مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

باغِ‌عدن کی اہمیت

باغِ‌عدن کی اہمیت

باغِ‌عدن کی اہمیت

بعض عالم باغِ‌عدن میں ہونے والے واقعات کے متعلق یہ اعتراض کرتے ہیں کہ بائبل کے باقی حصوں میں اِن کا کہیں ذکر نہیں ملتا۔‏ مثال کے طور پر ایک عالم پال مورس نے لکھا کہ ”‏پیدایش کی کتاب کے علاوہ بائبل کی باقی کتابوں میں باغِ‌عدن کے متعلق کوئی حوالہ نہیں ہے۔‏“‏ لیکن کیا اُس کا یہ اعتراض حقیقت پر مبنی ہیں؟‏

دراصل بائبل میں باغِ‌عدن،‏ آدم اور حوا اور سانپ کا بہت مرتبہ ذکر آیا ہے۔‏ * لہٰذا عالموں کا یہ اعتراض درست نہیں کہ بائبل کے باقی حصوں میں اِن کا ذکر نہیں ملتا۔‏ لیکن دیگر لوگوں نے تو اِس سے بھی بڑی غلطی کی ہے۔‏ مثال کے طور پر جب چرچ کے رہنما پیدایش میں درج واقعات پر شک کرتے ہیں تو اُن کے اراکین کی سوچ متاثر ہوتی ہے اور وہ بھی اِن واقعات پر شک کرتے ہیں۔‏ اِس کے علاوہ بائبل پر تنقید کرنے والے اِس نیت سے پیدایش کی سرگزشت پر اعتراض کرتے ہیں تاکہ لوگ پوری بائبل کے درست ہونے پر شُبہ کریں۔‏

دراصل پوری بائبل کو سمجھنے کے لئے باغِ‌عدن میں ہونے والے واقعات کو سمجھنا ضروری ہے۔‏ خدا کے کلام میں ایسے بہت سے اہم سوالوں کا جواب دیا گیا ہے جو انسانوں کے ذہن میں آتے ہیں۔‏ یہ جواب اکثر باغِ‌عدن میں ہونے والے واقعات سے تعلق رکھتے ہیں۔‏ آئیں اِس سلسلے میں چند مثالوں پر غور کریں۔‏

● ہم کیوں بوڑھے ہوتے اور مرتے ہیں؟‏ یہوواہ خدا نے کہا تھا کہ اگر آدم اور حوا اُس کے وفادار رہیں گے تو وہ ہمیشہ تک زندہ رہیں گے۔‏ لیکن اگر وہ اُس کی نافرمانی کریں گے تو اُن پر موت آئے گی۔‏ اِسی لئے جب اُنہوں نے خدا کے حکم کو توڑا تو وہ بوڑھے ہوئے اور مر گئے۔‏ (‏پیدایش ۲:‏۱۶،‏ ۱۷؛‏ ۳:‏۱۹‏)‏ وہ عیب‌دار اور گنہگار بن گئے اور اُن کی اولاد نے اُن سے گُناہ کا داغ ورثے میں پایا۔‏ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ ”‏ایک آدمی کے سبب سے گُناہ دُنیا میں آیا اور گُناہ کے سبب سے موت آئی اور یوں موت سب آدمیوں میں پھیل گئی اِس لئے کہ سب نے گُناہ کِیا۔‏“‏—‏رومیوں ۵:‏۱۲‏۔‏

● خدا نے بُرائی کی اجازت کیوں دی ہے؟‏ باغِ‌عدن میں شیطان نے خدا پر یہ الزام لگایا کہ وہ جھوٹا ہے اور اُس نے انسانوں کو اچھی چیزوں سے محروم رکھا ہوا ہے۔‏ (‏پیدایش ۳:‏۳-‏۵‏)‏ یوں شیطان نے یہ دعویٰ کِیا کہ خدا حکمرانی کرنے کا حق نہیں رکھتا ہے۔‏ آدم اور حوا نے شیطان کی بات مان کر یہوواہ کی حکمرانی کو ٹھکرا دیا اور یہ سوچ اپنائی کہ انسان اپنے اچھے بُرے کا فیصلہ خود کر سکتا ہے۔‏ یہوواہ خدا بہت ہی حکمت والا ہے اور پورا انصاف کرتا ہے۔‏ لہٰذا اُس نے یہ فیصلہ کِیا کہ انسانوں کو کچھ دیر تک ایک دوسرے پر حکومت کرنے کا وقت دیا جائے۔‏ لیکن شیطان کے زیرِہدایت انسانی حکمرانی ناکام ثابت ہوئی ہے جس کے نتیجے میں بُرائی میں اضافہ ہوا ہے۔‏ یہ اِس بات کا ثبوت ہے کہ انسان حکمرانی کرنے کے لائق نہیں ہے۔‏ خدا ہی اچھا اور جائز حکمران ہے۔‏—‏یرمیاہ ۱۰:‏۲۳‏۔‏

