امن کی راہ کیسے اپنائیں؟
امن کی راہ کیسے اپنائیں؟
حالانکہ ہم پیدائش ہی سے غلط کاموں کی طرف مائل ہیں لیکن پُرتشدد رویہ ہم عموماً بعد میں سیکھتے ہیں۔ بالکل اِسی طرح ہم امنپسندی بھی سیکھ سکتے ہیں۔ دوسروں کے ساتھ امن سے رہنا ہمیں کون سکھا سکتا ہے؟ بِلاشُبہ ہمارے خالق سے بہتر ہمیں کوئی نہیں سکھا سکتا کیونکہ اُس کی حکمت بےمثال ہے۔ آئیں، پانچ ایسی باتوں پر غور کریں جو خدا نے اپنے کلام میں لکھوائی ہیں۔
۱ ”کسی ظالم پر رشک نہ کرنا نہ اُس کی کوئی راہ اختیار کرنا۔“ (امثال ۳:۳۱، نیو اُردو بائبل ورشن) اصل میں بہادر شخص وہ ہے جو خود پر قابو رکھتا ہے اور دوسروں کے ساتھ نرمی سے پیش آتا ہے۔ خدا کے کلام میں لکھا ہے: ”جو قہر کرنے میں دھیما ہے پہلوان سے بہتر ہے۔“ (امثال ۱۶:۳۲) ایسا شخص اُس ڈیم کی طرح ہے جو پانی کے شدید دباؤ کو برداشت کرتا ہے۔ جب دوسرے اُسے اُکساتے ہیں تو وہ اپنے غصے پر قابو رکھتا ہے۔ وہ اُن کے ساتھ نرمی سے پیش آتا ہے اور یوں ”قہر کو دُور کر دیتا ہے۔“ (امثال ۱۵:۱) لیکن ایک ایسا شخص جو خود پر قابو نہیں رکھتا، وہ فوراً ہی غصے سے پھٹ پڑتا ہے۔—امثال ۲۵:۲۸۔
۲ سوچسمجھ کر دوستوں کا انتخاب کریں۔ پاک کلام میں لکھا ہے: ”ظالم آدمی اپنے ہمسائے کو ورغلاتا ہے اور اُس کو اُس راہ میں لے جاتا ہے جو اچھی نہیں۔“ (امثال ۱۶:۲۹، کیتھولک ترجمہ) اِس کے برعکس ”وہ جو داناؤں کے ساتھ چلتا ہے دانا ہوگا۔“ (امثال ۱۳:۲۰) جب ہم ایسے لوگوں کے ساتھ میلجول رکھتے ہیں جو امنپسند ہیں، خود پر قابو رکھتے ہیں اور دوسروں کے ساتھ نرمی سے پیش آتے ہیں تو یقیناً ہم بھی اُن جیسا بننے کی کوشش کریں گے۔
۳ اپنے دل میں دوسروں کے لئے سچی محبت پیدا کریں۔ محبت کی بہترین تشریح خدا کے کلام میں پائی جاتی ہے۔ اِس میں لکھا ہے: ”محبت صابر ہے اور مہربان۔ محبت حسد نہیں کرتی۔ . . . جھنجھلاتی نہیں۔ بدگمانی نہیں کرتی۔ بدکاری سے خوش نہیں ہوتی . . . سب کچھ سہہ لیتی ہے۔ . . . سب باتوں کی برداشت کرتی ہے۔“ (۱-کرنتھیوں ۱۳:۴-۷) یسوع مسیح نے کہا کہ اگر ہم محبت ظاہر کرنے کے سلسلے میں خدا کی مثال پر عمل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں سب لوگوں سے محبت رکھنی چاہئے یہاں تک کہ اپنے دُشمنوں سے بھی۔—متی ۵:۴۴، ۴۵۔
۴ بھروسا رکھیں کہ خدا بُرے لوگوں کو سزا دے گا۔ ”بُرائی کا جواب بُرائی سے مت دو۔ . . . جہاں تک ممکن ہو ہر انسان کے ساتھ صلح سے رہو۔ عزیزو! دوسروں سے انتقام مت لو . . . کیونکہ پاک کلام میں لکھا ہے: [یہوواہ] فرماتا ہے، انتقام لینا میرا کام ہے، بدلہ مَیں ہی دوں گا۔“ (رومیوں ۱۲:۱۷-۱۹، نیو اُردو بائبل ورشن) جب ہم خدا پر اور اُس کے وعدوں پر ایمان رکھتے ہیں تو ہمیں ایسا دلی سکون اور اطمینان حاصل ہوتا ہے جس سے وہ لوگ محروم ہیں جو خدا پر ایمان نہیں رکھتے۔—زبور ۷:۱۴-۱۶؛ فلپیوں ۴:۶، ۷۔
۵ خدا کی بادشاہت پر اُمید رکھیں۔ خدا کی بادشاہت ایک آسمانی حکومت ہے جو بہت جلد زمین سے بُرائی کو ختم کر دے گی اور پوری زمین پر حکومت کرے گی۔ (زبور ۳۷:۸-۱۱؛ دانیایل ۲:۴۴) اُس وقت ”صادق برومند ہوں گے اور جب تک چاند قائم ہے خوب امن رہے گا۔“—زبور ۷۲:۷۔
پاک کلام کی اِن تعلیمات پر عمل کرنے سے لاکھوں لوگ تشدد کی راہ چھوڑ کر امنپسند بن گئے ہیں۔ اِس سلسلے میں سلواڈور گرسا کی کہانی پر غور کریں۔