بائبل کی مشورت ہمارے زمانے کے لئے فائدہمند کیوں ہے؟
بائبل کی مشورت ہمارے زمانے کے لئے فائدہمند کیوں ہے؟
”ہر ایک صحیفہ جو خدا کے الہام سے ہے . . . تربیت کرنے کے لئے فائدہمند بھی ہے۔“—۲-تیمتھیس ۳:۱۶۔
بائبل میں پائی جانے والی راہنمائی کی وجہ سے مختلف تہذیبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنی زندگیوں کو تبدیل کرتے آئے ہیں۔ اُوپر دی گئی آیت کے مطابق بائبل اِس لئے اتنی مؤثر ہے کیونکہ یہ خدا کے الہام سے ہے۔ اگرچہ بائبل کو انسانوں نے تحریر کِیا مگر اِس میں خدا کے خیالات پائے جاتے ہیں۔ بائبل بیان کرتی ہے: ”آدمی روحُالقدس کی تحریک کے سبب سے خدا کی طرف سے بولتے تھے۔“—۲-پطر ۱:۲۱۔
بائبل میں پائی جانے والی مشورت دو لحاظ سے فائدہمند ہے۔ ایک تو یہ واضح کرتی ہے کہ زندگی کو کیسے بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ دوسرا، یہ لوگوں کے اندر اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ضروری تبدیلیاں لانے کی خواہش پیدا کرتی ہے۔ آئیں اِن دونوں باتوں پر غور کریں۔
بصیرت کو کام میں لائیں
بائبل میں خدا نے یہ وعدہ فرمایا ہے: ”مَیں تجھے تعلیم [”بصیرت،“ نیو ورلڈ ٹرانسلیشن] دوں گا اور جس راہ پر تجھے چلنا ہوگا تجھے بتاؤں گا۔ مَیں تجھے صلاح دوں گا۔ میری نظر تجھ پر ہوگی۔“ (زبور ۳۲:۸) غور کریں کہ خدا نہ صرف ہدایت بلکہ بصیرت یعنی کسی صورتحال کو پوری طرح سمجھنے کی صلاحیت بھی عطا کرتا ہے۔ جب ہم بصیرت کو کام میں لاتے ہیں تو ہم اپنا وقت بےفائدہ کاموں میں ضائع کرنے سے بچ سکتے ہیں۔
مثال کے طور پر، بہت سے لوگوں نے دولت اور شہرت حاصل کرنے کو اپنی زندگی کا مقصد بنا لیا ہے۔ بہت سی کتابیں بیان کرتی ہیں کہ کیسے کوئی شخص دوسروں پر برتری حاصل کر سکتا یا دولتمند بن سکتا ہے۔ اِس کے برعکس، بائبل بیان کرتی ہے: ”آدمی اپنے ہمسایہ سے حسد کرتا ہے۔ یہ بھی بطلان اور ہوا کی چران ہے۔“ ”زردوست روپیہ سے آسودہ نہ ہوگا۔“ (واعظ ۴:۴؛ ۵:۱۰) کیا یہ مشورت آج ہمارے لئے مفید ہے؟
خدا کے کلام میں پائی جانے والی مشورت واقعی بہت فائدہمند ہے۔ اِس سلسلے میں جاپان میں رہنے والے اکینوری کی مثال پر غور کریں۔ اکینوری نے ایک مشہور یونیورسٹی سے گریجویشن کی۔ پھر اُسے ایک مشہور کمپنی میں اچھی ملازمت مل گئی جس کے لئے اَور بھی بہت سے لوگوں نے درخواست دی تھی۔ ایسا لگتا تھا کہ اُس کا مستقبل بہت روشن ہے۔ تاہم، اِس کامیابی سے اُسے حقیقی خوشی حاصل نہیں ہوئی۔ اِس کے برعکس، کام کے دباؤ اور پریشانی کی وجہ سے اُس کی صحت خراب ہو گئی۔ اِس دوران اُس کے ساتھ کام کرنے والوں نے اُس کی کوئی مدد نہیں کی۔ اِن وجوہات کی بِنا پر وہ ڈپریشن کا شکار ہو گیا اور شرابنوشی کرنے لگا۔ وہ اِس قدر دلبرداشتہ ہوگیا کہ خودکشی امثال ۱۴:۳۰۔
