کیا خدا نے قسمت کے ذریعے پہلے سے طے کِیا ہوا ہے کہ ہم کیا کریں گے یا کیا ہم اپنی مرضی سے فیصلے کر سکتے ہیں؟
پاک کلام کا جواب
خدا نے ہمیں حق دیا ہے کہ ہم اپنی مرضی سے فیصلے کریں نہ کہ خدا یا قسمت یہ طے کرے کہ ہم کیا کریں گے اور کیا نہیں۔ غور کریں کہ خدا کے کلام سے یہ بات کیسے واضح ہوتی ہے۔
خدا نے اِنسانوں کو اپنی صورت پر بنایا ہے۔ (پیدایش 1:26) ہم جانوروں کی طرح نہیں ہیں جو کہ عموماً فطری طور پر کام کرتے ہیں۔ اُن کے برعکس ہم خدا جیسی خوبیاں ظاہر کرنے کے قابل ہیں جیسے کہ محبت اور اِنصاف۔ اور خدا کی طرح ہم اپنی مرضی سے فیصلے کرنے کے قابل بھی ہیں۔
بڑی حد تک ہم اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکتے ہیں۔ بائبل میں ہماری حوصلہافزائی کی گئی ہے کہ ہم خدا کے حکموں پر عمل کرنے سے ’زندگی کو چُن لیں۔‘ (اِستثنا 30:19، 20، کیتھولک ترجمہ) اگر ہمیں اپنی مرضی سے فیصلے کرنے کی آزادی نہ ہوتی تو اِس پیشکش کا تو کوئی مطلب ہی نہ بنتا، یہاں تک کہ یہ تو ہم پر ظلم ہوتا۔ خدا ہمیں اِس بات پر مجبور نہیں کرتا کہ ہم وہ کریں جو وہ کہہ رہا ہے۔ اِس کی بجائے اُس نے بڑے پیار سے کہا ہے: ’اگر تُم میرے حکموں پر دھیان دو تو تمہارا سکون دریا کی طرح ہوگا۔‘—یسعیاہ 48:18، ترجمہ نئی دُنیا۔
ہماری کامیابی یا ناکامی کا تعلق قسمت سے نہیں۔ اگر ہم کسی کام میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں سخت محنت کرنی ہوگی۔ پاک کلام میں لکھا ہے: ”جو کام تیرا ہاتھ کرنے کو پائے اُسے مقدور بھر [یعنی پوری طاقت سے] کر۔“ (واعظ 9:10) اِس میں یہ بھی لکھا ہے: ”محنتی شخص کے منصوبے منافعبخش ہوتے ہیں۔“—امثال 21:5، نیو اُردو بائبل ورشن۔
اپنی مرضی سے فیصلے کرنے کی آزادی خدا کی طرف سے ایک نعمت ہے کیونکہ اِس کی وجہ سے ہم خود یہ فیصلہ کر سکتے ہیں کہ ہم ”سارے دل سے“ خدا سے محبت کریں گے۔—متی 22:37۔
کیا سب کچھ خدا کے ہاتھ میں نہیں؟
پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ خدا قادرِمطلق ہے۔ مطلب یہ کہ وہ بےحد طاقتور ہے۔ (ایوب 37:23؛ یسعیاہ 40:26) لیکن وہ اِس طاقت کو سب کچھ اپنے ہاتھ میں رکھنے کے لیے اِستعمال نہیں کرتا۔ مثال کے طور پر پاک کلام میں بتایا گیا ہے کہ خدا نے قدیم بابل کے لوگوں کے حوالے سے ”ضبط“ سے کام لیا حالانکہ وہ خدا کے بندوں کے دُشمن تھے۔ (یسعیاہ 42:14) اِسی طرح وہ آج بھی اُن لوگوں کو برداشت کر رہا ہے جو اپنی مرضی سے فیصلے کرنے کی آزادی کا غلط اِستعمال کر کے دوسروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ لیکن خدا اِن لوگوں کو ہمیشہ تک برداشت نہیں کرے گا۔—زبور 37:10، 11۔