس کا احترام کرتے ہیں۔‏ ایک ایسا شخص صرف اپنے لئے نہیں جیتا۔‏ اُس کی زندگی بامقصد ہوتی ہے اور اُسے حقیقی خوشی بھی ملتی ہے۔‏ آپ شاید پوچھیں کہ ”‏وہ کونسے اصول ہیں جن کے مطابق زندگی گزارنے سے ایک شخص کامیاب ہوتا ہے؟‏“‏ ہمیں اِس سوال کا جواب کہاں سے مل سکتا ہے؟‏

‏[‏صفحہ ۳ پر بکس]‏

ہر قیمت پر کامیاب ہونے کا جنون

تحقیق‌دانوں کا کہنا ہے کہ ایسے نوجوان کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جو کھیل میں اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کے لئے ادویات استعمال کرتے ہیں۔‏ اکثر ایسی دوائیاں صحت کے لئے خطرناک ہوتی ہیں۔‏ ایک رسالے میں یوں بتایا گیا:‏ ”‏حال ہی میں ہونے والے ایک جائزے میں کالج کے طالبعلموں سے پوچھا گیا کہ اگر آپ کو بتایا جائے کہ اِن دوائیوں کو لینے سے آپ کھیل میں تو جیت جائیں گے لیکن پانچ سال کے اندر اندر بیمار پڑ جائیں گے تو کیا آپ یہ دوائیاں استعمال کریں گے؟‏ اِس پر تقریباً سب نے ہاں میں جواب دیا۔‏ پھر جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا آپ یہ دوائیاں تب بھی لیں گے اگر آپ کو بتایا جائے کہ اِن کے استعمال سے آپ پانچ سال کے اندر اندر مر جائیں گے؟‏ تو ۶۵ فیصد نے پھر بھی ہاں میں جواب دیا۔‏“‏