کرنے کے بارے میں سوچنے لگا۔ پھر اُس نے یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنا شروع کِیا۔ بائبل سے سیکھی ہوئی باتوں نے اُسے یہ سمجھنے میں مدد دی کہ زندگی میں سب سے اہم چیز کونسی ہے۔ جلد ہی وہ اپنی پریشانی پر قابو پانے کے قابل ہوگیا جس کی وجہ سے اُس کی صحت بہتر ہونے لگی۔ دولت اور شہرت کے پیچھے بھاگنے کی بجائے اکینوری نے بائبل کی مشورت پر عمل کرنے کا فیصلہ کِیا۔ یوں اُس نے بائبل کی اِس مثل کی صداقت کا تجربہ کِیا: ”مطمئن دل جسم کی جان ہے۔“—آپ کے خیال میں کیا چیز آپ کی زندگی کو زیادہ بامقصد بنا سکتی اور آپ کو حقیقی خوشی بخش سکتی ہے؟ اپنی شادی کو کامیاب بنانا، اپنے بچوں کی اچھی پرورش کرنا، بہت سے دوست بنانا یا پھر زندگی سے بھرپور لطف اُٹھانا؟ بِلاشُبہ، یہ سب باتیں ہمیں خوشی بخش سکتی ہیں۔ دراصل، بائبل ہماری حوصلہافزائی کرتی ہے کہ ہم اِن تمام باتوں پر توجہ دیں۔ لیکن یہ واضح کرتی ہے کہ ہمیں اِن چیزوں کو زندگی میں پہلا درجہ نہیں دینا چاہئے۔ بائبل بیان کرتی ہے کہ زندگی میں حقیقی خوشی حاصل کرنے کے لئے کونسی بات سب سے اہم ہے۔ واعظ ۱۲:۱۳ میں ہم پڑھتے ہیں: ”خدا سے ڈر اور اُس کے حکموں کو مان کہ انسان کا فرضِکُلی یہی ہے۔“ جب ہم اِس فرض کو پورا کرنے میں کوتاہی برتتے ہیں تو ہماری زندگی بےمقصد اور مایوسکُن بن جاتی ہے۔ تاہم، بائبل ہمیں یقین دلاتی ہے: ”مبارک ہے وہ جو [یہوواہ] پر بھروسا رکھتا ہے۔“—امثال ۱۶:۲۰، نیو اُردو بائبل ورشن۔
بائبل لوگوں کی زندگیاں کیسے بدل دیتی ہے؟
پولس رسول نے لکھا: ”خدا کا کلام زندہ اور مؤثر . . . ہے۔“ دو دھاری تلوار کی طرح یہ کسی شخص کے دل کے خیالوں اور ارادوں کو جانچ سکتا ہے۔ (عبرانیوں ۴:۱۲) بائبل لوگوں کی زندگیوں کو بدلنے کی طاقت رکھتی ہے۔ یہ اُنہیں اپنا جائزہ لینے اور اپنی خامیوں کو پہچاننے میں مدد دیتی ہے۔ یوں خلوصدل لوگ اپنی زندگی میں تبدیلیاں لانے کے قابل ہوتے ہیں۔ مثال کے طور پر، پولس رسول نے کرنتھس کی کلیسیا کے ایسے لوگوں کے بارے میں جو پہلے چور، شرابی، زناکار یا دیگر بُرے کام کرنے والے تھے، یوں کہا: ”بعض تُم میں ایسے ہی تھے بھی مگر تُم . . . ہمارے خدا کے رُوح سے دُھل گئے اور پاک ہوئے۔“ (۱-کر ۶:۹-۱۱) آج بھی یہوواہ خدا کی پاک رُوح لوگوں کو اپنی زندگی میں تبدیلیاں لانے میں مدد دیتی ہے۔
