چوکس رہیں!
دُنیا میں اِتنی زیادہ نفرت کیوں ہے؟—پاک کلام میں اِس حوالے سے کیا بتایا گیا ہے؟
خبریں جنگوں کے بارے میں رپورٹوں اور ایسی رپورٹوں سے بھری ہوئی ہیں جن میں لوگ تعصب کی وجہ سے دوسروں کے بارے میں نفرتبھری باتیں کہہ رہے ہیں یا اُن پر تشدد کر رہے ہیں یا پھر لوگوں کے فرق مذہب یا قوم سے ہونے کی وجہ سے اُن پر حملے کر رہے ہیں۔
”اِسرائیل اور غزہ کے بیچ ہونے والی لڑائی اور اِنتہاپسندی کی وجہ سے سوشل میڈیا پر اِتنی زیادہ نفرتبھری باتیں کہی جا رہی ہیں جتنی پہلے کبھی نہیں کہی گئیں۔“—دی نیو یارک ٹائمز، 15 نومبر 2023ء۔
”7 اکتوبر کے بعد سے پوری دُنیا میں نفرت اور تشدد اِس قدر بڑھ گیا ہے جتنا پہلے کبھی نہیں تھا۔“—ڈینس فرانسس، اقوامِمتحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر، 3 نومبر 2023ء۔
نفرتبھری باتیں، جنگ اور تشدد کوئی نئی چیز نہیں ہیں۔ خدا کے کلام میں ماضی کے ایسے لوگوں کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ جو ”اپنی زبان کو تلوار کی طرح تیز کرتے“ تھے اور جنگ اور تشدد کرنے کے لیے تیار رہتے تھے۔ (زبور 64:3؛ 120:7؛ 140:1) لیکن پاک کلام سے پتہ چلتا ہے کہ آجکل ہم جو نفرت دیکھ رہے ہیں، اُس کی ایک خاص وجہ ہے۔
نفرت—ہمارے زمانے کا ایک نشان
پاک کلام میں نفرت کے اِتنے عام ہونے کی دو وجوہات بتائی گئی ہیں۔
1. اِس میں ایک ایسے وقت کے بارے میں بتایا گیا تھا جب ”زیادہتر لوگوں کی محبت ٹھنڈی پڑ جائے گی۔“ (متی 24:12) ایک دوسرے کے لیے محبت دِکھانے کی بجائے لوگ ایسی خصلتیں دِکھائیں گے جن کی وجہ سے نفرت پھیلے گی۔—2-تیمُتھیُس 3:1-5۔
2. دُنیا میں اِس قدر نفرت اِس لیے پائی جاتی ہے کیونکہ اِس پر شیطان کا بہت زیادہ اثر ہے جو کہ ایک مکار اور اِنتہائی بُری ہستی ہے۔ پاک کلام میں لکھا ہے کہ ”پوری دُنیا شیطان کے قبضے میں ہے۔“—1-یوحنا 5:19؛ مُکاشفہ 12:9، 12۔
لیکن پاک کلام میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بہت جلد خدا نفرت کی وجوہات کو جڑ سے ختم کر دے گا۔ سب سے بڑھ کر وہ اُس سارے نقصان کو ٹھیک کر دے گا جو نفرت کی وجہ سے ہوا ہے۔ پاک کلام میں یہ وعدہ کِیا گیا ہے:
خدا ”اُن کے سارے آنسو پونچھ دے گا اور نہ موت رہے گی، نہ ماتم، نہ رونا، نہ درد۔ جو کچھ پہلے ہوتا تھا، وہ سب ختم ہو گیا۔“—مُکاشفہ 21:4۔