● زمین اور انسانوں کے لئے خدا کی مرضی کیا ہے؟‏ یہوواہ خدا نے عدن کے باغ کو بہت ہی خوبصورت بنایا۔‏ یوں اُس نے آدم اور حوا پر واضح کِیا کہ اُنہیں زمین کو ”‏معمور“‏ کرکے اِسے ایسے ہی خوبصورت بنانا ہے۔‏ (‏پیدایش ۱:‏۲۸‏)‏ پس خدا چاہتا ہے کہ زمین فردوس بن جائے اور اِس پر آدم اور حوا کی بےعیب اولاد آپس میں مل‌جُل کر رہے۔‏ بائبل میں یہ اُجاگر کِیا گیا ہے کہ خدا کی یہ مرضی کیسے پوری ہوگی۔‏

● یسوع مسیح زمین پر کیوں آیا تھا؟‏ باغِ‌عدن میں آدم اور حوا کے گُناہ کی وجہ سے اُنہیں اور اُن کی اولاد کو موت کی سزا ملی۔‏ لیکن خدا نے بڑی محبت سے اُنہیں بچانے کا بندوبست کِیا۔‏ اُس نے اپنے بیٹے کو زمین پر بھیجا تاکہ وہ انسانوں کو بچانے کے لئے اپنی جان کا فدیہ دے۔‏ (‏متی ۲۰:‏۲۸‏)‏ اِس میں کیا کچھ شامل تھا؟‏ یسوع مسیح کو بائبل میں ”‏پچھلا آدم“‏ کہا گیا ہے۔‏ آدم کے برعکس یسوع مسیح یہوواہ کا وفادار رہا۔‏ اُس نے خوشی سے اپنی جان فدیے کے طور پر دے دی تاکہ اِس کی بدولت انسانوں کو اُن کے گُناہوں سے معافی ملے۔‏ یوں وہ اُس زندگی کو حاصل کر سکیں جو آدم اور حوا گُناہ کرنے سے پہلے باغِ‌عدن میں گزارتے تھے۔‏ (‏۱-‏کرنتھیوں ۱۵:‏۲۲،‏ ۴۵؛‏ یوحنا ۳:‏۱۶‏)‏ لہٰذا یسوع مسیح کے فدیہ کے ذریعے زمین کے لئے خدا کی مرضی پوری ہوگی یعنی یہ باغِ‌عدن کی طرح فردوس بن جائے گی۔‏ *

پس بائبل میں تفصیل سے بتایا گیا ہے کہ زمین کے لئے خدا کی مرضی کیسے پوری ہوگی۔‏ جس طرح ماضی میں زمین پر باغِ‌عدن ایک حقیقی جگہ تھی اُسی طرح زمین پر دوبارہ سے حقیقی فردوس قائم ہوگا۔‏ اگر ہم خدا کی مرضی کے مطابق چلیں گے تو ہم اِس فردوس میں رہ سکیں گے۔‏ خدا چاہتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ انسان فردوس میں جائیں۔‏ اُس کی تو یہ خواہش ہے کہ وہ لوگ بھی فردوس میں جانے کے لائق بنیں جو بُرے کاموں میں پڑ گئے ہیں۔‏—‏۱-‏تیمتھیس ۲:‏۳،‏ ۴‏۔‏

