سرِورق کا موضوع | زندگی کا دامن کیوں تھامے رہیں؟
کیونکہ سب ٹھیک ہو جائے گا
”حلیم ملک کے وارث ہوں گے اور سلامتی کی فراوانی سے شادمان رہیں گے۔“—زبور 37:11۔
خدا کے کلام میں لکھا ہے کہ اِنسان کی زندگی ’دُکھ سے بھری‘ ہے۔ (ایوب 14:1) آجکل ہر شخص کو کسی نہ کسی دُکھ یا تکلیف کا سامنا ہے۔ لیکن کچھ لوگ تو زندگی سے اِتنے مایوس ہو گئے ہیں کہ اُن کو اُمید کی کوئی کِرن نظر نہیں آتی۔ اُنہیں لگتا ہے کہ حالات کبھی بہتر نہیں ہوں گے۔ کیا آپ بھی ایسا ہی محسوس کرتے ہیں؟ اگر ایسا ہے تو آپ کو اِس بات سے بہت تسلی ملے گی کہ خدا کے کلام میں ایک اچھے مستقبل کا وعدہ کِیا گیا ہے۔ غور کریں کہ اِس میں کیا بتایا گیا ہے:
-
خدا شروع ہی سے چاہتا تھا کہ اِنسان خوشگوار زندگی گزاریں۔—پیدایش 1:28۔
-
یہوواہ خدا نے وعدہ کِیا ہے کہ وہ زمین کو فردوس بنا دے گا۔—یسعیاہ 65:21-25۔
-
خدا کا یہ وعدہ ضرور پورا ہوگا۔ مکاشفہ 21:4،3 میں لکھا ہے:
”خدا کا خیمہ آدمیوں کے درمیان ہے اور وہ اُن کے ساتھ سکونت کرے گا اور وہ اُس کے لوگ ہوں گے اور خدا آپ اُن کے ساتھ رہے گا اور اُن کا خدا ہوگا۔ اور وہ اُن کی آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دے گا۔ اِس کے بعد نہ موت رہے گی اور نہ ماتم رہے گا۔ نہ آہونالہ نہ درد۔ پہلی چیزیں جاتی رہیں۔“
یہ اُمید محض ایک خواب نہیں ہے۔ یہوواہ خدا اپنے اِس وعدے کو ضرور پورا کرے گا۔ وہ نہ صرف چاہتا ہے کہ زمین کے حالات بہتر ہو جائیں بلکہ وہ اِنہیں بہتر کرنے کی طاقت بھی رکھتا ہے۔ اِس لیے آپ اِس وعدے پر پورا بھروسا رکھ سکتے ہیں۔ کیا یہ زندگی کا دامن تھامے رہنے کی ٹھوس وجہ نہیں ہے؟
یہ بات یاد رکھیں: ہو سکتا ہے کہ آپ کے جذبات ایک ایسی کشتی کی طرح ہیں جو سمندر میں ہچکولے کھا رہی ہے۔ لیکن جو اُمید خدا کے کلام میں دی گئی ہے، وہ آپ کے لیے ایک لنگر ثابت ہو سکتی ہے۔
آج ہی یہ کریں: یہ سیکھنا شروع کریں کہ خدا کے کلام میں مستقبل کے بارے میں کیا بتایا گیا ہے۔ اِس سلسلے میں یہوواہ کے گواہ خوشی سے آپ کی مدد کریں گے۔ آپ مقامی یہوواہ کے گواہوں سے رابطہ کر سکتے ہیں یا اُن کی ویبسائٹ jw.org پر معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔ *
^ پیراگراف 11 آپ یہ کر سکتے ہیں: jw.org پر جائیں اور پھر مطبوعات > آنلائن لائبریری کو کھولیں۔ لفظ ”خودکُشی،“ ”ڈپریشن“ یا ”افسردگی“ وغیرہ ڈالیں اور اِس موضوع پر کوئی مضمون تلاش کریں۔