اِبلیس کہاں رہتا ہے؟
پاک کلام کا جواب
اِبلیس ایک روحانی مخلوق ہے اور وہ ایسے عالم میں رہتا ہے جسے اِنسان نہیں دیکھ سکتے۔ لیکن یہ کوئی ایسی جگہ نہیں ہے جہاں بُرے لوگوں کو آگ میں تڑپایا جاتا ہے جیسا کہ اِس مضمون کی تصویر میں دِکھایا گیا ہے۔
”آسمان پر جنگ“
کچھ عرصے کے لیے شیطان اِبلیس کو آسمان پر آنے جانے کی آزادی تھی، یہاں تک کہ وہ خدا کے وفادار فرشتوں کے ساتھ خدا کے حضور بھی جا سکتا تھا۔ (ایوب 1:6) لیکن بائبل میں بتایا گیا تھا کہ ”آسمان پر جنگ“ ہونی تھی جس میں شیطان کو آسمان سے نکال کر ”نیچے زمین پر پھینک دیا“ جانا تھا۔ (مکاشفہ 12:7-9) بائبل میں درج پیشگوئیوں اور دُنیا میں ہونے والے واقعات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ آسمان پر یہ جنگ ہو چُکی ہے۔ اب اِبلیس کو زمین تک محدود کر دیا گیا ہے۔
کیا اِس کا مطلب یہ ہے کہ اِبلیس ہماری زمین پر کسی مخصوص جگہ پر رہتا ہے؟ سچ ہے کہ قدیم شہر پرگمن کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ وہاں ”شیطان کا تخت ہے“ اور وہاں ”شیطان رہتا ہے۔“ (مکاشفہ 2:13) لیکن اِن اِصطلاحوں سے غالباً یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اُس شہر میں شیطان کی پرستش بہت عام تھی۔ بائبل میں لکھا ہے کہ اِبلیس کے پاس ’دُنیا کی تمام بادشاہتوں‘ کا اِختیار ہے۔ لہٰذا وہ زمین پر کسی مخصوص جگہ پر نہیں رہتا۔—لُوقا 4:5، 6۔