مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

اُصولوں کے سلسلے میں آپکا انتخاب

اُصولوں کے سلسلے میں آپکا انتخاب

اُصولوں کے سلسلے میں آپکا انتخاب

کیا آپ ایک بااُصول شخص ہیں؟‏ یا کیا آپ اخلاقیات کو فرسودہ خیال کرتے ہیں؟‏ درحقیقت ہر شخص کسی نہ کسی قسم کے اُصولوں سے راہنمائی حاصل کرتا ہے جنہیں وہ اہم خیال کرتا ہے۔‏ دی نیو شورٹر آکسفورڈ انگلش ڈکشنری کے مطابق اُصول کی تعریف یوں کی جا سکتی ہے،‏ ”‏درست کام انجام دینے کیلئے ذاتی مجموعۂ‌قوانین۔‏“‏ اُصول ہمارے فیصلوں پر اثرانداز ہوتے اور ہماری روشِ‌زندگی کا تعیّن کرتے ہیں۔‏ اُصول ایک قُطب‌نما کا کام دے سکتے ہیں۔‏

مثال کے طور پر،‏ یسوع نے اپنے شاگردوں کو متی ۷:‏۱۲ میں درج سنہری اُصول پر عمل کرنے کی نصیحت کی تھی:‏ ”‏جوکچھ تم چاہتے ہو کہ لوگ تمہارے ساتھ کریں وہی تم بھی اُنکے ساتھ کرو۔‏“‏ کنفیوشس کے شاگرد،‏ لی (‏شائستگی)‏ اور رین (‏فیض‌رسانی)‏ کے اُصولوں کی پابندی کرتے ہیں جس میں مہربانی،‏ فروتنی،‏ احترام اور وفاداری جیسی خوبیاں شامل ہیں۔‏ مذہب میں دلچسپی نہ رکھنے والے لوگ بھی اپنے چال‌چلن کا انتخاب ترجیحات یا راہنما اُصولوں کے ذریعے کرتے ہیں۔‏

کس قسم کے اُصول؟‏

تاہم،‏ ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ اُصول یا تو کارآمد یا پھر نقصان‌دہ ہو سکتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر،‏ لوگوں کی ایک بڑھتی ہوئی تعداد ایک ایسے رُجحان سے اثرپذیر ہو رہی ہے جسے گزشتہ عشروں میں پہلے مَیں کا نام دیا گیا تھا۔‏ اگرچہ کئی لوگ اس اصطلاح سے ناواقف ہوں یا یہ سمجھتے ہوں کہ اسکا اطلاق اُن پر نہیں ہوتا توبھی پہلے مَیں کا رُجحان چال‌چلن کا ایسا ضابطہ ہے جسے بہتیرے لوگ طرزِعمل کے اعلیٰ معیاروں کو ترک کرنے کیلئے اپناتے ہیں۔‏ خواہ لوگ اس اظہار سے واقف ہیں یا نہیں،‏ پہلے مَیں کا رُجحان خودغرضی اور اکثر بےمعنی مادہ‌پرستی پر منتج ہوتا ہے۔‏ چین میں ٹیلیویژن کے ایک منتظم نے بیان کِیا:‏ ”‏ہمارے صرف دو اُصول ہیں۔‏ ایک مطالبات کو پورا کرنا اور دوسرا پیسہ کمانا۔‏“‏

پہلے مَیں کا رُجحان ایک مقناطیس کی طرح کام کر سکتا ہے۔‏ مقناطیس ایک قُطب‌نما پر کیسے اثرانداز ہوتا ہے؟‏ جب یہ دونوں ایک ساتھ رکھیں ہوں تو قُطب‌نما کی سُوئی غلط سمت میں چلی جاتی ہے۔‏ اسی طرح،‏ پہلے مَیں کا رُجحان ایک شخص کے اخلاقی قُطب‌نما یا چال‌چلن کے درست معیار کو غیرمتوازن بنا کر اُس کی خواہشات کو تمام چیزوں سے زیادہ اہم بنا سکتا ہے۔‏

کیا آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ پہلے مَیں کا رُجحان ایک جدید نظریہ نہیں؟‏ زندگی کے اس نظریے کی ابتدا باغِ‌عدن سے ہوئی جب ہمارے پہلے والدین نے چال‌چلن کے متعلق خالق کے قائم‌کردہ معیار کو رد کر دیا تھا۔‏ اُنہوں نے اپنے اخلاقی قُطب‌نما کو بدل ڈالا۔‏ آدم اور حوا کی اولاد کے طور پر انسان زندگی کے اسی رُجحان سے متاثر ہیں جسے جدید زمانہ میں ”‏پہلے مَیں“‏ کا نام دیا گیا ہے۔‏—‏پیدایش ۳:‏۶-‏۸،‏ ۱۲‏۔‏

یہ رُجحان بالخصوص ایسے دَور میں عام ہو رہا ہے جسے بائبل ”‏اَخیر زمانہ“‏ کا نام دیتی ہے جسکی نمایاں شناخت ”‏بُرے دنوں“‏ سے کی گئی ہے۔‏ بہتیرے لوگ ”‏خودغرض“‏ ہیں۔‏ پس کچھ عجب نہیں کہ ہم پہلے مَیں کے رُجحان کی نقل کرنے کے دباؤ کا سامنا کرتے ہیں۔‏—‏۲تیمتھیس ۳:‏۱-‏۵۔‏

آپ شاید اولف نامی ایک نوجوان شخص کیساتھ اتفاق کریں جس نے یورپ میں یہوواہ کے گواہوں کے برانچ آفس کو لکھا:‏ ”‏بالخصوص ہم جیسے نوجوانوں کیلئے اخلاقی طور پر پاک رہنا بہت مشکل ہے۔‏ براہِ‌مہربانی ہمیں بائبل اُصولوں کی پابندی کرنے کی ضرورت کی بابت یاددہانی کراتے رہیں۔‏“‏

اولف کا نقطۂ‌نظر دانشمندانہ تھا۔‏ خواہ ہم نوجوان ہیں یا عمررسیدہ،‏ خدائی اُصول چال‌چلن کے اعلیٰ معیار برقرار رکھنے میں ہماری بھی مدد کر سکتے ہیں۔‏ یہ ہمیں پہلے مَیں جیسے رُجحان کی مزاحمت کرنے کے قابل بھی بنا سکتے ہیں۔‏ اگر آپ مزید سیکھنا چاہتے ہیں کہ بائبل اُصول واقعی آپکی مدد کیسے کر سکتے ہیں تو براہِ‌کرم اگلے مضمون پر غور کریں۔‏

‏[‏صفحہ ۴ پر تصویریں]‏

آجکل بہتیرے لوگ دوسروں کی ضروریات کیلئے کسی قسم کا پاس‌ولحاظ نہیں دکھاتے