گھریلو زندگی کو خوشگوار بنائیں
اپنے جیون ساتھی سے محبت کا اِظہار کرتے رہیں
ہر گزرتے سال کے ساتھ کچھ شادی شُدہ جوڑے ایک دوسرے سے محبت کا اِظہار کرنا کم کر دیتے ہیں۔ اگر آپ کی شادی شُدہ زندگی میں بھی کچھ ایسی ہی صورتحال ہے تو آپ کو کیا کرنا چاہیے؟
اِن باتوں کو ذہن میں رکھیں
شادی کے بندھن کو مضبوط رکھنے کے لیے محبت لازمی ہے۔ جس طرح باقاعدگی سے کھانا کھانے اور پانی پینے سے ہمارا جسم تندرست وتوانا رہتا ہے، بالکل اُسی طرح جب شوہر اور بیوی ایک دوسرے کے لیے محبت ظاہر کرتے رہتے ہیں تو اُن کا بندھن مضبوط رہتا ہے۔ شادی کے کئی سال بعد بھی میاں بیوی کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ وہ ایک دوسرے کو یقین دِلاتے رہیں کہ وہ اپنے ساتھی سے کتنا پیار کرتے ہیں اور اُس کی کتنی پرواہ کرتے ہیں۔
سچی محبت خودغرض نہیں ہوتی۔ سچی محبت کرنے والا شخص اپنے جیون ساتھی کی خوشی چاہتا ہے۔ اِس لیے وہ صرف اُس وقت اپنے جیون ساتھی سے محبت کا اِظہار نہیں کرتا جب اُس کا اپنا دل چاہتا ہے بلکہ اُس وقت بھی محبت ظاہر کرنے کی پوری کوشش کرتا ہے جب اُسے محسوس ہوتا ہے کہ اُس کے جیون ساتھی کو محبت کی ضرورت ہے۔
عام طور پر شوہروں کی نسبت بیویوں میں یہ خواہش زیادہ ہوتی ہے کہ اُن سے محبت کا اِظہار کِیا جائے۔ ہو سکتا ہے کہ ایک شوہر اپنی بیوی سے بڑی محبت کرتا ہو۔ لیکن اگر وہ صرف کام پر جانے سے پہلے اور کام سے آ کر یا بس جنسی تعلقات سے پہلے محبت کا اِظہار کرتا ہے تو شاید اُس کی بیوی سوچے کہ کیا اُس کا شوہر واقعی اُس سے پیار کرتا ہے۔ اِس لیے بہتر ہوگا کہ شوہر دن کے دوران اکثر اپنی بیوی سے محبت کا اِظہار کرے۔
آپ کیا کر سکتے ہیں؟
اپنی باتوں سے محبت ظاہر کریں۔ آپ چھوٹی چھوٹی باتوں سے بھی اپنے جیون ساتھی کو اپنی محبت کا احساس دِلا سکتے ہیں جیسے کہ ”مَیں آپ سے بہت پیار کرتا ہوں“ یا ”آپ میرے لیے بہت اہم ہیں۔“
پاک کلام کا اصول: ”جو دل میں بھرا ہوتا ہے، وہی زبان پر آتا ہے۔“—متی 12:34۔
تجویز: صرف بول کر ہی نہیں بلکہ اپنے جیون ساتھی کے لیے کارڈ لکھ کر، ای میل یا میسج بھیج کر بھی اُس سے اپنی محبت کا اِظہار کریں۔
اپنے کاموں سے محبت ظاہر کریں۔ اپنے جیون ساتھی کو گلے لگانے، چُومنے یا ہاتھ پکڑنے سے آپ ظاہر کر سکتے ہیں کہ آپ واقعی اُس سے پیار کرتے ہیں۔ اپنے جیون ساتھی کے ساتھ بیٹھنے، اُسے مسکرا کر دیکھنے یا اُسے کوئی تحفہ دینے سے بھی محبت کا اِظہار کِیا جا سکتا ہے۔ آپ گھر کے کام کاج میں اپنی بیوی کی مدد کرنے سے بھی ایسا کر سکتے ہیں جیسے کہ سامان اُٹھانا، اُس کے لیے دروازہ کھولنا، برتن یا کپڑے دھونا یا اُس کے لیے کھانا پکانا وغیرہ۔ بہت سی بیویوں کے لیے یہ چھوٹے چھوٹے کام صرف مدد نہیں بلکہ محبت کا اِظہار ہوتے ہیں۔
پاک کلام کا اصول: ”ہمیں زبانی کلامی [ہی] نہیں بلکہ کاموں اور سچائی سے محبت ظاہر کرنی چاہیے۔“—1-یوحنا 3:18۔
تجویز: اپنے جیون ساتھی کا اُتنا ہی خیال رکھیں جتنا آپ شادی سے پہلے یا اُس وقت رکھتے تھے جب آپ کی نئی نئی شادی ہوئی تھی۔
ایک دوسرے کے لیے وقت نکالیں۔ ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزارنے سے آپ کا بندھن مضبوط ہوگا اور آپ کے جیون ساتھی کو یہ احساس ہوگا کہ آپ کو اُس کے ساتھ وقت گزارنا اچھا لگتا ہے۔ لیکن اگر آپ کے بچے ہیں یا آپ کی اَور بھی ذمےداریاں ہیں تو شاید آپ کو اپنے جیون ساتھی کے لیے وقت نکالنا مشکل لگے۔ ایسی صورت میں آپ دونوں باقاعدگی سے کہیں چہل قدمی پر جا سکتے ہیں۔
پاک کلام کا اصول: ”معلوم کرتے رہیں کہ کون سی باتیں زیادہ اہم ہیں۔“—فِلپّیوں 1:10۔
تجویز: کچھ شادی شُدہ جوڑے جن کی زندگی بہت مصروف ہوتی ہے، اکثر شام کو یا چھٹی والے دن اِکٹھے وقت گزارتے ہیں۔
اپنے جیون ساتھی کو سمجھیں۔ ہر شخص ایک دوسرے سے فرق ہوتا ہے۔ اِس لیے اپنے جیون ساتھی سے پوچھیں کہ آپ کن طریقوں سے اُس کے لیے محبت ظاہر کر سکتے ہیں اور آپ اِس سلسلے میں کہاں بہتری لا سکتے ہیں۔ پھر اپنے جیون ساتھی کی خواہشات کے مطابق اپنی محبت کا اِظہار کریں۔ یاد رکھیں کہ شادی کے بندھن کو مضبوط رکھنے کے لیے محبت لازمی ہے۔
پاک کلام کا اصول: ”محبت ... مطلبی نہیں ہوتی۔“—1-کُرنتھیوں 13:4، 5۔
تجویز: یہ توقع کرنے کی بجائے کہ آپ کا جیون ساتھی آپ سے محبت کا اِظہار کرے، خود سے پوچھیں: ”مَیں کیا کر سکتا ہوں تاکہ میرا جیون ساتھی میرے لیے اَور بھی زیادہ محبت ظاہر کرے؟“