مثال کے طور پر جس شخص کو یسوع مسیح کے ساتھ سولی دیا گیا تھا،‏ وہ ایک ڈاکو تھا۔‏ وہ جانتا تھا کہ اُس کی سزا بالکل واجب ہے۔‏ لیکن اُس نے تسلی اور اُمید حاصل کرنے کے لئے یسوع مسیح سے بات کی۔‏ یسوع مسیح نے اِس ڈاکو سے کہا کہ ”‏تُو میرے ساتھ فردوس میں ہوگا۔‏“‏ (‏لوقا ۲۳:‏۴۳‏)‏ اگر یسوع مسیح ایک ڈاکو کے لئے یہ چاہتا تھا کہ وہ عدن جیسے فردوس میں ہمیشہ کی زندگی حاصل کرے تو پھر یقیناً یسوع مسیح اور یہوواہ خدا آپ کے لئے بھی ایسا ہی چاہتے ہیں۔‏ اگر آپ فردوس میں رہنا چاہتے ہیں تو پھر یہوواہ خدا کے بارے میں سیکھیں جس نے باغِ‌عدن بنایا تھا۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 8 مسیح کے فدیے کے متعلق مزید جاننے کے لئے کتاب پاک صحائف کی تعلیم حاصل کریں کے باب ۵ کو دیکھیں۔‏ یہ کتاب یہوواہ کے گواہوں نے شائع کی ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۱۰ پر بکس/‏تصویریں]‏

بائبل کی ایک اہم پیشینگوئی

”‏مَیں تیرے [‏سانپ]‏ اور عورت کے درمیان اور تیری نسل اور عورت کی نسل کے درمیان عداوت ڈالوں گا۔‏ وہ تیرے سر کو کچلے گا اور تُو اُس کی ایڑی پر کاٹے گا۔‏“‏—‏پیدایش ۳:‏۱۵‏۔‏

یہ پہلی پیشینگوئی ہے جو خدا نے باغِ‌عدن میں کی تھی۔‏ اِس پیشینگوئی میں جس عورت،‏ عورت کی نسل،‏ سانپ اور سانپ کی نسل کا ذکر کِیا گیا ہے،‏ وہ دراصل کون ہیں؟‏ اِن کے درمیان عداوت کیسے نظر آتی ہے؟‏

سانپ

یہ شیطان ابلیس کی طرف اشارہ کرتا ہے۔‏—‏مکاشفہ ۱۲:‏۹‏۔‏

عورت

اِس سے مُراد فرشتوں پر مشتمل یہوواہ کی تنظیم ہے۔‏ (‏گلتیوں ۴:‏۲۶،‏ ۲۷‏)‏ یسعیاہ نبی نے اِس ”‏عورت“‏ کا ذکر کِیا تھا جس سے ایک روحانی قوم پیدا ہوگی۔‏—‏یسعیاہ ۵۴:‏۱؛‏ ۶۶:‏۸‏۔‏

سانپ کی نسل

یہ شیطان کی مرضی کے مطابق چلنے والے لوگ ہیں۔‏—‏یوحنا ۸:‏۴۴‏۔‏

عورت کی نسل

اِس سے مُراد خاص طور پر یسوع مسیح ہے جو یہوواہ کی آسمانی تنظیم میں سے آیا تھا۔‏ اِس ”‏نسل“‏ میں مسیح کے بھائی بھی شامل ہیں جو اُس کے ساتھ آسمان سے زمین پر حکمرانی کریں گے۔‏ ایک روحانی قوم یعنی ’‏خدا کا اسرائیل‘‏ اِنہی ممسوح مسیحیوں پر مشتمل ہے۔‏—‏گلتیوں ۳:‏۱۶،‏ ۲۹؛‏ ۶:‏۱۶؛‏ پیدایش ۲۲:‏۱۸‏۔‏

ایڑی پر کاٹنا

اِس کا مطلب مسیحا کی موت ہے۔‏ جب یسوع مسیح زمین پر آیا تو شیطان نے اُسے ہلاک کروا دیا۔‏ لیکن یسوع مسیح کو زندہ کر دیا گیا۔‏

سر کو کچلنا

یہ شیطان کی ہلاکت کی طرف اشارہ کرتا ہے۔‏ یسوع مسیح ہمیشہ کے لئے شیطان کو ختم کر دے گا۔‏ لیکن اِس سے پہلے یسوع مسیح اُس تمام بُرائی کو ختم کرے گا جو شیطان نے باغِ‌عدن میں شروع کی تھی۔‏—‏۱-‏یوحنا ۳:‏۸؛‏ مکاشفہ ۲۰:‏۱۰‏۔‏

بائبل کے پیغام کے متعلق مزید معلومات حاصل کرنے کے لئے کتاب خدا کا کلام—‏تمام انسانوں کے لئے ایک اہم پیغام کو پڑھیں۔‏ یہ کتاب یہوواہ کے گواہوں نے شائع کی ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۱۱ پر تصویر]‏

آدم اور حوا کو اپنے گُناہ کی بہت بھاری قیمت ادا کرنی پڑی۔‏