سبق 9
خدا کے دوست کون ہیں؟
یسوع مسیح یہوواہ کا بیٹا اور اُس کا سب سے قریبی اور عزیز دوست ہے۔ زمین پر اپنی انسانی زندگی سے پہلے، یسوع آسمان پر ایک طاقتور روحانی مخلوق کے طور پر رہتا تھا۔ (یوحنا 17:5) اس کے بعد وہ لوگوں کو خدا کی بابت سچائی کی تعلیم دینے کے لئے زمین پر آیا۔ (یوحنا 18:37) اُس نے فرمانبردار انسانوں کو گُناہ اور موت سے بچانے کے لئے اپنی انسانی زندگی بھی قربان کر دی۔ (رومیوں 6:23) اس وقت یسوع خدا کی بادشاہت یعنی آسمانی حکومت کا بادشاہ ہے جو اس زمین کو فردوس بنا دیگی۔—مکاشفہ 19:16۔
فرشتے بھی خدا کے دوست ہیں۔ فرشتوں نے اپنی زندگیوں کا آغاز زمین پر انسانوں کے طور پر نہیں کِیا تھا۔ خدا نے زمین کو بنانے سے پہلے اُنہیں آسمان پر خلق کِیا تھا۔ (ایوب 38:4-7) فرشتوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ (دانیایل 7:10) خدا کے یہ آسمانی دوست چاہتے ہیں کہ لوگ یہوواہ کی بابت سچائی سیکھیں۔—مکاشفہ 14:6، 7۔
زمین پر بھی خدا کے دوست ہیں؛ خدا اُنہیں اپنے گواہ کہتا ہے۔ عدالت میں ایک گواہ وہی کچھ بتاتا ہے جو وہ کسی شخص یا چیز کے بارے میں جانتا ہے۔ یہوواہ کے گواہ یہوواہ اور اُس کے مقصد کی بابت جو کچھ جانتے ہیں وہ دوسروں کو بتاتے ہیں۔ (یسعیاہ 43:10) فرشتوں کی طرح، گواہ بھی یہوواہ کی بابت سچائی سیکھنے کیلئے آپ کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ آپ بھی خدا کے دوست بن جائیں۔