مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ نے پوچھا .‏ .‏ .‏

پاک کلام میں کچھ لوگوں اور فرشتوں کا نام کیوں نہیں بتایا گیا؟‏

پاک کلام میں کچھ لوگوں اور فرشتوں کا نام کیوں نہیں بتایا گیا؟‏

پاک کلام میں ایک ایسے شخص کے بارے میں بتایا گیا ہے جس نے موسیٰ کی شریعت کے مطابق اپنا فرض ادا کرنے سے اِنکار کر دیا۔‏ اِس شخص کا نام بتانے کی بجائے بس یہ بتایا گیا ہے کہ وہ ایک اِسرائیلی عورت نعومی کا رشتےدار تھا۔‏ (‏روت 4:‏1-‏12‏)‏ کیا اِس سے ہمیں یہ نتیجہ اخذ کر لینا چاہئے کہ پاک کلام میں جن لوگوں کا نام لے کر ذکر نہیں کِیا گیا،‏ وہ سب بُرے تھے یا خدا کی نظر میں اُن کی اِتنی اہمیت نہیں تھی؟‏

جی‌نہیں۔‏ ذرا اِس مثال پر بھی غور کریں۔‏ ایک بار یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو ہدایت دی کہ وہ ”‏فلاں شخص“‏ کے پاس جائیں اور اُس کے گھر میں عیدِفسح کی تیاری کریں۔‏ (‏متی 26:‏18‏)‏ کیا یہ کہنا صحیح ہوگا کہ اِس آدمی کو ”‏فلاں شخص“‏ اِس لئے کہا گیا ہے کیونکہ وہ بُرا تھا یا وہ خدا کی نظر میں اہم نہیں تھا؟‏ بالکل نہیں۔‏ بِلاشُبہ یہ شخص یسوع مسیح کا شاگرد تھا۔‏ چونکہ اِس واقعے میں اِس شخص کے نام کا ذکر کرنا ضروری نہیں تھا اِس لئے اِس کا نام نہیں بتایا گیا۔‏

غور کریں کہ پاک کلام میں کئی بار ایسے لوگوں کے نام کا ذکر کِیا گیا ہے جنہوں نے بُرے کام کئے۔‏ مگر اِس میں خدا کے کچھ وفادار خادموں کا نام نہیں بتایا گیا۔‏ مثال کے طور پر پاک کلام میں حوا کے نام کا ذکر کِیا گیا ہے حالانکہ اُنہوں نے خدا کا حکم توڑا تھا اور آدم کو بھی ایسا کرنے پر اُکسایا تھا۔‏ اور اِس وجہ سے اِنسان آج تک اِتنی مصیبتیں اُٹھا رہے ہیں۔‏ (‏رومیوں 5:‏12‏)‏ حوا کے برعکس نوح کی بیوی نے خدا کا حکم ماننے میں اپنے شوہر کا ساتھ دیا اور وہ خدا کی وفادار رہیں لیکن پاک کلام میں اُن کا نام نہیں بتایا گیا۔‏ کیا اِس وجہ سے یہ نتیجہ اخذ کرنا صحیح ہوگا کہ خدا نوح کی بیوی کو پسند نہیں کرتا تھا یا اُس کی نظر میں اُن کی کوئی اہمیت نہیں تھی؟‏

پاک کلام میں ایسے اَور بھی بہت سے لوگوں کا ذکر کِیا گیا ہے جنہوں نے خدا کی خدمت کرنے کے سلسلے میں شان‌دار مثال قائم کی لیکن اُن کا نام نہیں بتایا گیا۔‏ ذرا ایک چھوٹی اِسرائیلی لڑکی کی مثال پر غور کریں۔‏ وہ اسوری فوج کے سپہ‌سالار نعمان کے گھر میں غلام تھی۔‏ نعمان کو کوڑھ کی بیماری تھی۔‏ اِس چھوٹی لڑکی نے نعمان کی بیوی کو خدا کے ایک نبی کے بارے میں بتایا جس نے نعمان کو ٹھیک کر دیا۔‏ (‏2-‏سلاطین 5:‏1-‏14‏)‏ پاک کلام میں خدا کے ایک وفادار بندے اِفتاح کی بیٹی کا بھی بغیر نام کے ذکر ہوا ہے۔‏ اُس نے اپنے باپ کے وعدے کی خاطر ساری عمر شادی نہیں کی اور خوشی سے خدا کی خدمت کرتی رہی۔‏ (‏قضاۃ 11:‏30-‏40‏)‏ اِس کے علاوہ پاک کلام میں 40 ایسے زبور درج ہیں جن کو لکھنے والوں کا نام نہیں بتایا گیا اور نہ ہی کچھ ایسے نبیوں کا نام بتایا گیا ہے جنہوں نے خدا کی راہ میں بہت اہم کام کئے۔‏—‏1-‏سلاطین 20:‏37-‏43‏۔‏

پاک کلام میں خدا کے بہت سے وفادار فرشتوں کا نام بھی نہیں بتایا گیا۔‏ حالانکہ آسمان پر کروڑوں فرشتے ہیں لیکن پاک کلام میں صرف دو فرشتوں یعنی جبرائیل اور میکائیل کا نام بتایا گیا ہے۔‏ (‏دانی‌ایل 7:‏10؛‏ لوقا 1:‏19؛‏ یہوداہ 9‏)‏ باقی فرشتوں کے نام نہیں بتائے گئے۔‏ مثال کے طور پر سمسون کے باپ منوحہ نے ایک فرشتے سے پوچھا:‏ ”‏تیرا نام کیا ہے؟‏ تاکہ جب تیری باتیں پوری ہوں تو ہم تیری تعظیم و تکریم کر سکیں۔‏“‏ اِس پر فرشتے نے اُن سے کہا:‏ ”‏تُو میرا نام مت پوچھ۔‏“‏ فرشتے نے اپنا نام بتانے سے اِس لئے اِنکار کر دیا کیونکہ وہ چاہتا تھا کہ لوگ صرف خدا کی تعظیم کریں۔‏—‏قضاۃ 13:‏17،‏ 18‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

خدا کے کلام میں یہ نہیں بتایا گیا کہ اِس میں بعض لوگوں کا نام کیوں بتایا گیا ہے اور بعض لوگوں کا ذکر اُن کے نام کے بغیر کیوں کِیا گیا ہے۔‏ البتہ ہم خدا کے اُن وفادار بندوں اور فرشتوں سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں جنہوں نے اپنے نام کی نہیں بلکہ خدا کے نام کی بڑائی چاہی۔‏