حصہ 1
خدا کی رہنمائی سے ازدواجی زندگی کو خوشگوار بنائیں
”جس نے اُنہیں بنایا اُس نے اِبتدا ہی سے اُنہیں مرد اور عورت [بنایا]۔“—متی 19:4
سب سے پہلی شادی یہوواہ a خدا نے کرائی۔ خدا کے کلام میں بتایا گیا ہے کہ اُس نے پہلی عورت یعنی حوا کو بنایا اور پھر ”اُسے آؔدم کے پاس لایا۔“ اِس پر آدم اِتنے خوش ہوئے کہ اُنہوں نے کہا: ”یہ تو اب میری ہڈیوں میں سے ہڈی اور میرے گوشت میں سے گوشت ہے۔“ (پیدایش 2:22، 23) آج بھی یہوواہ خدا چاہتا ہے کہ شادیشُدہ لوگ خوش رہیں۔
جب آپ کی شادی ہوتی ہے تو شاید آپ سوچیں کہ اب زندگی میں بس خوشیاں ہی خوشیاں ہوں گی۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہر میاںبیوی کو اپنی ازدواجی زندگی میں کچھ مسائل کا سامنا ہوتا ہے، چاہے وہ ایک دوسرے سے کتنی ہی محبت کیوں نہ کرتے ہوں۔ (1-کرنتھیوں 7:28) اِس کتاب میں خدا کے کلام سے ایسے اصول دیے گئے ہیں جن پر عمل کرنے سے آپ کی گھریلو زندگی خوشگوار ہو سکتی ہے۔—زبور 19:8-11۔
1 وہ کردار ادا کریں جو خدا نے آپ کو دیا ہے
خدا کا کلام کیا کہتا ہے؟ گھر کا سربراہ شوہر ہے۔—افسیوں 5:23۔
اگر آپ شوہر ہیں تو یہوواہ خدا آپ سے توقع کرتا ہے کہ آپ اپنی بیوی کا لحاظ رکھیں۔ (1-پطرس 3:7) اُس نے بیوی کو آپ کی مددگار کے طور پر بنایا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ آپ اُس کے ساتھ عزت اور محبت سے پیش آئیں۔ (پیدایش 2:18) آپ کو اپنی بیوی سے اِس قدر محبت رکھنی چاہیے کہ آپ اپنے فائدے سے زیادہ اُس کے فائدے کا سوچیں۔—افسیوں 5:25-29۔
اگر آپ بیوی ہیں تو یہوواہ خدا آپ سے توقع کرتا ہے کہ آپ اپنے ”شوہر کی عزت“ کریں اور اُس کا ساتھ دیں تاکہ وہ اپنے کردار کو اچھی طرح ادا کر سکے۔ (1-کرنتھیوں 11:3؛ افسیوں 5:33، اُردو جیو ورشن) اُس کے فیصلوں کی حمایت کریں اور خوشی سے اُس کے ساتھ تعاون کریں۔ (کلسیوں 3:18) اگر آپ ایسا کریں گی تو نہ صرف آپ کا شوہر بلکہ یہوواہ خدا بھی آپ کی بڑی قدر کرے گا۔—1-پطرس 3:1-6۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
-
اپنے جیونساتھی سے پوچھیں کہ ”مَیں اَور اچھی بیوی یا اَور اچھا شوہر کیسے بن سکتا ہوں؟“ اُس کی باتوں کو دھیان سے سنیں اور خود میں بہتری لانے کی ہر ممکن کوشش کریں۔
-
صبر سے کام لیں۔ وقت کے ساتھساتھ آپ سیکھ جائیں گے کہ آپ ایک دوسرے کو کیسے خوش رکھ سکتے ہیں۔
2 اپنے جیونساتھی کے احساسات کا لحاظ رکھیں
خدا کا کلام کیا کہتا ہے؟ آپ کو اپنے جیونساتھی کے فائدے کا خیال رکھنا چاہیے۔ (فلپیوں 2:3، 4) خدا چاہتا ہے کہ اُس کے بندے ’سب کے ساتھ نرمی کریں۔‘ لہٰذا آپ کو اپنے جیونساتھی کے ساتھ بھی نرمی سے پیش آنا چاہیے۔ (2-تیمتھیس 2:24) ”بےتامل [یعنی بِلاسوچےسمجھے] بولنے والے کی باتیں تلوار کی طرح چھیدتی ہیں“ اِس لیے سوچسمجھ کر بات کریں۔ (امثال 12:18) یہوواہ خدا کی پاک روح آپ کی مدد کرے گی تاکہ آپ اپنی باتوں سے مہربانی اور محبت ظاہر کر سکیں۔—گلتیوں 5:22، 23؛ کلسیوں 4:6۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
-
اپنے جیونساتھی کے ساتھ اہم معاملات پر بات کرنے سے پہلے خدا سے دُعا کریں تاکہ آپ اپنے جذبات کو قابو میں رکھ سکیں اور دوسرے کی رائے پر غور کرنے کو تیار رہیں۔
-
پہلے سے سوچیں کہ آپ کیا کہیں گے اور اِسے کیسے کہیں گے۔
3 ہر لحاظ سے متحد ہوں
خدا کا کلام کیا کہتا ہے؟ جب آپ کی شادی ہوتی ہے تو آپ اور آپ کا جیونساتھی ”ایک جسم“ بن جاتے ہیں۔ (متی 19:5) لیکن پھر بھی آپ الگ الگ شخصیت کے مالک ہیں اور بعض معاملوں میں آپ دونوں کی رائے فرق ہو سکتی ہے۔ لہٰذا آپ کو سیکھنا پڑے گا کہ آپ ایک جیسی سوچ کیسے اپنا سکتے ہیں۔ (فلپیوں 2:2) یہ بھی بہت اہم ہے کہ آپ مل کر فیصلے کریں۔ خدا کے کلام میں لکھا ہے: ”ہر ایک کام مشورۃ سے ٹھیک ہوتا ہے۔“ (امثال 20:18) اہم معاملات کے بارے میں فیصلہ کرتے وقت اِس بات پر غور کریں کہ خدا کے کلام میں اِس کے متعلق کیا رہنمائی دی گئی ہے۔—امثال 8:32، 33۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
-
اپنے جیونساتھی کے ساتھ صرف روزمرہ کے معاملات پر ہی بات نہ کریں بلکہ اُسے اپنے احساسات کے بارے میں بھی بتائیں۔
-
کوئی ایسا وعدہ کرنے سے پہلے جس کا آپ کے جیونساتھی پر اثر ہو، اُس سے مشورہ کریں۔
a یہوواہ بائبل کے مطابق خدا کا نام ہے۔