یورپ میں رہنے والے ماریو کی مثال پر غور کریں۔ وہ نہ صرف ایک پُرتشدد شخص تھا بلکہ نشہ کرتا اور منشیات بھی فروخت کرتا تھا۔ ایک مرتبہ جب ایک پولیس والے نے اُسے منشیات کے ساتھ پکڑا تو وہ اتنا طیش میں آ گیا کہ اُس نے پولیس والے کو زخمی کر دیا اور اُس کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا۔ اِس کے علاوہ، ماریو بیروزگار تھا اور قرض کے بوجھ تلے دبا ہوا تھا۔ جب اُسے پتہ چلا کہ وہ اپنے مسائل خود حل نہیں کر سکتا تو اُس نے یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ بائبل کا مطالعہ کرنے کا فیصلہ کِیا۔ جوںجوں ماریو بائبل سیکھتا گیا اُس نے اپنی وضعقطع درست کر لی، منشیات استعمال کرنا اور بیچنا بند کر دیا اور پُرتشدد کاموں کو چھوڑ دیا۔ بہت سے لو گ جو اُسے جانتے تھے اِس تبدیلی کو دیکھ کر اتنے حیران ہوئے کہ اُس سے پوچھنے لگے، ”کیا آپ واقعی ماریو ہیں؟“
کس چیز نے اکینوری اور ماریو کو اپنی زندگی میں تبدیلی لانے اور حقیقی خوشی اور اطمینان حاصل کرنے میں مدد دی؟ بائبل کا مطالعہ کرنے سے خدا کے بارے میں حاصل ہونے والے علم نے ایسا کرنے میں اُن کی مدد کی۔ صرف خدا ہمیں ایسی راہنمائی فراہم کر سکتا ہے جس کے ذریعے ہم نہ صرف اب اپنی زندگی کو کامیاب بنا سکتے ہیں بلکہ مستقبل میں ہمیشہ کی زندگی حاصل کر سکتے ہیں۔ یہوواہ خدا بطور باپ ہم سے بائبل کے ذریعے کلام کرتا ہے: ”اَے میرے بیٹے! سُن اور میری باتوں کو قبول کر اور تیری زندگی کے دن بہت سے ہوں گے۔ . . . جب تُو چلے گا تیرے قدم کوتاہ نہ ہوں گے اور اگر تُو دوڑے تو ٹھوکر نہ کھائے گا۔ تربیت کو مضبوطی سے پکڑے رہ۔ اُسے جانے نہ دے۔ اُس کی حفاظت کر کیونکہ وہ تیری حیات ہے۔“ (امثال ۴:۱۰-۱۳) جیہاں، اِس سے اچھی کوئی اَور بات نہیں کہ ہم اپنے خالق کی راہنمائی کے طالب ہوں۔
[صفحہ ۷ پر بکس/تصویر]
ہمارے زمانے کے لئے مفید مشورت
بائبل میں پائے جانے والے اصول آجکل زندگی کے ہر پہلو میں ہماری راہنمائی کر سکتے ہیں۔ اِس سلسلے میں چند مثالوں پر غور کریں:
• دوسروں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم کرنے کے لئے
”جو کچھ تُم چاہتے ہو کہ لوگ تمہارے ساتھ کریں وہی تُم بھی اُن کے ساتھ کرو کیونکہ توریت اور نبیوں کی تعلیم یہی ہے۔“—متی ۷:۱۲۔
