۶۶۶—محض ایک پہیلی نہیں
۶۶۶—محض ایک پہیلی نہیں
”اُسکے سوا جس پر نشان یعنی اُس حیوان کا نام یا اُسکے نام کا عدد ہو اَور کوئی خریدوفروخت نہ کر سکے۔ حکمت کا یہ موقع ہے۔ جو سمجھ رکھتا ہے وہ اِس حیوان کا عدد گن لے کیونکہ وہ آدمی کا عدد ہے اور اُسکا عدد چھ سو چھیاسٹھ ہے۔“—مکاشفہ ۱۳:۱۷، ۱۸۔
حیوان کے اِس نام یا نشان میں یعنی ۶۶۶ کے عدد میں بہت سے لوگ دلچسپی رکھتے ہیں۔ حیوان کے عدد کا ذکر ٹیلیویژن اور انٹرنیٹ کے علاوہ فلموں، کتابوں اور رسالوں میں بھی ہوا ہے۔ بہت سے لوگ اِس عدد کے مطلب کو جاننے کی کوشش میں ہیں۔
بعض کے خیال میں ۶۶۶ مخالفِمسیح کا نشان ہے جسکا ذکر بائبل میں ہوا ہے۔ دیگر سوچتے ہیں کہ یہ عدد حیوان کے خادموں کی شناخت کیلئے اُنکو دیا جائیگا۔ انکے خیال میں یہ نشان یا تو انکے بدن پر گُدوایا جائیگا یا پھر ان کے جسم میں ایک مائیکروچپ کی شکل میں ڈال دیا جائیگا۔ دوسروں کا خیال ہے کہ ۶۶۶ ایک طرح سے کیتھولک پاپائیت کا نشان ہے۔ یہ لوگ پوپ کے لاطینی لقب کے حروف کو ہندسوں میں تبدیل کرکے ۶۶۶ کے نتیجے پر پہنچتے ہیں۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ یہی نتیجہ شہنشاہ ڈائیوکلیشن کے لاطینی نام سے یا پھر شہنشاہ نیرو کے عبرانی نام سے بھی اخذ کِیا جا سکتا ہے۔ *
خدا کے کلام میں ۶۶۶ کا جو مطلب بیان کِیا گیا ہے وہ اِن تمام عجیبوغریب تصورات سے فرق ہے۔ اسکی وضاحت اگلے مضمون میں کی جائیگی۔ بائبل کے مطابق جب خدا اِس بُرے نظام کو تباہ کریگا تو وہ لوگ جن پر حیوان کا نشان درج ہے خدا کے قہر کا نشانہ بنیں گے۔ (مکاشفہ ۱۴:۹-۱۱؛ ۱۹:۲۰) اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ۶۶۶ صرف ایک پہیلی نہیں جسے تفریح کیلئے بوجھا جا سکتا ہے۔ یہوواہ خدا نے اِس راز کو ہمارے لئے آشکارا کِیا ہے۔ وہ محبت کا عظیم نمونہ اور روحانی روشنی کا سرچشمہ ہے اِسلئے وہ اِس معاملے میں ہمیں روحانی تاریکی میں نہیں رکھتا۔—۲-تیمتھیس ۳:۱۶؛ ۱-یوحنا ۱:۵؛ ۴:۸۔
[فٹنوٹ]
^ پیراگراف 4 ہندسوں کی تحقیق کے بارے میں اویک! ستمبر ۸، ۲۰۰۲ کو دیکھیں۔