حقیقت جانیں اور فائدہ حاصل کریں
حقیقت جانیں اور فائدہ حاصل کریں
اِن مضامین میں ہم نے خدا کے بارے میں پانچ نظریات پر غور کِیا ہے جو بائبل کی روشنی میں جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔ شاید آپ بھی اِن میں سے کچھ نظریات کو مانتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ کو اِن نظریوں کو چھوڑنا مشکل لگے خاص طور اگر آپ بڑے عرصے سے اِن پر ایمان رکھتے آ رہے ہیں۔
شاید آپ اپنے مذہبی نظریوں کو چھوڑنے سے اِس لئے ہچکچا رہے ہیں کیونکہ آپ کے چرچ میں لوگوں کو منع کِیا جاتا ہے کہ وہ اپنے عقیدوں کو پاک کلام کی روشنی میں نہ پرکھیں۔ یا پھر آپ کے چرچ میں پادری جھوٹے نظریات کا دفاع کرنے کے لئے کہتے ہیں کہ بائبل تو بڑی مشکل کتاب ہے، اِسے سمجھنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں۔ لیکن یاد کریں کہ یسوع مسیح کے شاگرد بھی زیادہ پڑھےلکھے نہیں تھے۔ اِس کے باوجود وہ یسوع مسیح کی تعلیمات کو جلد سمجھ جاتے تھے۔—اعمال ۴:۱۳۔
شاید آپ اِس لئے بھی اپنے مذہبی عقیدوں کا بغور جائزہ لینے سے ہچکچائیں کیونکہ آپ کو لگتا ہے کہ ایسا کرنا شک کرنے کے برابر ہے۔ لیکن بائبل سب لوگوں کے لئے خدا کا پیغام ہے جس میں اُس نے اپنی مرضی کے بارے میں بتایا ہے۔ لہٰذا یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ آپ بائبل کو پڑھیں اور خدا آپ سے ناراض ہو؟ دراصل بائبل میں اُن لوگوں کو نیک کہا گیا ہے جو ”روزبروز کتابِمُقدس میں تحقیق کرتے تھے۔“—اعمال ۱۷:۱۱۔
بائبل کا مطالعہ کرنے سے نہ صرف آپ کے علم میں اضافہ ہوگا بلکہ آپ کی زندگی بھی زیادہ خوشگوار ہو جائے گی۔ (یوحنا ۸:۳۲) ڈئین جن کا ذکر پہلے مضمون میں ہوا ہے، وہ کہتی ہیں: ”جب مَیں بائبل کا مطالعہ کرنے لگی تو مجھے احساس ہوا کہ اِس کی سچائیاں کس قدر واضح ہیں۔ مَیں نے دیکھا کہ حالانکہ یہوواہ خدا کائنات کی سب سے بڑی ہستی ہے لیکن پھر بھی وہ ایک شفیق باپ کی طرح مجھ سے محبت کرتا ہے۔ اب میری زندگی بامقصد ہو گئی ہے۔“
شاید آپ نے پہلے بھی بائبل کا مطالعہ کِیا تھا لیکن آپ کو لگا کہ آپ کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ ہمت نہ ہاریں۔ ہو سکتا ہے کہ آپ نے جھوٹے عقیدوں کی بِنا پر بائبل کو پڑھا تھا اور اِس لئے آپ کو اِسے سمجھنا مشکل لگا۔ یہ تو ایسا ہی ہے جیسے آپ نے شلوار سینی ہو لیکن آپ کے پاس پینٹ کا نمونہ ہو۔ شاید آپ کپڑے کو کاٹ لیں اور سینا بھی شروع کر دیں لیکن پھر آپ کو احساس ہو کہ اِس طرح تو شلوار نہیں بنے گی اور آپ بیزار ہو کر شلوار سینے کا خیال ذہن سے نکال دیں۔ لیکن اگر آپ کے پاس شلوار کا نمونہ ہے تو آپ شلوار سی سکیں گے۔
کیا آپ سیکھنا چاہتے ہیں کہ پاک کلام میں خدا کے بارے میں کونسی سچائیاں پائی جاتی ہیں؟ یہوواہ کے گواہ پوری دُنیا میں لوگوں کے پاس جا کر اُنہیں مُفت بائبل کی تعلیم دیتے ہیں۔ اگر آپ بھی بائبل کی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اپنے علاقے میں رہنے والے یہوواہ کے گواہوں سے رابطہ کریں یا پھر اِس رسالے کے صفحہ چار پر کسی موزوں پتے پر لکھیں۔
[صفحہ ۹ پر عبارت]
’کتابِمُقدس میں تحقیق کریں کہ آیا یہ باتیں اِسی طرح ہیں۔‘—اعمال ۱۷:۱۱۔