”جو تُم میں سب سے چھوٹا ہے وہی بڑا ہے۔“—لوقا ۹:۴۸۔
”مسافرپروری میں لگے رہو۔“—رومیوں ۱۲:۱۳۔
• بُری عادتوں پر قابو پانے کے لئے
”وہ جو داناؤں کے ساتھ چلتا ہے دانا ہوگا پر احمقوں کا ساتھی ہلاک کِیا جائے گا۔“—امثال ۱۳:۲۰۔
”تُو شرابیوں میں شامل نہ ہو۔“—امثال ۲۳:۲۰۔
”غصہور آدمی سے دوستی نہ کر۔“—امثال ۲۲:۲۴۔
• شادی کو کامیاب بنانے کے لئے
”تُم میں سے بھی ہر ایک اپنی بیوی سے اپنی مانند محبت رکھے اور بیوی اِس بات کا خیال رکھے کہ اپنے شوہر سے ڈرتی رہے۔“—افسیوں ۵:۳۳۔
”دردمندی اور مہربانی اور فروتنی اور حلم اور تحمل کا لباس پہنو۔ اگر کسی کو دوسرے کی شکایت ہو تو ایکدوسرے کی برداشت کرے اور ایکدوسرے کے قصور معاف کرے۔“—کلسیوں ۳:۱۲، ۱۳۔
• بچوں کی پرورش کے لئے
”لڑکے کی اُس راہ میں تربیت کر جس پر اُسے جانا ہے۔ وہ بوڑھا ہو کر بھی اُس سے نہیں مڑے گا۔“—امثال ۲۲:۶۔
”اَے اولاد والو! تُم اپنے فرزندوں کو غصہ نہ دلاؤ بلکہ [یہوواہ] کی طرف سے تربیت اور نصیحت دےدے کر ان کی پرورش کرو۔“—افسیوں ۶:۴۔
• لڑائیجھگڑے سے بچنے کے لئے
”نرم جواب قہر کو دُور کر دیتا ہے پر کرخت باتیں غضبانگیز ہیں۔“—امثال ۱۵:۱۔
”عزت کی رُو سے ایکدوسرے کو بہتر سمجھو۔“—روم ۱۲:۱۰۔
کاروباری معاملات میں یہاں تک کہ دوستوں کے ساتھ لیندین کرتے وقت بھی تمام باتوں کو تحریر کریں۔ خدا کے خادم یرمیاہ نے لکھا: ”مَیں نے ایک قبالہ لکھا اور اُس پر مہر کی اور گواہ ٹھہرائے اور چاندی ترازو میں تول کر اُسے دی۔“—یرمیاہ ۳۲:۱۰۔
• مثبت سوچ رکھنے کے لئے
”جتنی باتیں سچ ہیں . . . جتنی باتیں پسندیدہ ہیں اور . . . دلکش ہیں غرض جو نیکی اور تعریف کی باتیں ہیں اُن پر غور کِیا کرو۔“—فلپیوں ۴:۸۔
بائبل منفی سوچ میں پڑنے اور ”شکایت کرنے والے“ بننے سے بچنے کی نصیحت کرتی ہے۔ یہ ”اُمید میں خوش“ رہنے کی حوصلہافزائی کرتی ہے۔—یہوداہ ۴، ۱۶؛ رومیوں ۱۲:۱۲۔
اِن اصولوں پر عمل کرنے سے ہم نہ صرف اب دلی سکون اور اطمینان حاصل کریں گے بلکہ اِس سے ہمیں خدا کے تقاضوں پر پورا اُترنے اور اُس کی برکت حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ بائبل بیان کرتی ہے: ”صادق زمین کے وارث ہوں گے اور اُس میں ہمیشہ بسے رہیں گے۔“—زبور ۳۷:۲۹۔
[صفحہ ۵ پر تصویریں]
اکینوری جب وہ ملازمت کرتا تھا (بائیں جانب)، اب اپنی بیوی کیساتھ دوسروں کو بائبل کی سچائیاں سکھاتے ہوئے