مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ہر فن مولا لیموں

ہر فن مولا لیموں

ہر فن مولا لیموں

اِسے دوائی،‏ صفائی‌ستھرائی اور حسن کی آرائش کے لئے استعمال کِیا جاتا ہے۔‏ آپ اِسے کھا سکتے ہیں،‏ پی سکتے ہیں اور اِس سے خوشبودار تیل نکال سکتے ہیں۔‏ یہ بڑا دلکش لگتا ہے،‏ پوری دُنیا میں ملتا ہے اور زیادہ مہنگا بھی نہیں۔‏ ہو سکتا ہے کہ یہ ابھی آپ کے باورچی‌خانے میں موجود ہو۔‏ یہ کیا ہے؟‏ لیموں۔‏

کہا جاتا ہے کہ لیموں کے درخت شروع میں صرف جنوب‌مشرقی ایشیا میں پائے جاتے تھے۔‏ وہاں سے وہ مغرب کی طرف پھیلنے لگے اور آہستہ‌آہستہ بحیرۂروم کے علاقے میں پہنچ گئے۔‏ لیموں کے درخت ایسے علاقوں میں اُگتے ہیں جہاں نہ تو زیادہ گرمی ہوتی ہے اور نہ ہی زیادہ سردی۔‏ اِس لئے وہ اٹلی،‏ ارجنٹائن،‏ سپین،‏ میکسیکو،‏ یہاں تک کہ افریقہ اور ایشیا کے کئی علاقوں میں بھی پائے جاتے ہیں۔‏ لیموں کی مختلف قسمیں ہوتی ہیں جو مختلف مہینوں میں پھل دیتی ہیں۔‏ اِس لئے لیموں پورا سال ملتے ہیں۔‏ لیموں کے درخت سال میں ۲۰۰ سے زیادہ پھل پیدا کرتے ہیں۔‏ لیموں کی کچھ قسمیں اگر کسی اچھی جگہ پر لگائی جائیں تو وہ ۱۵۰۰ تک پھل پیدا کر سکتی ہیں۔‏

اٹلی میں لیموں کی کہانی

تاریخ‌دان ابھی تک اِس بحث میں اُلجھے ہوئے ہیں کہ قدیم رومی سلطنت میں لیموں اُگائے جاتے تھے یا نہیں۔‏ اِس بات کا تحریری ثبوت ہے کہ رومی لوگ سٹرون نامی ایک تُرش پھل سے واقف تھے جو دیکھنے میں ایک بڑے لیموں جیسا لگتا ہے۔‏ رومی مؤرخ پلینی نے اپنی کتاب قدرتی تاریخ میں سٹرون کے درخت اور اِس کے پھل کا ذکر کِیا۔‏ لیکن کچھ ماہرین کا ماننا ہے کہ رومی لوگ لیموں سے بھی واقف تھے کیونکہ اُس زمانے کی بہت سی تصویروں میں سٹرون نہیں بلکہ لیموں دِکھایا گیا ہے۔‏ مثال کے طور پر قدیم شہر پومپی کے کھنڈروں میں ایک حویلی دریافت ہوئی جس کی دیواروں پر طرح‌طرح کے پودوں کی تصویریں بنائی گئی تھیں۔‏ اِن میں لیموں کے درخت کی تصویر بھی ہے۔‏ ایسا لگتا ہے کہ یہ درخت اُس زمانے میں زیادہ عام نہیں تھا اور اِسے صرف دوائی کے طور پر استعمال کِیا جاتا تھا۔‏ البتہ یہ کہنا مشکل ہے کہ رومی لوگ لیموں کتنے بڑے پیمانے پر اُگاتے تھے۔‏

اٹلی میں لیموں کی زیادہ‌تر کاشت سسلی کے علاقے میں ہوتی ہے۔‏ وہاں کا موسم لیموں کی کاشت کے لئے بہت اچھا ہے۔‏ لیکن اٹلی کے دوسرے علاقوں میں بھی اعلیٰ معیار کے لیموں اُگائے جاتے ہیں،‏ خاص طور پر ساحلی علاقوں میں۔‏

