سبق 3
آپکو خدا کی بابت سیکھنے کی ضرورت ہے
خدا کا دوست بننے کیلئے آپکو اُسکی بابت سیکھنے کی ضرورت ہے۔ کیا آپکے دوست آپکا نام جانتے اور اسے استعمال کرتے ہیں؟ وہ ایسا کرتے ہیں۔ خدا بھی چاہتا ہے کہ آپ اُسکا نام جانیں اور اُسے استعمال کریں۔ خدا کا نام یہوواہ ہے۔ (زبور 83:18؛ متی 6:9) آپکو اُسکی پسند اور ناپسند کی بابت بھی سیکھنا چاہئے۔ آپکو اُسکے دوستوں اور دُشمنوں کی بابت جاننے کی ضرورت ہے۔ کسی کو پوری طرح جاننے کیلئے کچھ وقت لگتا ہے۔ بائبل بیان کرتی ہے کہ یہوواہ کی بابت سیکھنے کیلئے وقت نکالنا دانشمندی کی بات ہے۔—افسیوں 5:15، 16۔
خدا کے دوست وہی کام کرتے ہیں جس سے وہ خوش ہوتا ہے۔ اپنے دوستوں کی بابت سوچیں۔ اگر آپ اُن کیساتھ اچھا برتاؤ نہیں کرتے اور ایسے کام کرتے ہیں جن سے اُنہیں نفرت ہے تو کیا وہ آپ سے دوستی رکھیں گے؟ ہرگز نہیں! اسی طرح اگر آپ خدا سے دوستی رکھنا چاہتے ہیں تو آپ کو بھی وہی کام کرنے کی ضرورت ہے جن سے وہ خوش ہوتا ہے۔—یوحنا 4:24۔
تمام مذاہب خدا کیساتھ دوستی کا سبب نہیں بنتے۔ خدا کے قریبی دوست، یسوع نے دو راستوں کا ذکر کِیا تھا۔ ایک راستہ کشادہ ہے جس پر لاتعداد لوگ رواںدواں ہیں۔ یہ راستہ تباہی کی طرف جاتا ہے۔ دوسرا راستہ تنگ ہے اور اُس پر بہت تھوڑے لوگ چل رہے ہیں۔ یہ راستہ ہمیشہ کی زندگی کی طرف جاتا ہے۔ اِسکا یہ مطلب ہے کہ اگر آپ خدا سے دوستی رکھنا چاہتے ہیں تو آپکو اُسکی پرستش کا دُرست طریقہ سیکھنا چاہئے۔—متی 7:13، 14۔