میری زندگی کے سلسلے میں خدا کی مرضی کیا ہے؟
پاک کلام کا جواب
خدا کی مرضی یہ ہے کہ آپ اُسے ایک حقیقی ہستی کے طور پر جانیں، اُس کے قریب جائیں اور پھر پورے دل سے اُس سے محبت کریں اور اُس کی خدمت کریں۔ (متی 22:37، 38؛ یعقوب 4:8) آپ یسوع مسیح کی زندگی اور تعلیمات سے خدا کی مرضی پر چلنا سیکھ سکتے ہیں۔ (یوحنا 7:16، 17) یسوع مسیح نے خدا کی مرضی کے بارے میں صرف تعلیم نہیں دی بلکہ اِس کے مطابق زندگی بھی گزاری۔ اُنہوں نے کہا کہ ”مَیں ... اپنی مرضی کرنے نہیں بلکہ اپنے بھیجنے والے کی مرضی پر چلنے آیا ہوں۔“—یوحنا 6:38۔
کیا مجھے خدا کی مرضی جاننے کے لیے کسی خاص نشان، رُویا یا بلاوے کی ضرورت ہے؟
نہیں کیونکہ بائبل میں بتایا گیا ہے کہ خدا اِنسانوں سے کیا چاہتا ہے۔ اِس میں وہ سب کچھ بتایا گیا ہے جو ”ہر اچھے کام کے لیے تیار“ ہونے کے سلسلے میں ضروری ہے۔ (2-تیمُتھیُس 3:16، 17) خدا چاہتا ہے کہ آپ اُس کی مرضی جاننے کے لیے بائبل کے ساتھ ساتھ اپنی ”سوچنے سمجھنے کی صلاحیت“ کو بھی اِستعمال کریں۔—رومیوں 12:1، 2؛ اِفسیوں 5:17۔
کیا مَیں واقعی خدا کی مرضی پر چل سکتا ہوں؟
جی بالکل کیونکہ بائبل میں لکھا ہے: ”[خدا] کے حکم سخت نہیں۔“ (1-یوحنا 5:3، اُردو ریوائزڈ ورشن) اِس کا یہ مطلب نہیں کہ خدا کے حکم ماننا ہمیشہ آسان ہوتا ہے۔ لیکن آپ خدا کے حکم ماننے کے لیے جو کوششیں کریں گے، وہ اُن فائدوں کے مقابلے میں کچھ بھی نہیں جو آپ کو اِس کے نتیجے میں حاصل ہوں گے۔ یسوع مسیح نے کہا: ”وہ شخص برکت والا ہے جو خدا کے کلام کو سنتا ہے اور اُس پر عمل کرتا ہے۔“—لُوقا 11:28۔