شہر ناپولی کے جنوب میں شہر سورینٹو اور امالفی کا ساحلی علاقہ ہے۔‏ یہ ساحل تقریباً ۴۰ کلومیٹر (‏۲۵ میل)‏ تک پھیلا ہوا ہے۔‏ اِس بل کھاتے ساحل پر چھوٹےچھوٹے شہر آباد ہیں جو چٹانوں سے لپٹے ہوئے ہیں۔‏ اُس علاقے میں رہنے والے لوگ اپنے لیموں پر بڑا فخر کرتے ہیں۔‏ اِس لئے جب وہ اپنی پیداوار کو دوسرے علاقوں میں بھیجتے ہیں تو وہ اِس بات کی تصدیق کے لئے ایک سند بھی دیتے ہیں کہ یہ لیموں اُسی علاقے کے ہیں۔‏ واقعی،‏ وہاں کے لیموں بڑے خوشبودار اور رسیلے ہیں کیونکہ وہ پہاڑوں کی ڈھلوانوں پر لگائے گئے ہیں اور سال بھر دھوپ کے مزے لوٹتے ہیں۔‏

لیموں اُگانے کے لئے آپ کو بہت زیادہ جگہ کی ضرورت نہیں۔‏ آپ اپنے صحن یا برآمدے میں ایک گملے میں بھی لیموں کا پودا لگا سکتے ہیں۔‏ لیموں کے پودے ایسی جگہ پر پھلتےپھولتے ہیں جہاں دھوپ زیادہ آتی ہے اور ہوا کم،‏ مثلاً دیوار کے ساتھ۔‏ لیکن اگر سردی بہت زیادہ ہو تو اِنہیں ڈھانک دیں یا پھر اندر رکھیں۔‏

لیموں کی کارکردگی

آپ لیموں کو کیسے استعمال کرتے ہیں؟‏ کچھ لوگ اِسے قہوے میں ڈالتے ہیں اور دوسرے اِس کا چھلکا یا رس،‏ کیک میں استعمال کرتے ہیں۔‏ شاید آپ شدید گرمی میں اِس سے ٹھنڈاٹھار لیموں‌پانی بنا کر پیتے ہیں۔‏ دُنیابھر میں اِسے طرح‌طرح کے کھانوں میں استعمال کِیا جاتا ہے۔‏ لیکن کیا آپ نے کبھی لیموں کو صفائی کے لئے یا داغ مٹانے کے لئے استعمال کِیا ہے؟‏

کئی لوگ باورچی‌خانے کی سلیب کو لیموں کے ساتھ صاف کرتے ہیں۔‏ داغ مٹانے یا سنک صاف کرنے کے لئے بلیچ کی بجائے لیموں کا رس اور میٹھا سوڈا ملا کر استعمال کِیا جاتا ہے۔‏ اگر آپ آدھا لیموں فریج میں رکھ دیں تو اِس سے فریج میں بدبو ختم ہو جائے گی۔‏

لیموں میں سٹرک ایسڈ پایا جاتا ہے جس سے کھانوں میں کھٹا ذائقہ آتا ہے اور وہ جلدی خراب نہیں ہوتے۔‏ لیموں کے چھلکے سے پیکٹین حاصل ہوتا ہے جو جام،‏ چٹنی،‏ جیلی وغیرہ کو گاڑھا کرنے کے لئے استعمال کِیا جاتا ہے۔‏ اِس کے چھلکے سے خوشبودار تیل بھی نکالا جاتا ہے جو کھانوں،‏ دوائیوں اور کریموں وغیرہ میں استعمال ہوتا ہے۔‏ اِس کے علاوہ بھی لیموں کے بہت سے استعمال ہیں جن کا ذکر کرنے میں کئی صفحے بھر جائیں گے۔‏ واقعی لیموں ایک خوبصورت،‏ مزیدار اور بہت ہی فائدہ‌مند پھل ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۱۹ پر بکس/‏تصویر]‏

وٹامن سی

وٹامن سی جسم کی نشوونما اور صحت کے لئے بہت ضروری ہے۔‏ یہ بہت سی چیزوں میں پایا جاتا ہے،‏ مثلاً ہری سبزیوں،‏ ٹماٹر،‏ شملہ مرچ اور اسٹرابری وغیرہ میں۔‏ تُرش پھلوں،‏ جیسا کہ لیموں میں بڑی مقدار میں وٹامن سی پایا جاتا ہے۔‏ ہر لیموں میں وٹامن سی کی مقدار فرق فرق ہوتی ہے اور اِس کی وجہ مختلف باتیں ہو سکتی ہیں جیسا کہ وہ کس موسم میں پھلابڑھا ہے،‏ وہ کتنا پکا ہوا ہے اور وہ درخت پر کہاں لگا ہوا تھا۔‏

کچھ ملکوں میں ماہرین یہ تجویز کرتے ہیں کہ ایک صحت‌مند شخص کو روزانہ تقریبا۱۰۰ً ملی‌گرام وٹامن سی لینا چاہئے۔‏ عام سائز کے ایک لیموں میں تقریباً ۴۵ ملی‌گرام وٹامن سی پایا جاتا ہے۔‏