سچائی جاننا کیوں اہم ہے؟
سچائی جاننا کیوں اہم ہے؟
”[تُم] سچائی سے واقف ہوگے اور سچائی تُم کو آزاد کرے گی۔“—یوحنا ۸:۳۲۔
بائبل میں ایسی سچائیاں پائی جاتی ہیں جو ہمیں یسوع مسیح کے بارے میں جھوٹے نظریات سے آزاد کرتی ہیں۔ لیکن کیا اِس بات کی کوئی اہمیت ہے کہ ہم یسوع مسیح کے بارے میں کیا مانتے ہیں؟ جیہاں۔ یہ یہوواہ خدا کے لئے اہم ہے اور یسوع مسیح کے لئے بھی۔ اِس لئے ہمیں بھی یسوع مسیح کے بارے میں سچائی جاننے کی کوشش کرنی چاہئے۔
● یہوواہ خدا کیوں چاہتا ہے کہ ہم سچائی جانیں؟ اِس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ”خدا محبت ہے۔“ (۱-یوحنا ۴:۸) وہ چاہتا ہے کہ ہم ہمیشہ تک زندہ رہیں اور زندگی سے لطف اُٹھائیں۔ یسوع مسیح نے کہا: ”خدا نے دُنیا [یعنی انسانوں] سے ایسی محبت رکھی کہ اُس نے اپنا اِکلوتا بیٹا بخش دیا تاکہ جو کوئی اُس پر ایمان لائے . . . ہمیشہ کی زندگی پائے۔“ (یوحنا ۳:۱۶) خدا نے اپنے بیٹے کو اِس لئے بھیجا تاکہ ہم گُناہ اور موت سے چھٹکارا حاصل کر سکیں اور ہمیشہ تک زمین پر زندہ رہ سکیں۔ دراصل انسانوں کے لئے خدا کا مقصد ہمیشہ سے یہی تھا۔ (پیدایش ۱:۲۸) خدا اُن لوگوں کو ہمیشہ کی زندگی دینا چاہتا ہے جو اُس کے بیٹے کے بارے میں سچائی سیکھتے ہیں اور اِس کے مطابق چلتے ہیں۔—رومیوں ۶:۲۳۔
● یسوع مسیح کیوں چاہتے ہیں کہ ہم سچائی جانیں؟ یسوع مسیح بھی انسانوں سے محبت کرتے ہیں۔ اُنہوں نے اپنی جان قربان کرنے سے ہمارے لئے اپنی محبت ظاہر کی۔ (یوحنا ۱۵:۱۳) وہ جانتے تھے کہ انسانوں کے لئے نجات کی راہ صرف وہ ہی کھول سکتے ہیں۔ (یوحنا ۱۴:۶) لہٰذا حیرانی کی کوئی بات نہیں کہ یسوع مسیح چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اُن کی قربانی سے فائدہ حاصل کریں۔ اِسی وجہ سے اُنہوں نے اپنے شاگردوں کو حکم دیا کہ وہ پوری دُنیا میں لوگوں کو خدا کی مرضی کے بارے میں تعلیم دیں۔—متی ۲۴:۱۴؛ ۲۸:۱۹، ۲۰۔
● ہمیں سچائی جاننے کی کوشش کیوں کرنی چاہئے؟ ذرا اُن باتوں کے بارے میں سوچیں جو آپ کی زندگی میں بہت اہمیت رکھتی ہیں، جیسے کہ آپ کی صحت اور آپ کے گھر والے۔ کیا آپ چاہتے ہیں کہ آپ صحتمند رہیں اور آپ اور آپ کے گھر والے خوشگوار زندگی گزاریں؟ آپ کی یہ آرزو پوری ہو سکتی ہے کیونکہ یہوواہ خدا بہت جلد دُکھتکلیف اور بیماری کو ختم کر دے گا۔ وہ یسوع مسیح کے ذریعے آپ کو یہ موقع دے رہا ہے کہ آپ اور آپ کے گھر والے اِس زمین پر ہمیشہ تک زندہ رہ سکیں۔ (زبور ۳۷:۱۱، ۲۹؛ مکاشفہ ۲۱:۳، ۴) اگر آپ اِس موقعے سے فائدہ اُٹھانا چاہتے ہیں تو آپ کو کیا کرنے کی ضرورت ہے؟
اِس مضمون کے شروع میں دی گئی آیت پر دوبارہ سے غور کریں۔ اِس میں لکھا ہے: ”[تُم] سچائی سے واقف ہوگے اور سچائی تُم کو آزاد کرے گی۔“ اگر ہم یسوع مسیح کے بارے میں سچائی سے واقف ہو جاتے ہیں اور اُن کے اہم کردار کو سمجھ جاتے ہیں تو ہم ایک ایسی غلامی سے آزاد ہو جائیں گے جس میں انسان ہزاروں سال سے جکڑا ہوا ہے یعنی گُناہ اور موت کی غلامی سے۔ لہٰذا یسوع مسیح کے بارے میں سچائی جاننے کے بہت سے فائدے ہوتے ہیں۔ اگر آپ بھی یہ فائدے حاصل کرنا چاہتے ہیں تو بائبل سے یسوع مسیح کے بارے میں اَور زیادہ سیکھنے کی کوشش کریں۔ یہوواہ کے گواہ اِس سلسلے میں خوشی سے آپ کی مدد کریں گے۔