پاک کلام کی تعلیم زندگی سنوارتی ہے
مَیں نے سیکھ لیا کہ یہوواہ بہت ہی رحمدل اور معاف کرنے والا خدا ہے
-
پیدائش: 1954ء
-
پیدائش کا ملک: کینیڈا
-
ماضی: فراڈیا اور جوئےباز
میری سابقہ زندگی:
مَیں شہر مونٹریال کے ایک غریب علاقے میں پلا بڑھا۔ جب مَیں چھ مہینے کا تھا تو میرے ابو فوت ہو گئے جس کی وجہ سے امی کے کندھوں پر گھر کی ساری ذمےداری آ گئی۔ ہم آٹھ بہن بھائی تھے اور مَیں سب سے چھوٹا تھا۔
جب مَیں تھوڑا بڑا ہوا تو مَیں آئے دن منشیات لینے لگا، جُوا کھیلنے لگا، لوگوں سے مار پیٹ کرنے لگا اور غیرقانونی کام کرنے لگا۔ دس سال کی عمر میں مَیں جسم فروش عورتوں اور ایسے لوگوں کے لیے چھوٹے موٹے کام کرنے لگا جو لوگوں کو سُود پر پیسے دیتے تھے۔ مَیں اکثر جھوٹ بولتا تھا۔ اور لوگوں کو الگ الگ طرح سے ٹھگنے میں تو مجھے بہت ہی زیادہ مزہ آتا تھا۔ مجھے تو ایسا کرنے کی لت لگ گئی تھی۔
14 سال کی عمر تک مَیں لوگوں کو لُوٹنے میں ماہر ہو گیا۔ مثال کے طور پر مَیں بڑی تعداد میں ایسی گھڑیاں، بریسلٹ اور انگوٹھیاں خریدتا تھا جن پر سونے کا پانی چڑھا ہوتا تھا۔ پھر مَیں اِن پر 14 کیرٹ کا لیبل لگا کر اِنہیں سڑکوں پر اور شاپنگ مال کی اُن جگہوں پر بیچتا تھا جہاں لوگ اپنی گاڑیاں پارک کرتے تھے۔ مجھ پر راتوں رات پیسہ کمانے کا جنون سوار تھا۔ ایک بار تو مَیں نے ایک دن میں 10 ہزار کینیڈین ڈالر [تقریباً 1 لاکھ 24 ہزار روپے] کمائے!
مجھے ایک ایسے سکول میں ڈالا گیا جہاں بگڑے نوجوانوں کو سدھارا جاتا ہے۔ لیکن 15 سال کی عمر میں مجھے وہاں سے نکال دیا گیا۔ میرے پاس رہنے کی کوئی جگہ نہیں تھی اِس لیے مَیں کبھی سڑکوں پر، کبھی پارکوں میں تو کبھی کسی دوست کے گھر سوتا تھا۔
چونکہ مَیں لوگوں کو بہت ٹھگتا تھا اِس لیے پولیس اکثر پوچھگچھ کرنے کے لیے مجھے اُٹھا لے جاتی تھی۔ لیکن چونکہ مَیں چوری کا سامان نہیں بیچتا تھا اِس لیے اُنہوں نے مجھے جیل میں نہیں ڈالا۔ لیکن لوگوں کو ٹھگنے، فراڈ کرنے اور لائسنس کے بغیر چیزیں بیچنے کی وجہ سے مجھے اکثر بھاری جُرمانہ بھرنا پڑتا تھا۔ مجھے کسی کا ڈر نہیں تھا اِس لیے مَیں اُن لوگوں کے لیے کام کرتا رہا جو سُود پر پیسے دیتے تھے۔ یہ کام خطرے سے خالی نہیں تھا اِس لیے مَیں کبھی کبھار اپنے ساتھ پستول رکھتا تھا۔ کئی بار تو مَیں نے کچھ مُجرموں کے ساتھ مل کر غیرقانونی کام بھی کیے۔
پاک کلام کی تعلیم کا اثر:
مَیں نے بائبل کے بارے میں پہلی بار اُس وقت سیکھا جب میں 17 سال کا تھا۔ مَیں اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ رہ رہا تھا اور اُس نے یہوواہ کے گواہوں سے بائبل کورس کرنا شروع کِیا تھا۔ لیکن مَیں بائبل میں بتائے گئے اصولوں پر نہیں چلنا چاہتا تھا اِس لیے مَیں نے اُسے چھوڑ دیا اور ایک دوسری عورت کے ساتھ رہنے لگا جس کے ساتھ مَیں پہلے سے ہی ڈیٹنگ کر رہا تھا۔
لیکن میری زندگی تو اُس وقت بدلی جب میری دوسری گرل فرینڈ نے بھی یہوواہ کے گواہوں سے بائبل کورس کرنا شروع کر دیا۔ وہ اپنی زندگی میں بہت سی تبدیلیاں لائی۔ مَیں یہ دیکھ کر بڑا متاثر ہوا کہ وہ کتنی پُرسکون رہنے لگی ہے اور میرے ساتھ کتنے صبر سے پیش آنے لگی ہے۔ مَیں نے یہوواہ کے گواہوں کی عبادت میں جانے کی دعوت کو قبول کر لیا۔ وہاں میری ملاقات ایسے لوگوں سے ہوئی جو بہت ہی ملنسار اور اچھے تھے۔ گواہ اُن لوگوں سے بالکل فرق تھے جن کے ساتھ مَیں اُٹھتا بیٹھتا تھا۔ میرے گھر والوں کو تو میری کوئی پرواہ نہیں تھی۔ لیکن گواہوں کے بیچ رہ کر مَیں نے اُس محبت کو محسوس کِیا جس کے لیے مَیں بچپن سے ترستا تھا۔ لہٰذا جب گواہوں نے مجھے بائبل کورس کرنے کی پیشکش کی تو مَیں نے اِسے خوشی خوشی قبول کر لیا۔
مَیں بائبل سے جو کچھ سیکھ رہا تھا، اُس کی وجہ سے میری جان بچ گئی۔ دراصل جُوا کھیلنے کی وجہ سے مجھ پر 50 ہزار کینیڈین ڈالر [تقریباً 6 لاکھ روپے] کا قرض تھا جسے چُکانے کے لیے مَیں اپنے دو ساتھیوں کے ساتھ مل کر ڈکیتی ڈالنے کا پلان بنا رہا تھا۔ مَیں بہت خوش ہوں کہ مَیں ایسا کرنے سے پیچھے ہٹ گیا۔ مگر میرے اُن دو ساتھیوں نے ڈکیتی ڈالی جس کی وجہ سے اُن میں سے ایک کو گِرفتار کر لیا گیا جبکہ دوسرا جان سے مارا گیا۔
جیسے جیسے مَیں پاک کلام کی سچائیاں سیکھتا گیا، مَیں سمجھ گیا کہ مجھے اپنی زندگی میں بہت سی تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے۔ مثال کے طور پر مَیں نے سیکھا کہ پاک کلام میں 1-کُرنتھیوں 6:10 میں لکھا ہے کہ ”نہ چور، نہ لالچی، نہ شرابی، نہ وہ لوگ جو دوسروں کو ذلیل کرتے ہیں اور نہ ہی لُٹیرے خدا کی بادشاہت کے وارث ہوں گے۔“ جب مَیں نے اِس آیت کو پڑھا تو مَیں رونے لگا کیونکہ مجھے احساس ہوا کہ مَیں کتنے غلط کام کر رہا تھا۔ مَیں جان گیا کہ مجھے اپنے زندگی کو مکمل طور پر بدلنا ہوگا۔ (رومیوں 12:2) مَیں بہت ہی پُر تشدد اور غصیلا تھا اور میری پوری زندگی جھوٹ پر ٹکی ہوئی تھی۔
لیکن بائبل کا مطالعہ کرنے سے مَیں نے سیکھا کہ یہوواہ بہت ہی رحمدل اور معاف کرنے والا خدا ہے۔ (یسعیاہ 1:18) مَیں نے دل کی گہرائیوں سے اُس سے دُعا کی اور مَیں یہوواہ سے مِنتیں کرنے لگا کہ وہ میری مدد کرے تاکہ مَیں اپنی پُرانی زندگی کو چھوڑ سکوں۔ یہوواہ کی مدد سے مَیں آہستہ آہستہ اپنے اندر تبدیلیاں لانے کے قابل ہو گیا۔ میری زندگی میں ایک بہت بڑا بدلاؤ اُس وقت آیا جب مَیں نے اور میری گرل فرینڈ نے اپنی شادی کو رجسٹر کروایا۔
