گورننگ باڈی کے نئے رُکن
گورننگ باڈی کے نئے رُکن
چوبیس اگست ۲۰۰۵ کی بات ہے کہ ریاستہائےمتحدہ اور کینیڈا کے بیتایل میں ایک خاص اعلان کِیا گیا۔ وہاں کے خدمت کرنے والوں کو مطلع کِیا گیا کہ یکم ستمبر ۲۰۰۵ سے یہوواہ کے گواہوں کے گورننگ باڈی میں دو نئے رُکن شامل ہوں گے۔ ان کے نام جیفری جیکسن اور انتھونی مورِس ہیں۔
بھائی جیکسن نے فروری ۱۹۷۱ میں پائنیر خدمت شروع کی۔ اُس وقت وہ تسمانیہ نامی ایک جزیرے پر رہتے تھے جو آسٹریلیا کے نزدیک ہے۔ جون ۱۹۷۴ میں اُن کی شادی ہو گئی۔ اس کے تھوڑے عرصہ بعد اُنہوں نے اپنی بیوی جینی سمیت خاص پائنیر خدمت شروع کر دی۔ سن ۱۹۷۹ سے ۲۰۰۳ تک وہ ٹوالو، ساموآ اور فیجی نامی جزیروں پر مشنری کے طور پر خدمت کرتے رہے۔ وہاں پر بہن اور بھائی جیکسن بائبل پر مبنی مطبوعات کا ترجمہ کرنے والوں کی مدد کرتے تھے۔ سن ۱۹۹۲ میں بھائی جیکسن ساموآ کی برانچ کمیٹی کے رُکن کے طور پر خدمت کرنے لگے۔ پھر ۱۹۹۶ میں وہ فیجی کے برانچ کمیٹی میں خدمت کرنے لگے۔ اپریل ۲۰۰۳ میں ان کو ریاستہائےمتحدہ کے بیتایل میں بلایا گیا جہاں وہ اُس ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے لگے جو دُنیابھر میں ہونے والے ترجمہ کے کام کی نگرانی کرتا ہے۔ اس کے کچھ عرصہ بعد بھائی جیکسن گورننگ باڈی کی تعلیمی کمیٹی کا ہاتھ بٹانے لگے۔
بھائی مورِس نے ریاستہائےمتحدہ میں ۱۹۷۱ میں پائنیر خدمت شروع کی۔ دسمبر ۱۹۷۱ میں اُن کی شادی ہو گئی اور اُنہوں نے اپنی بیوی سوزن کے ساتھ چار سال تک کُلوقتی خدمت جاری رکھی۔ اس کے بعد اُن کا بیٹا جیسی پیدا ہوا۔ کچھ عرصہ بعد ان کا ایک اَور بیٹا پیدا ہوا جس کا نام پال ہے۔ سن ۱۹۷۹ میں بھائی مورِس نے دوبارہ پائنیر خدمت شروع کر دی۔ جب دونوں بیٹے سکول جانے لگے تو بہن مورِس نے بھی پائنیر خدمت دوبارہ شروع کر دی۔ وہ پہلے روڈ آئیلینڈ اور بعد میں نارتھ کیرولائنا کی ریاستوں میں منتقل ہو گئے کیونکہ وہاں مُنادوں کی زیادہ ضرورت تھی۔ نارتھ کیرولائنا میں بھائی مورِس وقتاًفوقتاً سفری نگہبان کے طور پر خدمت کرتے تھے۔ اُن کے بیٹے جیسی اور پال بھی پائنیر بن گئے اور ۱۹ سال کی عمر میں دونوں نے بیتایل خدمت شروع کر دی۔ اس کے بعد بھائی مورِس باقاعدہ سفری نگہبان کے طور پر خدمت کرنے لگے۔ سن ۲۰۰۲ میں بہن اور بھائی مورِس کو بھی بیتایل میں بلایا گیا جہاں بھائی مورِس اُس ڈیپارٹمنٹ میں کام کرنے لگے جو مُنادی کے کام کی نگرانی کرتا ہے۔ کچھ عرصہ بعد بھائی مورِس گورننگ باڈی کی سروِس کمیٹی کا ہاتھ بٹانے لگے۔
ان دو نئے رُکن کے علاوہ گورننگ باڈی میں بھائی کیری باربر، جان بار، سموئیل ہرڈ، سٹیون لیٹ، گیرٹ لوئش، تھیوڈور جیرس، گائی پیئرس، البرٹ شروڈر، ڈیوِڈ سپلان اور ڈینئل سڈلک شامل ہیں۔ گورننگ باڈی کے یہ تمام رُکن ممسوح مسیحی ہیں۔