پہلا اُصول—اپنے خاندان کو اہم سمجھیں
پہلا اُصول—اپنے خاندان کو اہم سمجھیں
”تاکہ تُم بہتر چیزوں کا امتیاز کر سکو۔“—فلپیوں ۱:۱۰، کیتھولک ترجمہ۔
اِس اُصول کی وضاحت۔ خوشگوار گھریلو زندگی گزارنے والے شوہر اور بیوی اپنی ذات، جائیداد، ملازمت اور دوستوں یا رشتہداروں سے زیادہ اپنے جیونساتھی کو اہم سمجھتے ہیں۔ وہ ایک دوسرے اور اپنے بچوں کے ساتھ خاصا وقت صرف کرتے ہیں۔ وہ دونوں اپنے خاندان کی بھلائی کی خاطر ہر قربانی دینے کے لئے تیار رہتے ہیں۔—فلپیوں ۲:۴۔
اِس اُصول کی اہمیت۔ خدا کا کلام ظاہر کرتا ہے کہ خاندان کی دیکھبھال کرنا ایک سنجیدہ معاملہ ہے۔ پاک کلام میں بیان کِیا گیا ہے کہ جو اپنے گھرانے کا خیال نہیں رکھتا وہ ”بےایمان سے بدتر ہے۔“ (۱-تیمتھیس ۵:۸) اِس سے واضح ہوتا ہے کہ ہمارے لئے ہمارا خاندان دیگر چیزوں سے زیادہ اہم ہونا چاہئے۔ لیکن وقت اور حالات کی وجہ سے بعض لوگوں کی نظر میں اُن کے خاندان کی اہمیت کم ہو جاتی ہے۔ مثال کے طور پر، ازدواجی مسائل کا حل پیش کرنے والے ایک ماہر نے ایک سیمینار منعقد کِیا۔ اُس نے بیان کِیا کہ اِس سیمینار میں حاضر ہونے والے بیشتر لوگوں کو اپنے خاندان سے زیادہ اپنی ملازمت کی فکر تھی۔ وہ اپنے گھریلو مسائل کا ”فوری حل“ سیکھنا چاہتے تھے تاکہ وہ ”اپنی ساری توجہ پھر کاروبار یا ملازمت کو دے سکیں۔“ ہم اِس سے کیا سبق سیکھتے ہیں؟ سبق یہ ہے کہ اپنے خاندان کو ترجیح دینے کا دعویٰ کرنا تو بہت آسان ہے مگر حقیقت میں ایسا کرنا بہت ہی مشکل ہے۔
مشق۔ نیچے دئے گئے سوالوں کی مدد سے اپنا جائزہ لیں اور یہ دیکھیں کہ آپ کی نظر میں آپ کا خاندان کتنا اہم ہے۔
▪ جب میرا ساتھی یا بچے مجھ سے بات کرنا چاہتے ہیں تو کیا مَیں اُنہیں فوراً توجہ دیتا ہوں؟
▪ کیا مَیں دوسروں کے ساتھ اپنے روزمرّہ کاموں کے بارے میں گفتگو کرتے وقت اکثر اپنے خاندان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات کا بھی ذکر کرتا ہوں؟
▪ کیا مَیں اپنی ملازمت یا دیگر کاموں میں معمول سے زیادہ وقت صرف کرنے سے گریز کرتا ہوں تاکہ اپنے خاندان کو وقت دے سکوں؟
اگر اِن تمام سوالوں کے لئے آپ کا جواب ’ہاں‘ ہے تو شاید آپ یہ نتیجہ اخذ کریں کہ آپ اپنے خاندان کو نہایت اہم سمجھتے ہیں۔ مگر اِس سلسلے میں آپ کے ساتھی اور بچوں کی کیا رائے ہے؟ اُن کی رائے آپ کے ذاتی خیال سے زیادہ اہم ہے۔ اگلے مضامین میں ہم خوشگوار گھریلو زندگی سے تعلق رکھنے والے دیگر اُصولوں پر بھی غور کریں گے۔ اِن اُصولوں سے آپ نہ صرف اپنا جائزہ لے سکیں گے بلکہ یہ بھی دیکھ سکیں گے کہ آپ کے جیونساتھی اور بچوں کی آپ کے بارے میں کیا رائے ہے۔
اِس اُصول پر عمل کریں۔ چند ایسے طریقوں کے بارے میں سوچیں جن سے آپ ظاہر کر سکیں گے کہ آپ کا خاندان آپ کی نظر میں بہت اہم ہے۔ (مثلاً: دیگر کاموں سے وقت نکال کر اِسے اپنے جیونساتھی اور بچوں کے ساتھ صرف کریں۔)
اپنے خاندان کو بتائیں کہ آپ نے کیا تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کِیا ہے؟ جب خاندان کا ایک فرد اپنے آپ کو بدلتا ہے توپھر دوسروں میں بھی ایسا کرنے کا جذبہ پیدا ہو سکتا ہے۔
[صفحہ ۳ پر تصویر]
کامیاب میاںبیوی ایک دوسرے کو اور اپنے بچوں کو بہت اہم سمجھتے ہیں