آج اگر مَیں زندہ ہوں تو صرف اِس لیے کیونکہ مَیں نے بائبل کے اصولوں پر عمل کِیا۔
24 سال کی عمر میں مَیں ایک شادیشُدہ شخص اور تین بچوں کا باپ تھا۔ مجھے اپنے گھر والوں کی ضرورتیں پوری کرنے کے لیے ایک ایسا کام ڈھونڈنا تھا جو قانونی طور پر جائز ہو۔ مَیں زیادہ پڑھا لکھا نہیں تھا اور نہ ہی میری سفارش کرنے والا کوئی تھا۔ اِس لیے مَیں نے ایک بار پھر دل کھول کر یہوواہ سے دُعا کی اور نوکری کی تلاش میں نکل پڑا۔ نوکری کے لیے اِنٹرویو دیتے وقت مَیں وہاں کے مالکوں سے کہتا تھا کہ مَیں اپنی زندگی بدلنا چاہتا ہوں اور کوئی ایمانداری والا کام کرنا چاہتا ہوں۔ کبھی کبھار تو مَیں اُنہیں یہ بھی بتاتا تھا کہ مَیں بائبل کی تعلیم حاصل کر رہا ہوں اور ایک اچھا شہری بننا چاہتا ہوں۔ کئی لوگوں نے مجھے نوکری پر رکھنے سے اِنکار کر دیا۔ مگر ایک دن جب مَیں نے ایک جگہ اِنٹرویو دیتے وقت کُھل کر اپنے ماضی کے بارے میں بتایا تو اِنٹرویو لینے والے شخص نے کہا: ”پتہ نہیں کیوں، مگر مجھے لگتا ہے کہ مجھے آپ کو نوکری پر رکھ لینا چاہیے۔“ مجھے یقین ہو گیا کہ یہوواہ نے مجھے میری دُعاؤں کا جواب دیا ہے۔ کچھ عرصے بعد مَیں نے اور میری بیوی نے یہوواہ کے گواہوں کے طور پر بپتسمہ لے لیا۔
میری زندگی سنور گئی:
آج اگر مَیں زندہ ہوں تو صرف اِس لیے کیونکہ مَیں نے بائبل کے اصولوں پر عمل کِیا اور ایک سچے مسیحی کے طور پر زندگی گزارنے لگا۔ مَیں اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ خوشیوں بھری زندگی گزار رہا ہوں اور ہم سب ایک دوسرے سے بہت محبت کرتے ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ یہوواہ نے مجھے معاف کر دیا ہے کیونکہ اب میرا ضمیر بالکل صاف ہے۔
مَیں پچھلے 14 سالوں سے لوگوں کو پاک کلام کی سچائیاں سکھانے میں ہر مہینے 70 گھنٹے صرف کرتا ہوں۔ حال ہی میں میری بیوی بھی اِس کام میں میرا ساتھ دے رہی ہے۔ پچھلے 30 سالوں کے دوران مَیں نے اپنے ساتھ کام کرنے والے 22 لوگوں کی مدد کی تاکہ وہ یہوواہ کو جان سکیں۔ اور اب وہ یہوواہ کی خدمت کر رہے ہیں۔ مَیں آج بھی شاپنگ مال جاتا ہوں لیکن لوگوں کو لُوٹنے نہیں۔ اب مَیں جب بھی وہاں جاتا ہوں تو اکثر مَیں لوگوں کو بائبل کی یہ سچائی بتاتا ہوں کہ بہت جلد ایک ایسی دُنیا قائم ہوگی جہاں دھوکےباز لوگوں کا نامونشان نہیں ہوگا۔—زبور 37:10، 11۔