ساتواں اُصول—مضبوط بنیاد ڈالیں
ساتواں اُصول—مضبوط بنیاد ڈالیں
اِس اُصول کی وضاحت۔ جس طرح ایک مضبوط بنیاد اِس بات کی ضمانت ہوتی ہے کہ گھر کئی سالوں تک قائم رہے گا اُسی طرح خاندان کی مضبوطی کا انحصار بھی ایک ٹھوس بنیاد پر ہوتا ہے۔ یہ بنیاد خدا کے پاک کلام سے حاصل ہونے والی دُرست راہنمائی ہے جو خاندان کی خوشی اور کامیابی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
اِس اُصول کی اہمیت۔ آجکل بازاروں میں ایسے بہت سے رسالے اور کتابیں ملتی ہیں جن میں خاندانی زندگی کے بارے میں مشورت پائی جاتی ہے۔ بہت سے ٹیوی پروگراموں میں بھی اکثر خاندان کے موضوع پر بحث ہوتی ہے۔ بعض ماہرین یہ مشورہ دیتے ہیں کہ مشکلات کی صورت میں شوہر اور بیوی کو اکٹھے رہنا چاہئے جبکہ دیگر کی رائے یہ ہوتی ہے کہ اُنہیں الگ ہو جانا چاہئے۔ لیکن ایسے معاملات میں ماہرین کی رائے اکثر بدلتی رہتی ہے۔ مثال کے طور پر، نوجوانوں کے مسائل پر تحقیق کرنے والی ایک ڈاکٹر نے ۱۹۹۴ میں لکھا کہ پہلے میرا خیال تھا کہ ”اگر شوہر اور بیوی ایک دوسرے کے ساتھ خوش نہیں تو اُنہیں اپنے بچوں کی خاطر الگ ہو جانا چاہئے۔ کیونکہ بُرے گھریلو ماحول میں رہنے کی بجائے اُن کے بچوں کے لئے اچھا ہوگا کہ وہ ماں یا باپ میں سے کسی ایک کے ساتھ خوشگوار ماحول میں رہیں۔“ لیکن بیس سال کے تجربے کے بعد اُس نے اپنی سوچ بدل لی اور یہ کہا کہ ”ماں باپ میں طلاق کی وجہ سے بچوں کی زندگی تباہ ہو جاتی ہے۔“
انسانی سوچ تو وقت کے ساتھ ساتھ بدلتی رہتی ہے مگر سب سے بہترین ہدایت خدا کے پاک کلام کے لاتبدیل اُصولوں سے حاصل ہوتی ہے۔ اِن تمام مضامین کو پڑھتے وقت آپ نے دیکھا ہوگا کہ ۳-۸ صفحات کے اُوپر خدا کے پاک کلام کا ایک اُصول درج ہے۔ ایسے اُصولوں کی مدد سے بہتیرے خاندانوں نے حقیقی خوشی اور کامیابی حاصل کی ہے۔ اگرچہ اُنہیں بھی دیگر خاندانوں کی طرح مسائل کا سامنا ہے لیکن فرق یہ ہے کہ خدا کے پاک کلام نے اُنہیں خاندانی زندگی کے سلسلے میں ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ ایسے عمدہ اور مفید اُصول صرف خدا کے پاک کلام بائبل ہی سے مل سکتے ہیں کیونکہ اِس کا مصنف یہوواہ خدا ہے جس نے شادی اور خاندان کا انتظام شروع کِیا ہے۔—۲-تیمتھیس ۳:۱۶، ۱۷۔
مشق۔ تین سے آٹھ صفحات کے شروع میں دئے گئے صحائف کی فہرست بنائیں۔ ایسے دیگر صحائف کو بھی اِس فہرست میں شامل کریں جن سے آپ کی مدد ہوئی ہے۔ اِس فہرست میں شامل تمام صحائف پر اکثر غور کرتے رہیں۔
اِس اُصول پر عمل کریں۔ اپنے خاندان کی خوشی اور کامیابی کے لئے بائبل کی ہدایت کے مطابق زندگی گزارنے کا عزم کریں۔
[صفحہ ۸، ۹ پر تصویر]
جیسے ایک گھر مضبوط بنیاد کی وجہ سے طوفان میں قائم رہتا ہے ویسے ہی خدا کے کلام کی مشورت پر عمل کرنے سے ایک خاندان مشکلات میں قائم رہتا ہے